امریکی نائب صدر کو کورونا ویکسین لگانے کا عمل براہ راست ٹی وی پر دکھایا گیا

ویب ڈیسک  ہفتہ 19 دسمبر 2020
عوام میں ویکسین کا اعتماد دلانے کے لیے نائب صدر نے براہ راست ٹی وی پر ویکسین لگوائی، فوٹو : ٹویٹر

عوام میں ویکسین کا اعتماد دلانے کے لیے نائب صدر نے براہ راست ٹی وی پر ویکسین لگوائی، فوٹو : ٹویٹر

 واشنگٹن: امریکا میں نائب صدر مائیک پینس اور ان کی اہلیہ کیرن پینس کو کورونا ویکسین کا پہلا ٹیکہ براہ راست ٹی وی پروگرام کے دوران لگایا گیا تاکہ عوام میں ویکسین پر اعتماد میں اضافہ ہو۔

امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق نائب صدر مائیک پینس اور ان کی اہلیہ سیکنڈ لیڈی کیرن پینس کو کورونا ویکسین کا پہلا ٹیکہ وائٹ ہاؤس کیمپس کی آئزن ہاور ایگزیکٹو آفس بلڈنگ میں لگایا گیا اور یہ عمل براہ راست ٹی وی پر نشر کیا گیا۔

یہ خبر پڑھیں : امریکی ادارے ’ایف ڈی اے‘ نے فائزر کی کورونا ویکسین کی منظوری دیدی 

نائب صدر کو لائیو ٹی وی پروگرام میں کورونا ویکسین لگانے کا مقصد عوام کو کورونا ویکسین کے محفوظ اور موثر ہونے کا اعتماد دینا ہے۔ انجیکشن لگنے کے بعد نائب صدر نے طبی عملے سے کہا کہ مجھے درد تک محسوس نہیں ہوا، آپ نے بہت اچھا کام کیا۔

ویکسینیشن کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نائب صدر مائیک پینس نے کہا کہ وہ اور ان کی اہلیہ بہت خوش ہیں، محفوظ اور مؤثر ویکسین لینے پر وہ دونوں پُرجوش ہیں اور اب دوسری خوراک 21 دن بعد لیں گے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : امریکا میں ایف ڈی اے نے ایک اور کورونا ویکسین کی منظوری دیدی

واضح رہے کہ امریکا میں فائزر اور بائیوٹیک کی مشترکہ کورونا ویکسین کی ایف ڈی اے منظوری کے بعد ویکسینیشن کا آغاز ہوگیا ہے جب کہ حال ہی میں ایک اور کمپنی میڈورنا کی ویکسین کی بھی منظوری دیدی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔