نمایاں خدمات پر خواتین میں بینظیر بھٹو ایکسیلنس ایوارڈ تقسیم،سندھ بینک میں قرضوں و دیگر سہولتوں کے شعبوں کا افتتاح

بیورو رپورٹ / نامہ نگار  جمعـء 27 دسمبر 2013
نوڈیرو:پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو سندھ بینک میں قرضوں اورمختلف سہولتوں کے شعبوں کاافتتاح کررہے ہیں، اس موقع پر سابق صدر آصف زرداری،بختاور ،وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ اوردیگربھی موجود ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

نوڈیرو:پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو سندھ بینک میں قرضوں اورمختلف سہولتوں کے شعبوں کاافتتاح کررہے ہیں، اس موقع پر سابق صدر آصف زرداری،بختاور ،وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ اوردیگربھی موجود ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

لاڑکانہ / نوڈیرو: سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ ہم خدمت کے جذبے پر یقین رکھتے ہیں ،پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی جس سے غریب عوام کی زندگی میں تبدیلی آئی جلدخواتین کی ترقی کیلیے 130ملین روپے کے منصوبے پر عمل کیا جائے گا۔

ان خیالات کااظہارانھوں نے وزارت سوشل ویلفیئر کی جانب سے نوڈیروہاؤس میں منعقدہ تقریب میں مختلف شعبہ جات میں نمایاں کارکردگی کی حامل ملکی و غیر ملکی10خواتین میں بے نظیر بھٹو ایکسیلینس ایوارڈتقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ ،ایم این اے فریال تالپور،بختاور بھٹو زرداری، ویمن ڈیولپمنٹ اور سوشل ویلفیئر کی صوبائی وزیرروبینہ قائم خانی کے علاوہ پیپلز پارٹی کے ایم این ایزاورایم پی ایز بھی موجودتھے ،سابق صدرکا کہنا تھا کہ ہمارامقصد اقتدار حاصل کرنانہیں بلکہ عوام کی خدمت کرناہے پہلے بھی غریب کسان خواتین میں مفت زمین تقسیم کی تھی آئندہ بھی ایساہی منصوبہ دوبارہ تشکیل دیاجارہاہے جلد اس پر بھی عمل کرینگے۔

اس موقع پرمختلف شعبوں میں غیرمعمولی خدمات کی حامل 10 خواتین جن میں ادیبہ فاطمہ ثریا بجیا،سماجی رہنما بلقیس بانوایدھی، نامور گلوکارہ عابدہ پروین،فریال تالپور،آزربائیجان اورترکی کی خاتون اول مس ہیرالنساگل،مس نادیراپنجوانی اور پروین بشیرقائم خانی سمیت دیگرخواتین شامل تھیں کوبے نظیر بھٹوایکسیلینس ایوارڈزتقسیم کیے گئے ،تقریب سے صوبائی وزیرسوشل ویلفیئر روبینہ قائم خانی نے بھی خطاب کیا۔

دریں اثناپیپلز پارٹی کے چیئر مین بلا ول بھٹو زرداری نے آصف علی زرداری،بختاوراورآصفہ بھٹوزرداری کے ہمراہ نوڈیرومیں سندھ بینک کی جانب سے سندھ کے عوام کو آسان شرائط پر قرضے دینے اورمختلف سہولیات کے لیے تشکیل دیے گئے شعبہ جات کا افتتاح کیا،بلاول بھٹونے سندھ بینک میں لیزنگ کمپنی لمیٹڈ،بختاور اورآصفہ بھٹو نے سندھ مضاربہ مینجمنٹ لمیٹڈ اورسندھ انشورنس کمپنی کاافتتاح کیا۔

سندھ بینک کی انتظامیہ نے پیپلزپارٹی کے قائدین کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ان اسکیموں سے سندھ کی عوام کو بھرپور فائدہ ہو گا،سندھ لیزنگ بینک فنانس لیز،آپریٹنگ لیزاور فیکٹرینگ لیز کی مد میں 10ملین کی لاگت سے چھوٹے کاروباری افرادکی مددکرے گی جبکہ 200نوجوانوں کو روزگار بھی فراہم کیا جائے گا،یہ اسکیم ابتدائی طور پرسندھ کے پانچ شہروں کی10برانچوں میں شروع کی گئی ہے جبکہ مزاریہ مینجمنٹ لمیٹڈکے تحت اسلامی طریقوں سے فائدہ دیاجائیگا جبکہ سندھ انشورنس کے ذریعے جنرل انشورنس کی جائے گی، اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے بختاوربھٹو زرداری کو سندھ بینک کی شیلڈبھی پیش کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔