اسرائیل فلسطین میں عالمی قوانین کی خلاف ورزی کا مرتکب ہو رہا ہے، اقوام متحدہ

ویب ڈیسک  بدھ 2 دسمبر 2020
اسرائیلی اقدامات سے تنازع کے حل کے امکانات کو کم کردیا ہے، انتوںیو گٹیرس (فوٹو: فائل)

اسرائیلی اقدامات سے تنازع کے حل کے امکانات کو کم کردیا ہے، انتوںیو گٹیرس (فوٹو: فائل)

جنیوا: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گٹیرس نے متنبہ کیا کہ اسرائیل کی فلسطین کی سرزمین پر تعمیرات اور توسیع عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں جس سے حالات مزید کشیدہ ہوجائیں گے۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر ورچوئل میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گیٹرس کا کہنا تھا کہ اسرائیل مغربی کنارے کے الحاق کے لیے باضابطہ منصوبے کے تحت مقبوضہ علاقے میں یہودیوں کی واحد آباد کاری میں توسیع کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری نے مزید کہا کہ اسرائیل کے عزائم تشویشناک ہیں، مغربی کنارے پر تعمیرات اور یہودی آبادکاریاں گزشتہ چار برسوں کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں جس سے مذاکرات کے ذریعے تنازعے کے حل کے امکانات کم ہوتے جا رہے ہیں جب کہ کورونا وائرس کی وبائی صورت حال نے پہلے سے انتہائی سنگین صورت حال کو مزید خراب کردیا ہے۔

انتونیو گٹیرس نے مزید کہا کہ پر تشدد کارروائیاں، غزہ میں آزادانہ نقل و حمل پر پابندی، اشتعال انگیزی اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ اسرائیل کے توسیع پسندانہ اقدامات عالمی قوانین کے منافی ہیں جن سے متمول فلسطینی ریاست کے قیام کے امکانات مجروح ہوجاتے ہیں۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے تحت ہر سال فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ یہ دن منانے کے لیے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں 2 دسمبر 1977 کو ایک قرارداد منظور کی گئی تھی اور تب سے یہ سلسلہ جاری ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔