ٹی10 لیگ کا شیڈول پاکستان کپ سے متصادم

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 25 دسمبر 2020
 کئی اسٹار کرکٹرز سیمی فائنل اور فائنل سے باہر ہوسکتے ہیں،ذرائع
 فوٹو : فائل

 کئی اسٹار کرکٹرز سیمی فائنل اور فائنل سے باہر ہوسکتے ہیں،ذرائع فوٹو : فائل

 لاہور:  ابوظبی ٹی10لیگ کا شیڈول پاکستان کپ ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ سے متصادم ہوگا جب کہ کئی اسٹار کرکٹرز سیمی فائنل اور فائنل سے باہر ہوسکتے ہیں۔

ٹی ٹین لیگ کے مقابلے ابوظبی میں 28 جنوری سے 6فروری تک جاری رہیں گے، محمد حفیظ اور شعیب ملک مراٹھا عریبیئنز کی جانب سے ایکشن میں ہوں گے، محمد عامر پونے ڈیولز کے اسکواڈ میں شامل ہیں، وہاب ریاض اور عامر یامین کو ناردرن واریئرز کی نمائندگی کرنا ہے۔

عثمان شنواری ٹیم ابوظبی، محمد عرفان بنگلہ  ٹائیگرز، اعظم خان اور ذیشان فہیم دکن گلیڈی ایٹرز، عماد بٹ دہلی بلز کے اسکواڈ میں شامل ہیں، شاہد آفریدی، سہیل تنویر، آصف علی،حسن علی، شرجیل خان، سہیل اختر ایونٹ میں شرکت کرنے والی پاکستانی فرنچائز ٹیم قلندرز کی جانب سے ایکشن میں  ہوں گے۔

ایونٹ میں شرکت کے لیے کرکٹرز کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے این او سی بی جاری کیے جا چکے ہیں، دوسری جانب ڈبل لیگ کی بنیاد پر کراچی میں کھیلے جانے والے پاکستان کپ ون ڈے ٹورنامنٹ کے دونوں راؤنڈز 8 سے 26 جنوری تک مکمل ہوں گے، ان سے قبل ہی کئی اسٹار کرکٹرز ابوظبی روانہ ہو جائیں گے۔

ڈومیسٹک ایونٹ کے سیمی فائنل 29 اور 30 جنوری جبکہ فائنل 31تاریخ کو کھیلا جائے گا، ٹی ٹین لیگ میں شریک کھلاڑی ان مقابلوں کا حصہ نہیں بن پائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔