مقبوضہ کشمیر میں بلدیاتی انتخابات میں مودی مخالف اتحاد کامیاب

ویب ڈیسک  بدھ 23 دسمبر 2020
بلدیاتی انتخابات میں مودی مخالف اتحاد نے 112 جب کہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے 74 نشستیں حاصل کیں۔ فوٹو : فائل

بلدیاتی انتخابات میں مودی مخالف اتحاد نے 112 جب کہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے 74 نشستیں حاصل کیں۔ فوٹو : فائل

سرینگر: مقبوضہ وادی میں بلدیاتی انتخابات میں فاروق عبداللہ کی زیر قیادت مودی مخالف اتحاد کامیاب ہوگیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں ضلعی ترقیاتی کونسل کے انتخابات میں سابق وزیراعلیٰ مقبوضہ کشمیر فاروق عبداللہ کی زیر قیادت نریندر مودی مخالف 7 جماعتوں کے اتحاد نے کامیابی حاصل کرلی ہے، بلدیاتی انتخابات میں مودی مخالف اتحاد نے 280 میں سے 112 نشستیں حاصل کیں جب کہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے 74، کانگریس نے 26 اور آزاد امیدواروں نے 49 نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کا عمل 8 مرحلوں میں مکمل ہوا جو 28 نومبر سے 19 دسمبر تک جاری رہا جب کہ وادی کے 20 اضلاع میں رجسٹرڈ 60 لاکھ ووٹرز میں سے 51 فیصد سے زائد نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔

دوسری جانب مقبوضہ جموں کشمیر نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے انتظامیہ پر آزاد امیدواروں کی بھارتیہ جنتا پارٹی میں شمولیت کے لیے دباؤ ڈالنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ آزاد امیدواروں کو بات چیت کے لیے سری نگر بھیجا جارہا ہے جب کہ ان کی پارٹی کے ایک رکن کو آزاد امیدواروں سے رابطے کرنے پر پولیس نے اغوا کرلیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔