یورپ میں برفباری،طوفان اور بارشوں نے تباہی مچا دی

آئی این پی  اتوار 29 دسمبر 2013
طوفانی بارش اور سیلاب کے باعث 70 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔فوٹو:رائٹرز

طوفانی بارش اور سیلاب کے باعث 70 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔فوٹو:رائٹرز

نیویارک / لندن / پیرس / اوٹاوا / برازیلیا: کئی یورپی ممالک میں برف باری، طوفان اور شدید بارشوں نے تباہی مچادی،برازیل کے جنوب مشرقی علاقوں میں شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث ہلاک ہونیوالوں کی تعداد 50 سے تجاوز کرگئی، 70 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔

برازیلین صدرنے اپنی چھٹیاں منسوخ کرکے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ دوسری جانب امریکا، برطانیہ،کینیڈا سمیت کئی یورپی ممالک میں کرسمس اورنیو ایئرکی خوشیاں شدید سرد موسم اور سیلاب سے متاثر ہیں، لاکھوںگھروںکی بجلی تاحال غائب ہے جبکہ مواصلات کا نظام بھیدرہم برہمہے۔ عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا، برازیل سمیت کئی یورپی ممالک میں برفانی طوفان، شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 90 سے تجاوز کرگئی۔

برازیل کے اسپیرتو صوبے میں گذشتہ کئی روز سے جاری طوفانی بارش اور سیلاب کے باعث 70 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہوگئے ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 50 ہوگئی، ملک کے نشیبی علاقے مکمل طور پر زیر آب آچکے ہیں جس کے بعد متاثرہ علاقوں میں فوج کو تعینات کر دیا گیا ہے جوتعلیمی ادارے اور سرکاری عمارتوں میں متاثرین کیلیے میڈیکل کیمپ اور خیمہ بستیوں کا بندوبست کر رہی ہے۔ برطانیہ میں اب بھی 100 میل فی گھنٹے سے زیادہ رفتار کی طوفانی ہوائیں چل رہی ہیں۔

بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا ہے، 13 ہزار گھر اندھیرے میں ڈوب گئے۔برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے سیلاب اور طوفان سے شدید متاثرہ علاقے کینٹ کائونٹی کا دورہ کیا، متاثرہ افراد سے ان کی خیریت دریافت کی اور امدادی کاموں کا جائزہ لیا۔ برطانوی محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ہفتے بھی موسم کی شدت جاری رہے گی، ملک بھر میں وارننگز 42 اورفلڈ الرٹ 103 جاری کر دیے گئے ہیں۔ امریکا،کینیڈا، فرانس سمیت دیگر ممالک میں بھی برفانی طوفان اور شدید سردی کے باعث معمولات زندگی شدید متاثرہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔