فلم کیدرناتھ کے ہدایت کار کا سشانت سنگھ کے حوالے سے نیا انکشاف

ویب ڈیسک  پير 7 دسمبر 2020
شوٹنگ کے دوران بھی سشانت پریشان رہتا تھا، ہدایت کار ابھیشک کپور کا انکشاف

شوٹنگ کے دوران بھی سشانت پریشان رہتا تھا، ہدایت کار ابھیشک کپور کا انکشاف

 ممبئی: سشانت سنگھ اور سارہ علی خان کی فلم ’کیدرناتھ‘ کے ہدایت کار نے آںجہانی اداکار سے متعلق نیا انکشاف کردیا۔

بالی ووڈ کے آنجہانی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کے حوالے سے بہت کچھ لکھا اور بولا جاچکا ہے اور اس کیس نے بالی ووڈ اندسٹری کا بدنما چہرہ بھی عیاں کردیا کہ کس طرح یہاں مختلف گروپس کی شکل میں گروہ کام کرتے ہیں جو میرٹ اور ٹیلنٹ کے بجائے صرف اپنے لوگوں کو آگے پروموٹ کرتے ہیں اور اس کیس سے انڈسٹری سے وابستہ لوگوں کی جانب سے منشیات کے استعمال کی خبروں کی بھی تصدیق ہوئی۔

اداکار سشانت سنگھ راجپوت نے سیف علی خان کی بیٹی سارہ علی خان کے ساتھ 2018 میں فلم ’کیدرناتھ‘ میں کام کیا تھا تاہم یہ فلم فلاپ ثابت ہوئی تھی اور اس فلم کے حوالے سے سشانت کے ایک دوست نے انکشاف کیا تھا کہ فلم کے دوران سارہ اور سشانت کو پیار ہوگیا تھا یہی نہیں وہ شوٹنگ کے دوران وہ ایک ہی کمرہ استعمال کرتے تھے تاہم فلم کے فلاپ ہوتے ہی سارہ نے سشانت کو چھوڑ دیا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ سشانت کا سوچی سمجھی منصوبہ بندی کے تحت قتل کیا گیا، کنگنارناوت

سشانت سنگھ راجپوت نے ذہنی دباو اور پریشانی کے باعث خودکشی کی تھی لیکن ان کی موت سے قبل بمشکل ہی یہ بات کسی کو معلوم تھی کہ وہ کب سے ذہنی دباو کا شکار تھے تاہم فلم کیدرناتھ کے دو سال مکمل ہونے پر ہدایت کار ابھیشک کپور نے انکشاف کیا ہے کہ وہ 2018 میں شوٹنگ کے دوران بھی پریشان رہتے تھے تاہم وہ اپنی اداکاری کی وجہ سے کسی پر یہ بات ظاہر نہیں ہونے دیتے تھے اور نہ ہی انہوں نے کسی سین کے دوران ایسا محسوس ہونے دیا۔

مزید پڑھئے؛ سشانت خودکشی سے جڑے منشیات کیس میں دپیکا بھی شاملِ تفتیش

ہدایت کار ابھیشک کپور نے کہا کہ اس فلم کے ذریعے سارہ علی خان کا ڈیبیو ہورہا تھا تو کسی نے بھی سشانت پر توجہ نہیں دی بلکہ میڈیا سمیت سب کا فوکس سارہ ہی تھی جس کی وجہ سے سشانت یہ محسوس کررہا تھا کہ اسے وہ پیار نہیں مل رہا جو ملنا چاہیے تھا کیوں کہ وہ بھی فلم کا لیڈ رول ادا کررہے تھے۔

واضح رہے اداکار سشانت سنگھ راجپوت نے رواں سال 14 جون کو اپنی رہائش گاہ پر خودکشی کرلی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔