پی آئی اے افسران کی بڑی تعداد کو اچانک کراچی سے اسلام آباد ٹرانسفر کرنے کا فیصلہ

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 3 دسمبر 2020
قومی ائرلائن کے شعبہ مارکیٹنگ کے 270 افسران کو 28 دسمبر تک اسلام آباد منتقل کیا جاسکتا ہے، ذرائع (فوٹو : فائل)

قومی ائرلائن کے شعبہ مارکیٹنگ کے 270 افسران کو 28 دسمبر تک اسلام آباد منتقل کیا جاسکتا ہے، ذرائع (فوٹو : فائل)

 کراچی: پی آئی اے افسران کی بڑی تعداد کو اچانک کراچی سے اسلام آباد ٹرانسفر کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

ذرائع کے مطابق قومی ائرلائن کے شعبہ مارکیٹنگ کے 270 افسران کو 28 دسمبر تک اسلام آباد منتقل کیا جاسکتا ہے، لاڑکانہ کے سوا دیہی سندھ کے متعلقہ شعبہ جات کے تمام دفاتر بند کیے جاریے ہیں۔

ذرائع کے مطابق اس سے قبل دیہی سندھ سے افسران کا تبادلہ کراچی کیا گیا اور اب انھیں اسلام آباد ٹرانسفر ہونے کے احکامات مل گئے ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے مذکورہ فیصلے کے حوالے سے افسران کو انفرادی طور پر بذریعہ لیٹرز مطلع کیا گیا ہے۔

اچانک تبادلوں کے احکامات ملنے پر کراچی میں مستقل آباد افسران میں شدید بے چینی اور مایوسی پائی جارہی ہے۔ ٹرانسفر ہونے والے افسران میں خواتین بھی شامل ہیں جن کے بچے کراچی کی مختلف درس گاہوں میں زیر تعلیم ہیں۔

ذرائع کے مطابق انتظامیہ کا مذکورہ فیصلوں کے ذریعے افسران کو گولڈن ہینڈ شیک اسکیم کو قبول کرنے کے لیے آمادہ کرنا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔