محمد رضوان نے پاکستان ٹیسٹ ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ سے زیادہ مضبوط قراردے دیا

یوسف انجم  جمعرات 24 دسمبر 2020
اس وقت ہمارے باؤلرز اور بیٹسمین دونوں ہی اچھے ردھم میں لگ رہے ہیں، محمد رضوان

اس وقت ہمارے باؤلرز اور بیٹسمین دونوں ہی اچھے ردھم میں لگ رہے ہیں، محمد رضوان

 لاہور: ہفتے سے شیڈول پہلے ٹیسٹ کے لیے کپتان مقرر ہونے والے محمد رضوان نے پاکستان ٹیسٹ ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ سے زیادہ مضبوط قرار دے دیا۔

پی سی بی کی طرف سے جاری کردہ ویڈیو لنک بیان میں محمد رضوان نے کہا ہے کہ اس اہم میچ میں بابراعظم کی کمی محسوس ضرور ہوگی۔ ہم نے چار گھنٹے سے زائد پریکٹس کی ہے۔ اس وقت ہمارے باؤلرز اور بیٹسمین دونوں ہی اچھے ردھم میں لگ رہے ہیں ۔پاکستان شاہینز کی فتح سے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں انہوں نے کہا کہ ٹی ٹونٹی کی نسبت ہمارا ٹیسٹ اسکواڈ تجربہ کار ہے۔شان مسعود، اظہر علی، فواد عالم اور حارث سہیل جیسے بیٹسمین دستیاب ہیں ہمارے پاس محمد عباس، یاسر شاہ اور شاہین شاہ آفریدی جیسے ٹیسٹ باؤلرز موجود ہیں۔

بابراعظم کی کمی ضرور محسوس ہوگی انجری کے باوجود بابراعظم جس طرح ٹریننگ سیشنز میں موجود رہتے ہیں، وہ قابل ستائش ہے۔ بابر اعظم باہر بیٹھ کر بھی ہر بیٹسمین کو اپنا تجربہ شیئر کررہے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے ساتھ اچھا مقابلہ دیکھنے کا موقع ملے گا۔ہم محنت پوری کریں گے، نتائج اللہ کے ہاتھ میں ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔