کراچی،گلستان جوہر سے خاتون اغواکار گرفتار،مغوی بچہ بازیاب

ویب ڈیسک  اتوار 29 دسمبر 2013
بچے کو کسی کے کہنے پر اغوا نہیں کیا،ملزمہ کا ابتدائی بیان۔اسکرین شاٹ/ایکسپریس نیوز

بچے کو کسی کے کہنے پر اغوا نہیں کیا،ملزمہ کا ابتدائی بیان۔اسکرین شاٹ/ایکسپریس نیوز

کراچی: کراچی کےعلاقے گلستان جوہر میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مغوی بچے کو بازیاب کراکر اغوا کار خاتون کو گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کےعلاقے گلستان جوہر سے 7 دسمبر کو 5 سالہ بچے روحان کو اغوا کرلیا گیا تھا جس کے بعد اس کے لواحقین نے شاہراہ فیصل تھانے میں بچے کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی۔تاہم 21 دن گزر جانے کے بعد بھی پولیس کو بچے کی بازیابی سے متعلق کوئی کامیابی نہیں ملی۔

آج پولیس کو گلستان جوہر رابعہ سٹی کے علاقہ مکینوں نے فلیٹ نمبر  B4میں بچے کی موجودگی کی اطلاع دی جس کے بعد پولیس نے چھاپہ مار کر بچے کو بازیاب کرالیا اور ملزمہ کو گرفتار کرلیا۔پولیس نے بچے اور ملزمہ کو شاہراہ فیصل تھانے منتقل کیا اوربچے کی والدہ کو بلا یا گیا ،جہاں شناخت کےبعد بچے کو اس کے لواحقین کے حوالے کردیا گیا جبکہ پولیس نے ملزمہ کو باقاعدہ حراست میں لے لیا ہے۔

نمائندہ ایکسپریس کے مطابق ملزمہ نے اپنا نام فاطمہ بتایا  ہے اور اس کا کہنا ہے کہ اس نے بچے کو کسی کے کہنے پر اغوا نہیں کیا۔علاقہ مکینوں نے بتایا کہ ملزمہ فاطمہ کے ساتھ ایک مرد بھی رہتا تھا جو چار دن سے لاپتہ ہے،پولیس کا کہنا ہےکہ ملزمہ کے خلاف تفتیش شروع کردی ہے اور ملزمہ کے ساتھ رہنے والے مرد کی بھی تلاش کی جارہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔