ٹنڈوالہیارمیں بلدیاتی انتخابات کے لیے پلان تیار

نامہ نگار  ہفتہ 28 دسمبر 2013
ضلع میں ایک ڈی آر او، 5 ریٹرننگ افسران جبکہ 12 اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران مقرر کیے گئے ہیں۔ فوٹو: فائل

ضلع میں ایک ڈی آر او، 5 ریٹرننگ افسران جبکہ 12 اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران مقرر کیے گئے ہیں۔ فوٹو: فائل

ٹنڈو الہیار: 18 جنوری کے بلدیاتی انتخابات کیلیے ضلعی الیکشن کمیشن نے پلان تیار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق آئندہ بلدیاتی انتخابات میں ٹنڈوالہیار میں ایک میونسپل ، 5 ٹاؤن کمیٹیوں اور25 یونین کونسلوں پر مختلف جماعتوں کے امیداوروں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ الیکشن کمیشن خالد حسین بلوچ نے ایکسپریس کو بتایا کہ 18 جنوری کو بلدیاتی انتخابات میں ایک لاکھ 60 ہزار  مرد ووٹرز جبکہ ایک لاکھ 41 ہزار، 814 خواتین ووٹرز ہیں، مجموعی طور پر 3 لاکھ 18 سو 38 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرینگے جس کیلیے 288 پولنگ اسٹیشن،722 پولنگ بوتھ قائم کیے جائینگے۔

جن پر 2668 افراد پر مشتمل عملہ تعینات کیا جائیگا۔ جن میں 288 پریزائڈنگ آفیسرز، 1658 اسسٹنٹ پریزائیڈنگ آفیسرز جبکہ 722 پولنگ افسران تعینات کیے جائینگے۔ خالد حسین بلوچ نے مزید بتایا کہ پلان کے تحت الیکشن کمیشن آف پاکستان کے احکامات پر ٹنڈوالہیار ضلع میں ایک ڈی آر او، 5 ریٹرننگ افسران جبکہ 12 اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران مقرر کیے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر ٹنڈوالہیار عبدالرشید زرداری، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر ہونگے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔