سلمان خان کی بہن کی سہیلیوں کے ہمراہ ہوٹل میں پلیٹیں توڑنے کی ویڈیو وائرل

ویب ڈیسک  اتوار 6 دسمبر 2020
شرم آنی چاہیے،زوال آتے ہوئے دیر نہیں لگتی،پلیٹیں توڑنے سے اچھا ہے غریب کو ایک پلیٹ کھانا کھلادیتے،سوشل میڈیا صارفین (فوٹو : فائل)

شرم آنی چاہیے،زوال آتے ہوئے دیر نہیں لگتی،پلیٹیں توڑنے سے اچھا ہے غریب کو ایک پلیٹ کھانا کھلادیتے،سوشل میڈیا صارفین (فوٹو : فائل)

 ممبئی: بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان کی بہن ارپیتا کی دبئی کے ہوٹل میں اپنی سہیلیوں کے ساتھ پلیٹیں توڑنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی جس پر انہیں شدید تنقید کا سامنا ہے۔

سلمان خان کی چھوٹی بہن ارپیتا خان کی پلیٹیں توڑنے کی ویڈیو انٹرنیٹ پر وائرل ہو رہی ہے جس پر صارفین نے شدید تنقید بھی کی ہے۔ ویڈیو میں ارپیتا دبئی کے ہوٹل میں اپنی دوستوں کے ہمراہ خوشی کے عالم میں پلیٹیں توڑتی نظر آرہی ہیں۔

ابتداء میں وہ کرسی پر بیٹھی پلیٹیں نیچے پھینکتی رہیں پھر اپنے ہی شوہر ایوش شرما کی فلم کے گانے پر رقص کے ساتھ بھی دیگر خواتین کے ساتھ پلیٹیں توڑنے میں مشغول رہیں۔ دبنگ اداکار کی بہن ہونے کے باوجود لوگوں کو ارپیتا کی اس طرح اظہار خوشی سمجھ نہ آئی اور انہوں نے ان خواتین پر شدید تنقید کی۔

ایک صارف نے لکھا کہ اس طرح کی شغل مستی کرنے پر آپ کو شرم آنی چاہیے، آپ کھانے کو تو چھوڑیں دنیا میں تو ایسے بھی لوگ ہیں جن کے پاس کھانے کے لیے پلیٹ تک نہیں، انسان کو اپنی حد میں رہنا چاہیے کیوں کہ زوال آتے ہوئے دیر نہیں لگتی۔

شلپا مہتا نے تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ ان لوگوں کو یہ لگ رہا ہے کہ یہ پلیٹیں توڑ کر اچھا کام کر رہے ہیں تو اس سے اچھا یہ ہوتا کہ کسی کو ایک پلیٹ کھانا کھلا دیتے۔

دکشا نامی صارف نے کہا کہ پلیٹیں توڑنے سے اچھا اگر کسی ضرورت مند کو معاوضہ دیا ہوتا تو وہ دعائیں دیتا۔

واضح رہے کہ یونانی تہذیب میں ماننا ہے کہ وہ لوگ بلاؤں اور بد قسمتی سے نجات کے لیے پلیٹیں توڑا کرتے تھے۔ آج کل یہ رسم کسی کام کی ابتداء سے قبل یا شادی کے دوران منائی جاتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔