بھارت کلبھوشن کی قانونی پیروی سے بھاگ رہا ہے، پاکستان

ویب ڈیسک  جمعـء 4 دسمبر 2020
بھارتی انکار پر پاکستان نے ریاستی وکیل مقرر کیا، کلبھوشن اور اسماعیل کے کیسز بالکل الگ ہیں، دفتر خارجہ (فوٹو: فائل)

بھارتی انکار پر پاکستان نے ریاستی وکیل مقرر کیا، کلبھوشن اور اسماعیل کے کیسز بالکل الگ ہیں، دفتر خارجہ (فوٹو: فائل)

 اسلام آباد: پاکستان نے کلبھوشن یادیو سے متعلق بھارت کے دعووں کو گمراہ کن قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا اور کہا ہے کہ بھارت کلبھوشن کی پیروی کرنے سے فرار چاہتا ہے۔

بھارتی وزارت خارجہ کے بیان پر ترجمان دفتر خارجہ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ  پاکستان بھارتی وزارت خارجہ کے کلبھوشن یادیو کے معاملے پر گمراہ کن دعووں کو مسترد کرتا ہے، بھارتی ہائی کمیشن اپنی قانونی کونسل پر معاملہ ڈال کر قانونی کارروائی سے فرار چاہتا ہے، آئی سی جے کے فیصلے کے مطابق بھارتی ہائی کمیشن کو کلبھوشن سے ملاقات اور وکیل کے تقرر کی دعوت دی تھی لیکن سفارتی رابطوں کے دوران بھارتی ہائی کمیشن نے خود ہی کسی وکیل کو ہدایت دینے سے انکار کیا۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ پاکستان نے ریاستی وکیل تقرر کرکے کارروائی شروع کی۔ اس دوران سماعت اٹارنی جنرل نے زیر حراست ہندوستانی شہری محمد اسماعیل کا معاملہ بھی پیش کیا تاہم کمانڈر کلبھوشن اور قیدی اسماعیل کا معاملہ الگ ہے، قیدی اسماعیل کے معاملے کا حوالہ اس مقصد کے لیے تھا کہ بھارتی اپوزیشن کے تضاد کو ظاہرکیا جاسکے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان پہلے ہی دو بار بھارتی حکام کو کلبھوشن تک قونصل رسائی فراہم کرچکا ہے، تیسری قونصل رسائی کی پیشکش ابھی باقی ہے، بھارت اپنے معمول کے مسخ شدہ حربوں کے استعمال سے باز آجائے، بھارت آئی سی جے کے فیصلے کے مطابق عملی اقدامات اٹھائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔