جنرل ضیاء بلاول ہاؤس مسمار نہیں کر سکے تو عارف علوی کیا چیز ہیں، شرجیل میمن

ویب ڈیسک  اتوار 29 دسمبر 2013
کارکنوں کو حکم دیا تو وہ حکمرانوں کی اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے, پی ٹی آئی رہنما عارف علوی۔ فوٹو: فائل

کارکنوں کو حکم دیا تو وہ حکمرانوں کی اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے, پی ٹی آئی رہنما عارف علوی۔ فوٹو: فائل

کراچی: وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ بلاول ہاؤس پاکستان پیپلز پارٹی کے لئے سیاسی قبلہ کی حیثیت رکھتا ہے اور جیالے اس پر کسی بھی صورت آنچ نہیں آنے دیں گے۔

کراچی میں تحریک انصاف کے بلاول ہاؤس کے قریب احتجاج کے حوالے سے میڈیا سے بات کرتے ہوئے شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے جیالے بلاول ہاؤس کی حفاظت کے لئے موجود تھے کہ پاکستان تحریک انصاف کے “غنڈوں” نے ان پر حملہ کر دیا، پاکستان کی تاریخ میں آج تک کسی بھی سیاسی رہنما کے گھر کے باہر مظاہرہ نہیں کیا گیا لیکن تحریک انصاف کا بلاول ہاؤس کے سامنے احتجاج ان کی منفی سیاست کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ شرجیل میمن کا کہنا تھا جنرل ضیاء الحق بلاول ہاؤس بھی بی بی کا گھر مسمار نہیں کر سکے تو پی ٹی آئی کے عارف علوی کیا چیز ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں اور پیپلز پارٹی کے جیالوں کے درمیان جھڑپ کے بعد پولیس کی جانب سے مظاہرین پر لاٹھی چارج کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عارف علوی کا کہنا تھا کہ اگر کارکنوں کو حکم دیا تو وہ حکمرانوں کی اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔