شاہ رخ خان نے کورونا علاج میں موثر دوا عطیہ کرکے مداحوں کے دل جیت لیے

ویب ڈیسک  جمعرات 10 دسمبر 2020
کنگ خان نے اپنا ایک دفتر بھی کووڈ مریضوں کے علاج کے لیے مختص کیا ہوا ہے۔ فوٹو : فائل

کنگ خان نے اپنا ایک دفتر بھی کووڈ مریضوں کے علاج کے لیے مختص کیا ہوا ہے۔ فوٹو : فائل

نئی دلی: بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے کورونا وائرس علاج میں موثر دوا ریمیڈیزیور کے انجیکشن عطیہ کرکے مداحوں کے دل جیت لیے۔

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان صرف بھارتی فلم انڈسٹری کے ہی کنگ نہیں بلکہ مداحوں کے دلوں پر راج کیسے کیا جاتا ہے، اس میں بھی ان کا کوئی ثانی نہیں۔ حال ہی میں کنگ خان نے کورونا وائرس کے علاج میں معاون دوا ’ریمیڈیزیور‘ کے 500 انجیکشن نیو دہلی میں ایک اسپتال کو عطیہ کرکے مداحوں کے دل جیت لیے، صرف یہی نہیں بلکہ کنگ خان نے اپنا ایک دفتر بھی کووڈ مریضوں کے علاج کے لیے مختص کیا ہوا ہے جہاں شاہ رخ خان کی جانب سے ضرورت مندوں کے علاج کے لیے ایک بڑی رقم اور میڈیکل آلات مہیا کیے جاتے ہیں۔

کنگ خان کی جانب سے انجیکشن مہیا کرنے پر دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین نے ٹوئٹر پر شاہ رخ خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم شاہ رخ خان کے بے حد مشکور ہے، ’ریمیڈیزیور‘ انجیکشن کی اس وقت اشد ضرورت تھی لہذا اس مشکل وقت میں مدد پر شکرگزار ہیں۔

کنگ خان کے اس عمل کو سوشل میڈیا پر بھی بے حد سراہا گیا اور مداحوں نے شاہ رخ خان کا شکریہ اداکیا، ایک مداح نے لکھا کہ میں شاہ رخ خان کا فین ہونے پر بے حد خوش قسمت اور  فخر محسوس کرتا ہوں، شاہ رخ خان واقعی میں ایک بہترین انسان ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔