کراچی میں بلوچستان کی ٹھنڈی ہواؤں کا زور ٹوٹ گیا

اسٹاف رپورٹر  منگل 1 دسمبر 2020
اگلے چند روز کے دوران شمال مشرقی سمت کے بجائے بیشتر وقت سمندر کی جنوب مغربی ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ فوٹو:فائل

اگلے چند روز کے دوران شمال مشرقی سمت کے بجائے بیشتر وقت سمندر کی جنوب مغربی ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ فوٹو:فائل

 کراچی: مغربی سلسلے کے اثرات زائل ہونا شروع ہوگئے، شہر کا مجموعی درجہ حرارت بڑھ  گیا، منگل کو کم سے کم پارہ 13.5 اور زیادہ سے زیادہ 33ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں کئی روز سے مغربی سلسلے کے اثرات بتدریج کم ہورہے ہیں، بلوچستان کی شمال مشرقی خنک ہواؤں کا زور ٹوٹ گیا ہے، منگل کو مطلع صاف رہا جبکہ دن کے وقت دھوپ بھی نکلی، منگل کو کم سے کم پارہ 13.5 جبکہ زیادہ سے زیادہ 33 ڈگری ریکارڈ ہوا جب کہ صبح کے وقت نمی کا تناسب 50 اور شام کو 29 فیصد رہا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مشرقی سمت سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 13 کلومیٹر فی گھنٹہ رہی، اگلے چند روز کے دوران شمال مشرقی سمت کے بجائے بیشتر وقت سمندر کی جنوب مغربی ہوائیں چلنے کا امکان ہے جس کے سبب درجہ حرارت میں اضافہ ہونے کی توقع ہے۔ بدھ کو مطلع خشک اور رات میں خنک رہنے، کم سے کم درجہ حرارت 13 سے 15 اور زیادہ سے زیادہ 31 سے 33 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔