کوک اسٹوڈیو کی نئی قسط میں سحرگل کے گیت ’عشق دا ککڑ‘ نے دھوم مچا دی

قیصر افتخار  ہفتہ 19 دسمبر 2020
عشق دا ککڑ گیت کو محض ایک دن میں چار لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔ فوٹو:فائل

عشق دا ککڑ گیت کو محض ایک دن میں چار لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔ فوٹو:فائل

 لاہور: کوک اسٹوڈیو کی گزشتہ روز ریلیز ہونے والی نئی قسط میں شامل گلوکارہ سحر گل خان کے نئے گیت نے دھوم مچا دی ہے۔

کوک اسٹوڈیو کی اس قسط میں سحر گل خان کا گیت “عشق دا ککڑ” بھی شامل ہے جسے انہوں نے ایک بالکل منفرد انداز سے گایا ہے جب کہ عاصم رضا نے شاعری کے ساتھ ساتھ دھن بھی بہت خوبصورت کے ساتھ ترتیب دی ہے یہی وجہ ہے کہ یہ گانا ریلیز ہوتے ہی شائقین کو پسند آگیا ہے۔ گانے کی مقبولت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ محض ایک دن میں اس گانے کو چار لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔

گانے کی مقبولیت کے حوالے سے سحرگل خان کا کہنا تھا کہ میں نے اور عاصم رضا نے ماضی میں “بول کفارہ” پر بہت محنت کی تھی جس کا رزلٹ بھی سب کے سامنے ہے لیکن اس بار ہمیں پہلے کی نسبت زیادہ محنت کرنا پڑی کیونکہ لوگوں نے مجھ سے بہت توقعات وابستہ کی ہوئی تھیں۔

سحرگل خان نے مزید کہا کہ میں عاصم رضا سمیت کوک اسٹوڈیو کی پوری ٹیم کی بہت مشکور ہوں جن کی وجہ سے”عشق دا ککڑ” جیسا بہترین گیت گانے کا موقع ملا اور خاص کر لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گی، جنہوں نے ایک مرتبہ پھر مجھ پر اعتماد کیا ہے۔

واضح رہے کہ مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کرنے والا مشہور ترین گیت “بول کفارہ کیا ہوگا” میں بھی سحر گل خان نے اپنی آواز کا جادو جگایا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔