فلمی صنعت کی ترقی وبحالی موجودہ حکومت کی ترجیح ہے، شبلی فراز

ویب ڈیسک  جمعرات 3 دسمبر 2020
فلمیں صرف تفریج نہیں بلکہ معاشرتی اصلاح اور تربیت کا باعث بنتی ہیں، وزیر اطلاعات و نشریات۔ فوٹو:فائل

فلمیں صرف تفریج نہیں بلکہ معاشرتی اصلاح اور تربیت کا باعث بنتی ہیں، وزیر اطلاعات و نشریات۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا کہ فلمی صنعت کی ترقی و بحالی پاکستان تحریک انصاف حکومت کی ترجیح ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات سنیٹر شبلی فرازسے پاکستان فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقاتی ہے۔ وفد نے وزیراطلاعات کو فلمی صنعت کو درپیش مسائل سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا کہ ہم فلم سازی کو بہتر بنانا چاہتے ہیں اس ضمن میں حکومت کا تعاون درکار ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ فلمی صنعت کی ترقی و بحالی پاکستان تحریک انصاف حکومت کی ترجیح ہے، دیگر اداروں کی طرح اس شعبے کو بھی نئے دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونا ہو گا کیوں کہ جو ادارے خود کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نہیں کرتے وہ اہمیت کھو دیتے ہیں، فلمی صنعت کے فروغ دینے کے لئے پرعزم ہیں اس ضمن میں وزارت اطلاعات کے شعبہ فلم کو مزید فعال اور موثر بنا رہے ہیں۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کا ویژن ہے کہ فلموں کے ذریعے اپنی ثقافت اور اقدار کو اجاگر کیا جائے کیوں کہ فلمیں صرف تفریح نہیں بلکہ معاشرتی اصلاح اور تربیت کا باعث بنتی ہیں، ہمیں فلموں کے ذریعے اپنے قومی ورثے اور ثقافت کے تحفظ کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت تشخص روشناس کرانا ہے اور آئندہ نسلوں کواپنی تاریخ اور مشاہیر سے متعارف کرانا ہے اس ضمن میں حکومت فلمی صنعت کو ہر ممکن سہولیات دینے کے لئے تیار ہے۔

وزیراطلاعات نے مزید کہا کہ فلمسازی کے مراحل میں شامل اسکرپٹ رائٹرز‘ موسیقاروں سمیت تمام ہنر مندوں کو اُن کے کام کا مناسب معاوضہ ملنا چاہیے۔ فلمی صنعت سے وابستہ مسائل کے حل کے لئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔