2014:فٹنس برقرار رکھنا ٹائٹلز سے زیادہ اہم ہو گا:رافیل نڈال

اسپورٹس ڈیسک  ہفتہ 28 دسمبر 2013
بہترین آغازاوربڑے ٹورنامنٹس میں تندرستی کے ساتھ شرکت چاہتا ہوں،اسپینش اسٹار. فوٹو: فائل

بہترین آغازاوربڑے ٹورنامنٹس میں تندرستی کے ساتھ شرکت چاہتا ہوں،اسپینش اسٹار. فوٹو: فائل

میڈرڈ: ٹینس اسٹار رافیل نڈال نے کہا ہے کہ2014 میں ٹائٹلز جیتنے سے زیادہ اہم فٹنس برقرار رکھنا ہو گا۔

2013 دنیا کے نمبر ون پلیئر کا شاندار سال ثابت ہوا جس میں انھوں نے ریکارڈ آٹھویں مرتبہ فرنچ اوپن اور دوسرا یو ایس اوپن ٹائٹل جیتا، مجموعی طور پر نڈال نے10 ٹورنامنٹس میں کامیابی حاصل کی تھی۔ تفصیلات کے مطابق 2014 ٹور کیلیے تیار 27 سالہ نڈال نے ایک انٹرویو میں کہاکہ ہر وقت صحتمند رہنا اور ٹاپ لیول پلیئرز کو چیلنج کرنا میری ترجیحات میں شامل ہے، میں سال کا بہترین آغاز اور بڑے ٹورنامنٹس میں تندرستی کے ساتھ شرکت کرنا چاہتا ہوں،2014 کو مدنظر رکھتے ہوئے میں اس وقت نواں رولینڈ گیروس یا تیسری مرتبہ ومبلڈن جیتنے کے بارے میں کچھ نہیں کہوں گا ، میرے لیے سب سے اہم اپنی فٹنس برقرار رکھنا ہے۔

 photo 3_zpsb5bf6b5c.jpg

تاکہ میں پورے سال کھیل کر اچھے لیول پر مقابلہ کرسکوں۔ نڈال نے مزید کہا کہ یہ آسان نہیں ہے ، میں ایسا 2012 ،2013 کے پورے سال نہیں کرسکا۔ انھوں نے کہا کہ 2012 کے دوسرے حصے میں آرام کرنے پر مجبور ہونے کے بعد اب میں تازہ دم اور ٹائٹلزکیلیے تیار ہوں،اگر آپ مجھ سے اہم کامیابیوں کا پوچھیں تو میں سمجھتا ہوں کہ 7 ماہ تک کھیل سے دور رہنے اور تازہ دم ہونے کے بعد میں نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا۔ 2014 میں نڈال کا پہلا مقابلہ جنوری میں میلبورن میں آسٹریلین اوپن میں ہو گا ، وہاں وہ ہم وطن ورلڈ نمبر تین ڈیوڈ فیرر کا سامنا کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔