پشاور میں ماسک نہ پہنے والے 52 افراد گرفتار

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 4 دسمبر 2020
بازاروں اور دکانوں میں سیفٹی ماسک کا استعمال کیا جائے بصورت دیگر قانونی کارروائی کی جائے گی، ڈپٹی کمشنر (فوٹو : فائل /نیوز ایجنسی)

بازاروں اور دکانوں میں سیفٹی ماسک کا استعمال کیا جائے بصورت دیگر قانونی کارروائی کی جائے گی، ڈپٹی کمشنر (فوٹو : فائل /نیوز ایجنسی)

 پشاور: بی آر ٹی بسوں اور دیگر بس اڈوں پر ماسک نہ پہننے والے 52 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر نے ہشت نگری اور دیگر اسٹیشنز کا معائنہ کیا اس دوران بیشتر افراد ماسک کے بغیر نظر آئے جس پر متعدد افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

اسی طرح ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر محمد شفیق آفریدی نے صدر کے علاقے میں بی آر ٹی اسٹیشنوں کا معائنہ کیا جب کہ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر آفتا ب احمد اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر احمد ہاشمی نے جی ٹی روڈ پر بی آر ٹی اسٹیشنوں کا معائنہ کیا اور گرفتاریاں کیں۔ اس طرح مختلف بسوں کے اڈوں پر سیفٹی ماسک نہ پہننے والے مجموعی طور پر 52 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغرنے کہا ہے کہ عوام بی آر ٹی اسٹیشنوں اور بسوں میں سیفٹی ماسک کا استعمال یقینی بنائیں، ٹرانسپورٹ اڈوں، بازاروں اور دکانوں میں سیفٹی ماسک کا استعمال کیا جائے بصورت دیگر قانونی کارروائی کی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔