ایل ڈی اے کی 4 ہزار سستے اپارٹمنٹس تعمیر کرنے کی منظوری

ویب ڈیسک  جمعرات 3 دسمبر 2020
چار منزلہ اپارٹمنٹس کے125بلاک تعمیر کیے جائیں گے۔ فوٹو : فائل

چار منزلہ اپارٹمنٹس کے125بلاک تعمیر کیے جائیں گے۔ فوٹو : فائل

 لاہور: ایل ڈی اے نے 10ارب روپے سے 4 ہزار سستے اپارٹمنٹس تعمیر کرنے کی منظوری دیدی۔

وائس چیئرمین ایس ایم عمران کی زیر صدارت ایل ڈی اے کی گورننگ باڈی کا ساتواں اجلاس ہوا جس میں 10ارب روپے کی لاگت سے 4 ہزار سستے اپارٹمنٹس تعمیر کرنے اور 35 ہزار اپارٹمنٹس تعمیر کرنے کے لیے مختص ساڑھے آٹھ ہزار کنال اراضی پر انفراسٹرکچر کی تعمیر کے لیے تقریباً20ارب روپے کے پی سی ون کی منظوری دی گئی، یہ اپارٹمنٹ موضع ہلوکی میں 563کنال اراضی پر ایک سال میں تعمیر کیے جائیں گے۔

چار منزلہ اپارٹمنٹس کے125بلاک تعمیر کیے جائیں گے اور بلاک32رہائشی یونٹوں پر مشتمل ہوگا جب کہ یہاں متعدد مساجد بھی تعمیر کی جائیں گی۔ اجلاس میں ایل ڈی اے سٹی نیا پاکستان اپارٹمنٹس  کی تعمیر کو قابل عمل منصوبہ بنانے کے لیے پیش کیے جانے والے فنانشل ماڈل کی بھی منظوری دی گئی جب کہ اپارٹمنٹس خریدنے کے خواہشمند افراد کے لیے نیا پاکستان ہاﺅسنگ اتھارٹی قومی بینکوں کی طرف سے مارگیج فنانسنگ کی سہولت کی فراہمی کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔

اس کے علاوہ اپارٹمنٹس خریدنے کے خواہشمند افراد کو صرف 10 فیصد ڈاﺅن پیمنٹ کرنا ہوگی جب کہ 80فیصد لاگت بینکوں کی طرف سے ایسکرو(ESCRO)اکاﺅنٹ میں منتقل کی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔