اسرائیل کی پہلی پرواز مسلم افریقی ملک مراکش پہنچ گئی

ویب ڈیسک  منگل 22 دسمبر 2020
مراکش نے اسرائیل کو رواں ماہ کی 10 تاریخ کو تسلیم کرلیا تھا، فوٹو : ٹائمز آف اسرائیل

مراکش نے اسرائیل کو رواں ماہ کی 10 تاریخ کو تسلیم کرلیا تھا، فوٹو : ٹائمز آف اسرائیل

تل ابیب: اعلیٰ امریکی اور اسرائیلی حکام کو لیکر اتل ابیب سے پہلی پرواز مسلم افریقی ملک مراکش پہنچ گئی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل کے قومی سلامتی کے مشير مير بن شبات اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشرق وسطی امور کے مشير جيرڈ کُشنر کی قیادت میں دونوں ممالک کے اہم حکام پر مشتمل مشترکہ وفد تل ابیب سے مراکش پہنچ گیا جہاں وہ ملک کے بادشاہ شاہ محمد سے ملاقات کریں گے۔

یہ خبر پڑھیں : مراکش نے اسرائیل کو تسلیم کرلیا 

مسلم ملک مراکش کی جانب سے امریکی ثالثی کے نتیجے میں 10 دسمبر کو اسرائیل کو تسلیم کیے جانے کے بعد یہ اسرائیل کی پہلی پرواز ہے۔ اس دورے کا مقصد ایوی ایشن، سیاحت، صحت، پانی، زراعت اور دیگر اہم شعبوں میں معاہدوں کو حتمی شکل دینا ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : یو اے ای اور بحرین کا اسرائیل سے سفارتی تعلقات کا معاہدہ طے پاگیا 

وفد کی قیادت کرنے والے اسرائیل کے قومی سلامتی کے مشیر اور امریکی صدر کے مشیر نے روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو میں مراکش کے دورے کو خطے میں قیام امن اور باہمی رواداری کے لیے اہم قرار دیا۔

واضح رہے کہ مراکش سے قبل اسلامی ممالک متحدہ عرب امارات، بحرین اور سوڈان نے بھی اسرائیل کو تسلیم کرکے سفارتی اور تجارتی تعلقات کی بحالی کا اعلان کرچکے ہیں اور ان ممالک نے اسرائیلیوں کے لیے اپنے فضائی راستے بھی کھول دیئے ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔