پاکستانی جہازوں کی برطانیہ اور یورپ داخلے پر پابندی تاحال برقرار

ویب ڈیسک  جمعرات 3 دسمبر 2020
ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی کو لکھے گئے خط میں ایک بار پھر پائلٹ لائسنس اجراء پر تحفظات کا اظہار کیا گیا

ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی کو لکھے گئے خط میں ایک بار پھر پائلٹ لائسنس اجراء پر تحفظات کا اظہار کیا گیا

یورپی کمیشن نے ایک بار پھر پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کو فیصلے سے آگاہ کردیا ہے کہ پاکستانی جہازوں  پر بر طانیہ اور یورپ داخلے پر پابندی تاحال برقرار رہے گی۔

یورپین کمیشن ڈائریکٹوریٹ جنرل فار موبیلٹی اینڈ ٹرانسپورٹ نے ڈی جی سی اے اے کو خط لکھا جس میں پی آئی اے پر یورپ میں پابندی برقرار رکھنے کے فیصلے سے آگاہ کیا۔ خط میں بتایا گیا کہ یہ فیصلہ یورپین کمیشن کے سترہ اور آٹھارہ نومبر کو برسلز میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا ۔

ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی کو لکھے گئے خط میں ایک بار پھر پائلٹ لائسنس اجراء پر تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے، پاکستان کی سی اے اے مشکوک لائسنس سے متعلق شفاف طریقے سے کاروائی کر رہی ہے مگر ابھی مزید صاف شفاف نظام بنانا ہوگا ۔ سی اے اے کی جانب سے کئے گئے اقدامات قابل ستائش ہیں، یورپی کمیشن پاکستان سے رابطے میں ہیں اور مسلسل صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔

خط میں سی اے اے کے لائسنس کی تصدیق کے طریقہ کار اور سیفٹی مینجمنٹ سسٹم پر بھی سوالیہ نشان لگایا گیا ہے، پاکستان کی سی اے اے کی جانب سے موثر حفاظتی تحفظات کو دور کر نے کے لئے اقدامات کررہی ہے، مستقبل میں بھی یورپی کمیشن پاکستان کی سی اے اے کو سیفٹی کے مسائل کو حل کر نے کے لئے مدد کر تا رہے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔