نارتھ کراچی، ناظم آباد سمیت مختلف علاقوں میں روزانہ 7 گھنٹے گیس غائب

اسٹاف رپورٹر  پير 28 دسمبر 2020
رات ساڑھے گیارہ بجے بند ہونے والی گیس کی سپلائی صبح ساڑھے چھ بجے بحال ہوتی ہے (فوٹو : فائل)

رات ساڑھے گیارہ بجے بند ہونے والی گیس کی سپلائی صبح ساڑھے چھ بجے بحال ہوتی ہے (فوٹو : فائل)

 کراچی: سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کے دعووں کے باوجود نارتھ کراچی، ناظم آباد اور دیگر علاقوں میں گیس کی لوڈ شیڈنگ نے مکینوں کو شدید مشکلات سے دوچار کردیا۔

نارتھ کراچی کے مختلف علاقوں سیکٹر الیون بی، الیون اے اور الیون سی ون سمیت ناظم آباد کے مختلف بلاکس سمیت، پاپوش نگر اور ملحقہ علاقوں میں سوئی گیس کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا کر پڑ رہا ہے۔

مکینوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے سے رات کو ساڑھے 11 بجے سے لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے گیس کی سپلائی بند کر دی جاتی ہے جو صبح ساڑھے چھے بجے تک جاری رہتی ہے،  اس دوران کچھ میں کوئی کام نہیں ہوسکتا، مکینوں کو روزانہ کی بنیاد پر صبح اٹھ کر گیزر کو دوبارہ چلانا پڑتا ہے۔

یہ پڑھیں : سب سے پہلے سندھ کی گیس پوری کی جائے، وزیراعلیٰ سندھ کا وزیراعظم کو خط

شہریوں کا کہنا ہے کہ سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ شہر کے کسی بھی علاقے میں گیس کی لوڈ شیڈنگ نہیں کی جا رہی ہے تاہم نارتھ کراچی اور ناظم آباد میں گزشتہ ایک ہفتے سے جاری سوئی گیس کی لوڈ شیڈنگ نے ان کے دعووں کی قلعی کھول دی ہے۔  شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر گیس کی لوڈ شیڈنگ کا نوٹس لیا جائے اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کو ختم کرایا جائے۔

دریں اثنا گیس کی لائنوں میں پانی آنے کی بھی شکایات ہیں۔ گیس کی لائنیں بوسیدہ ہونے کی وجہ سے لائنوں میں رساؤ ہیں جن کے سبب گھروں میں گیس کی جگہ پانی آرہا ہے۔ گیس کمپنی کو اس حوالے سے متعدد بار آگاہ کیا گیا لیکن ٹھیکے دار پیسہ مانگ رہے ہیں جبکہ کمپنی نے اپنی لائنوں کی مرمت کرنا بند کردی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔