تجاوزات کے خاتمے کیلیے بلا امتیاز کارروائی کی جائے،ایڈمنسٹریٹر کراچی

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 28 دسمبر 2013
تجاوزات کے خاتمے کے لیے تشکیل دی گئی ٹاسک فورس اور محکمہ انسداد تجاوزات کے افسران کے مشترکہ اجلاس سے خطاب ۔  فوٹو : فائل

تجاوزات کے خاتمے کے لیے تشکیل دی گئی ٹاسک فورس اور محکمہ انسداد تجاوزات کے افسران کے مشترکہ اجلاس سے خطاب ۔ فوٹو : فائل

کراچی: ایڈمنسٹریٹر کراچی رؤف اختر فاروقی نے کہا ہے کہ شہر کی تمام بڑی سڑکوں، شاہراہوں، فٹ پاتھوں، برساتی نالوں، پارکس اور کھیل کے میدانوں میں موجود مختلف تجاوزات کو ہٹانے اور صاف کرنے کے لیے بلاامتیاز و تفریق موثر انداز میں کارروائی کرنے کے لیے جامع حکمت عملی اپنائی جائے۔

تاکہ ٹریفک کی روانی بہتر ہوسکے اور شہریوں کو پیدل چلنے میں سہولت میسر آئے، یہ بات انھوں نے تجاوزات کے خاتمے کے لیے تشکیل دی گئی ٹاسک فورس اور محکمہ انسداد تجاوزات کے افسران کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اجلاس میں سینئر ڈائریکٹر بلال منظر، ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ عبدالمالک، ٹاسک فورس کے دیگر اراکین اور محکمہ انسداد تجاوزات کے افسران بھی موجود تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ تجاوزات شہر کے انفرااسٹرکچر کو نہ صرف متاثر کرتی ہیں بلکہ شہر کے لیے کی جانے والی منصوبہ بندی کی راہ میں بھی سب سے بڑی رکاوٹ ہیں، شہریوں کا بھی یہ دیرینہ مطالبہ ہے کہ انھیں سڑکوں، چورنگیوں اور نالوں پر موجود تجاوزات سے نجات دلائی جائے، یہ صورتحال شہریوں کے لیے متعدد مسائل کا سبب بنی ہوئی ہے۔

جس میں ٹریفک جام، فٹ پاتھوں پر پیدل چلنے والوں کے لیے مشکلات اور نالوں پر قائم تجاوزات کے باعث ان کی سطح بلند ہونے جیسے گھمبیر مسائل سرفہرست ہیں لہٰذا ہر قسم کی تجاوزات کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے اور اس سلسلے میں کوئی دباؤ برداشت نہ کیا جائے۔

انھوں نے ہدایت کی کہ محکمہ انسداد تجاوزات اور دیگر متعلقہ افسران اپنی اپنی حدود میں اس بات کا خیال رکھیں کہ تجاوزات قائم کیے جانے کی نوبت ہی نہ آئے اور لینڈ مافیا کی جانب سے تجاوزات قائم کرنے کی کسی بھی کوشش کو پہلے ہی روک دیا جائے، انھوں نے کہا کہ یہ ایک اہم فریضہ ہے کہ شہر کو صاف ستھرا رکھنے کے ساتھ ساتھ اسے تجاوزات سے بھی پاک رکھا جائے کیونکہ شہری اس ادارے سے بلدیاتی سہولیات فراہم کرنے کی توقع رکھتے ہیں۔

لہٰذا ان کی توقعات کو پورا کرنے کے لیے ہمیں ذمے داری اور خدمت خلق کے جذبے سے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ہے، انھوں نے ہدایت کی کہ اس بات کو بھی پیش نظر رکھا جائے کہ تجاوزات کے خاتمے کے بعد ان مقامات پر دوبارہ تجاوزات قائم نہ ہونے پائیں، انھوں نے کہا کہ شہر کی بڑی سڑکوں اور گنجان آباد علاقوں سے پتھارے اور ٹھیلے ہٹائے جائیں تاکہ ٹریفک کی روانی بہتر ہوسکے اور شہریوں کو پیدل چلنے میں بھی سہولت میسر آسکے، اجلاس میں ان علاقوں کے بھی نشاندہی کی گئی جہاں بڑی تعداد میں تجاوزات موجود ہیں اور جنھیں آسانی کے ساتھ ہٹایا جاسکتا ہے، ان علاقوں میں صدر، حیدری، نارتھ ناظم آباد، شیر شاہ، طارق روڈ، ایم اے جناح روڈ اور ٹاور سمیت دیگر علاقے شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔