عبدالحفیظ شیخ نے وفاقی وزیر کے عہدے کا حلف اٹھالیا

ویب ڈیسک  جمعـء 11 دسمبر 2020
وزیراعظم آئین کے آرٹیکل 91 کے تحت کسی غیر منتخب شخص کو 6 ماہ کے لیے وفاقی وزیر مقرر کرسکتے ہیں

وزیراعظم آئین کے آرٹیکل 91 کے تحت کسی غیر منتخب شخص کو 6 ماہ کے لیے وفاقی وزیر مقرر کرسکتے ہیں

 اسلام آباد: مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے وفاقی وزیر کے عہدے کا حلف اٹھالیا اور وزیراعظم عمران خان نے انہیں وزارت خزانہ کا قلم دان سونپ دیا ہے۔

ایوان صدر میں ڈاکٹر حفیظ شیخ کی بطور وفاقی وزیر حلف برداری کی تقریب ہوئی جس میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے حفیظ شیخ سے حلف لیا۔ حفیظ شیخ کو چھ ماہ کے لیے وفاقی وزیر خزانہ بنایا گیا ہے۔  آئین کے آرٹیکل 91 کے تحت سینیٹ انتخابات مکمل ہونے تک انہیں یہ ذمہ داری دی گئی ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے وزیراعظم کے مشیروں کی کابینہ کمیٹیوں میں شمولیت سے متعلق فیصلے کے بعد پیدا ہونے والے آئینی بحران سے متعلق وزیراعظم عمران خان نے قانونی ٹیم سے مشاورت کی۔

یہ بھی پڑھیں: کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کی تشکیل غیر قانونی قرار

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے دو مشیروں اور ایک معاون خصوصی کو وفاقی وزیر بنانے کی تجویز پر غور شروع کردیا تھا اور مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کے بعد مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد اور معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کو بھی 6 ماہ کے لیے وفاقی وزیر بنایا جاسکتا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد کسی آئینی بحران سے بچنے کیلیے وزیراعظم عمران خان نے آئین کے آرٹیکل 91 کی شق 6 کے تحت خصوصی اختیار کا استعمال کرنے پر غور شروع کردیا ہے، وزیراعظم آئین کے آرٹیکل 91 کے تحت کسی غیر منتخب شخص کو 6 ماہ کے لیے وفاقی وزیر مقرر کرسکتے ہیں۔

عبدالحفیظ شیخ، عبدالرزاق داؤد اور ڈاکٹر فیصل سلطان کو مارچ 2021 میں سینیٹر بنائے جانے کا امکان ہے، سینیٹر منتخب ہونے کے بعد تینوں مشیر وفاقی وزیر بن سکتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔