امریکا میں ایف ڈی اے نے ایک اور کورونا ویکسین کی منظوری دیدی

ویب ڈیسک  جمعـء 18 دسمبر 2020
موڈرنا ویکسین 95 فیصد مؤثر ہے اور اسے نارمل درجہ حرارت پر رکھا جا سکتا ہے، فوٹو : فائل

موڈرنا ویکسین 95 فیصد مؤثر ہے اور اسے نارمل درجہ حرارت پر رکھا جا سکتا ہے، فوٹو : فائل

 واشنگٹن: دواؤں کے سب سے معتبر امریکی ادارے ’فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن‘‘ نے فائزر ویکسین کے بعد ’موڈرنا ویکسین‘ کے فوری استعمال کی بھی منظوری دیدی ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق غذا و خوراک کے امریکی ادارے کے غیرجانبدار ماہرین کے ایک پینل نے 7 گھنٹے سے زائد طویل مباحثے کے بعد موڈرنا ویکسین کے فوری استعمال کی منظوری دیدی ہے۔

موڈرنا ویکسین کی منظوری دینے والے پینل میں شامل اسٹینفرڈ یونیورسٹی میڈیکل سینٹر کے ڈاکٹر ہیلے گینز کا کہنا تھا کہ اس ویکسین کے نتائج سے ثابت ہوا ہے کہ یہ ویکسین 95 فیصد موؐثر اور محفوظ ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : امریکی ادارے ’ایف ڈی اے‘ نے فائزر کی کورونا ویکسین کی منظوری دیدی 

قبل ازیں ’ایف ڈے اے‘ فائزر کی کورونا ویکسین کی بھی منظوری دے چکا ہے اور امریکا میں اس کا استعمال بھی شروع کیا جا چکا ہے تاہم میڈورنا کو فائزر کی ویکسین پر دو طرح سے فوقیت حاصل ہے۔

اوّل میڈورنا کی مؤثریت 95 فیصد رہی جب کہ فائزر کی ویکسین کی 90 فیصد تھی اور دوم یہ کہ میڈورنا کی ویکسین کی ترسیل اور شیلف درجہ حرات منفی 20 سینٹی گریڈ ہونا چاہیئے جو کہ نارمل ہے جب کہ فائزر ویکسین کو منفی 75 سینٹی گریڈ پر رکھنا ہوگا جس کے لیے خصوصی انتظامات کرنا ہوں گے۔

یہ خبر پڑھیں : بحرین کورونا ویکسین کی منظوری دینے والا پہلا اسلامی ملک بن گیا 

ایف ڈی اے سے ویکسین کی منظوری کے بعد ‘موڈرنا’ 60 لاکھ خوراکوں کی سپلائی شروع کر دے گا اور سب سے پہلے یہ خوراکیں طبی عملے اور نرسنگ ہومز میں مقیم افراد کو دی جائیں گی۔

واضح رہے کہ امریکا کورونا سے متاثر ہونے والا سب سے بڑا ملک ہے جہاں کورونا کیسز کی تعداد ایک کروڑ 70 لاکھ  سے تجاوز کرگئی ہے اور ہلاکتوں کی تعداد 3 لاکھ 10 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔