اسحاق ڈار جیسے سیاست دانوں کو سیاسی تاریخ میں بدنما داغ تصور کرنا چاہیے، اداکار شان شاہد

ویب ڈیسک  بدھ 2 دسمبر 2020
کہ کوئی کتنا ہی مالدار کیوں نہ ہوجائے جھوٹ کی جیت کبھی نہیں ہوتی، شان شاہد۔ فوٹو:فائل

کہ کوئی کتنا ہی مالدار کیوں نہ ہوجائے جھوٹ کی جیت کبھی نہیں ہوتی، شان شاہد۔ فوٹو:فائل

 لاہور: اداکار شان شاہد کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار جیسے سیاست دانوں کوملکی سیاسی تاریخ میں بدنما داغ تصور کرنا چاہیے۔

شان شاہد نے اسحاق ڈار کے برطانوی نشریاتی ادارے کو دیئے گئے انٹرویو سے متعلق اپنی ٹوئٹ میں اسحاق ڈار کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ اپنے وجود کی گہرائی تک بے شرم ہیں، میری خواہش ہے کہ پاکستانی ادارے ایسے لوگوں کا سخت احتساب کریں، کیونکہ نہ صرف یہ پاکستان کو بدنام کررہے ہیں بلکہ ہمارے اقدار پر سوالیہ نشان بن چکے ہیں، یعنی ’کرپشن کرنا ہی بڑی کامیابی ہے۔‘

اداکار شان شاہد کا کہنا تھا کہ بدعنوان افراد کو سلاخوں کے پیچھے ڈال کر ان سے تمام جائیداد اور مال واپس لینا چاہیے جو انہوں نے اپنی روح کو فروخت کرکے بنائے ہیں، ان کے جھوٹ ایسے ہیں جو سچ کے دامن کو تار تار کردیتے ہیں، انہیں پاکستانی سیاسی تاریخ پر ایک بدنما داغ تصور کرنا چاہیے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: ملک کے معاشی بحران کے پیش نظرہم سب کو ایک ہوجانا چاہیے، شان شاہد

شان شاہد نے یہ بھی کہا کہ ایک دیوارِ بے شرمی بناکر ان کے نام اس پر لکھے جانے چاہیئں جوہمیشہ موجود رہیں تاکہ قوم جان سکیں کہ کوئی کتنا ہی مالدار کیوں نہ ہوجائے جھوٹ کی جیت کبھی نہیں ہوتی اور نہ ہوگی۔ اس کا شعور پہنچایا جائے کہ ایمانداری اور سچائی ہی ہماری اصل اقدار ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے پاکستان زندہ باد بھی لکھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔