روس میں ریلوے اسٹیشن میں خودکش دھماکا، 15 افراد ہلاک

اے ایف پی / ویب ڈیسک  اتوار 29 دسمبر 2013
دہشت گردی کے اس واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے، روسی تحقیقاتی کمیٹی

دہشت گردی کے اس واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے، روسی تحقیقاتی کمیٹی

ماسکو: روس کے جنوبی شہر وولگوگریڈ کے ٹرین اسٹیشن میں خودکش دھماکے میں کم از کم 15 افراد ہلاک اور 34 زخمی ہو گئے۔

روسی حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے بعد خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ خودکش دھماکا ایک خاتون نے کیا ہے، نامعلوم خاتون نے اس وقت خود کو دھماکے سے اڑا لیا جب اسے سیکورٹی پر معمور پولیس اہلکاروں نے میٹل ڈیٹکٹر کے قریب روکا۔ اسٹیشن پر نصب کیمروں کی مدد سے حاصل کی گئی ویڈیو میں اسٹیشن کی عمارت کے دروازے اور کھڑیوں سے ایک بڑا آگ کا شعلا بلند ہوتا دیکھا جا سکتا ہے ۔

روس کی تحقیقاتی کمیٹی کے ترجمان ولادیمیر مارکن کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے اس واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے، اسٹیشن کی جانب بڑھنے والی خودکش بمبار نے میٹل ڈیٹکٹر پر سیکورٹی اہلکاروں کو دیکھا تو اس نے خود کو وہیں اڑا لیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے میں 34 افراد زخمی بھی ہوئے۔ حکام کے مطابق اگر مبینہ خودکش بمبار خاتون اسٹیشن میں داخل ہونے میں کامیاب ہوجاتی تو ہلاکتوں کی تعداد بہت زیادہ ہوسکتی تھی کیونکہ نئے سال کی تقریبات کی وجہ سے لوگوں کی کثیرتعداد اسٹیشن اندر موجود تھی۔ اس دھماکے کی ذمہ داری ابھی تک کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔

واضح رہے کہ وولگوگریڈ ہی میں اکتوبر میں ایک خاتون خودکش بمبار نے ایک بس کو نشانہ بنایا تھا جس میں 6 افراد ہلاک ہوئے تھے جب کہ رواس سال جولائی میں چیچن جنگجوؤں کے سربراہ نے انٹرنیٹ پر ایک ویڈیو پیغام ڈالا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ سرما اولمپکس سے قبل زیادہ سے زیادہ حملے کیے جائیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔