یمن میں صنعتی ایریا پر شیلنگ، 8 افراد ہلاک اور 13 زخمی

ویب ڈیسک  جمعـء 4 دسمبر 2020
شیلنگ کے ایک فیکٹری پر کی گئی، وزیر اطلاعات (فوٹو: فائل)

شیلنگ کے ایک فیکٹری پر کی گئی، وزیر اطلاعات (فوٹو: فائل)

الحدیدہ: یمن کے بندرگاہی شہر کے صنعتی علاقے میں حوثی باغیوں نے شیلنگ کی جس کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک اور 13 زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یمن کے وزیر اطلاعات معمر الاریانی نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے بتایا کہ حدیدہ کے صنعتی علاقے میں ایک فیکٹری پر شیلنگ کی گئی۔

یمن کے وزیر اطلاعات نے حملے کی ذمہ داری حوثی باغیوں پر عائد کرتے ہوئے بتایا کہ شیلنگ سے فیکٹری مکمل طور پر تباہ ہوگئی جب کہ 8 ملازمین ہلاک اور 13 زخمی ہوگئے۔

دوسری جانب یمن میں اتحادی افواج سے برسرپیکار حوثی باغیوں کی جانب سے حدیدہ کی فیکٹری پر حملے کی ذمہ داری سے متعلق حکومتی بیان کی تردید یا تصدیق نہیں کی گئی۔

یمن میں فریقین کے درمیان جھڑپوں میں تیزی دیکھنے میں آئی ہے اور گزشتہ ماہ کے آخر میں شیلنگ کے ایک واقعے میں 5 بچوں سمیت 10 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

دریں اثناء اقوام متحدہ کی جانب سے جاری رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ صرف اکتوبر کے ماہ میں 74 شہریوں کو اسپتال لایا گیا جن میں سے اکثر کو مردہ حالت میں لایا گیا تھا۔

یمن میں 2014 سے سعودی سربراہی میں اتحادی افواج اور حوثی باغیوں کے درمیان جھڑپوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے جن میں اکثریت شہریوں کی ہے۔

اقوام متحدہ نے بھی یمن میں جاری جنگ کو انسانی المیہ قرار دیتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ ملک کی 80 فیصد آبادی کو مدد کی ضرورت ہے جب کہ 80 لاکھ بچوں کو غذائی قلت کا سامنا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔