کورونا ویکسین سے انسان مگرمچھ بن سکتا ہے، برازیلی صدر کا مضحکہ خیز بیان

ویب ڈیسک  اتوار 20 دسمبر 2020
برازیلی صدر اس سے قبل کورونا کو ماننے سے بھی انکار کرچکے ہیں، فوٹو : فائل

برازیلی صدر اس سے قبل کورونا کو ماننے سے بھی انکار کرچکے ہیں، فوٹو : فائل

برازیلیا: متنازعہ بیانات کے لیے شہرت رکھنے والے برازیل کے صدر نے کہا ہے کہ اگر فائزر کی کورونا ویکسین لگانے کے بعد کوئی مگر مچھ بھی بن جائے تو کمپنی ذمہ دار نہیں ہوگی کیوں کہ کمپنی کے مطابق ویکسین محفوظ اور سائیڈ ایفیکٹس سے پاک ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق برازیل کے صدر جیئر بولسونارو نے دوا ساز امریکی کمپنی فائزر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ کمپنی نے اپنی ویکسین کو سائیڈ ایفیکٹس سے پاک قرار دیا ہے، اس کا مطلب ہے اگر کوئی ویکسین لگانے کے بعد مگر مچھ بن جائے تو کمپنی ذمہ دار نہیں ہوگی۔

صدر جیئر بولسونارو نے مزید کہا کہ اگر کورونا ویکسین لگانے کے بعد مرد مافوق الفطرت مخلوق بن جائیں یا عورتوں کی مونچھیں نکلنے لگے تو کمپنی کو اس سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

برازیل کے صدر نے ان خیالات کا اظہار ملک بھر میں مقامی سطح پر تیار کردہ ویکسین لگانے کے عمل کا آغاز کرتے ہوئے کیا۔ صدر نے مقامی سطح پر تیار کردہ ملکی ویکسین کو لگانا ہر شہری پر لازم قرار دیا ہے تاہم انہوں نے خود ویکسین لگانے سے پہلے ہی انکار کردیا تھا۔

یہ پہلی بار نہیں جب صدر جیئر بولسونارو نے کورونا سے متعلق مضحکہ خیز بیان دیا ہو، پہلے وہ کورونا کو مانتے ہی نہیں تھے پھر انہوں نے کورونا کو معمولی فلو کہا اور بعد میں کورونا ٹیسٹ کٹ کو بیکار قرار دے چکے ہیں جب کہ گزشتہ برس جولائی میں ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔