امریکا میں 5 سالہ طالبہ کو لات مارنے پر اسکول ٹیچر کو ایک ماہ قید اور نااہلی کی سزا

ویب ڈیسک  منگل 15 دسمبر 2020
ٹیچر نے بچی کو جھوٹا قرار دیا تھا تاہم سی سی ٹی وی فوٹیجز میں پکڑی گئیں، فوٹو : ویڈیو گریب

ٹیچر نے بچی کو جھوٹا قرار دیا تھا تاہم سی سی ٹی وی فوٹیجز میں پکڑی گئیں، فوٹو : ویڈیو گریب

 واشنگٹن: امریکی ریاست کناس کی عدالت نے 55 سالہ اسکول ٹیچر کو ایک طالبہ کو لات مارنے پر ایک ماہ قید اور ایک سال کے لیے نااہلی کی سزا سنائی ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق ریاست کناس کے بلیو جیکٹ فلنٹ ایلیمنٹری اسکول کی 55 سالہ اسکول ٹیچر کرسٹل اسمتھ کو کم سن طالبہ کو دھکا دینے اور لات مارنے پر ایک ماہ قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

استانی کرسٹل اسمتھ کو ایک سال کے لیے نااہل بھی قرار دیا گیا ہے جب کہ اس دوران ٹیچر کو غصے کو قابو میں رکھنے سے متعلق ماہر نفسیات سے کلاسیں بھی لینا ہوں گی۔

طالبہ کی والدہ نے اسکول انتظامیہ سے ٹیچر کے رویے کی شکایت کی تھی لیکن اُس وقت ٹیچر نے طالبہ کو مارنے کے الزام کو مسترد کردیا تھا۔

اسکول انتظامیہ نے والدہ کی درخواست پر سی سی ٹی وی فوٹیجز دیکھیں تو ٹیچر طالبہ کو ایک بک شیلف سے گھسیٹتے ہوئے اور لات مارتے ہوئی پائی گئیں۔

اسکول نے ٹیچر کو ملازمت کو برخاست کردیا تاہم والدہ نے مقامی عدالت سے رجوع کیا جہاں ٹیچر کو طالبہ کی عزت نفس کو ٹھیس پہنچانے اور تشدد کے الزام میں سزا سنادی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔