سندھ یونیورسٹی جامشورو کے وائس چانسلر کے لیے تین امیدوار شارٹ لسٹ

صفدر رضوی  منگل 29 دسمبر 2020
وزیر اعلی سندھ تین میں سے کسی ایک امیدوار کا بطور وائس چانسلر تقرر کریں گے(فوٹو، فائل)

وزیر اعلی سندھ تین میں سے کسی ایک امیدوار کا بطور وائس چانسلر تقرر کریں گے(فوٹو، فائل)

 کراچی: صوبے کی سر کاری جامعات میں وائس چانسلر کے تقرر کی سفارش کرنے والی تلاش کمیٹی نے سندھ یونیورسٹی جامشورو کے نئے سربراہ کے تقرر کے لیے انٹرویوز کے عمل کے بعد 3 امیدواروں کے ناموں کو شارٹ لسٹ کرلیا ہے۔

یہ تین نام اب سرکاری جامعات کی کنٹرولنگ اتھارٹی وزیر اعلی سندھ  کو بھجوائے جائیں گے اور وزیر اعلی سندھ تین میں سے کسی ایک امیدوار کا بطور وائس چانسلر تقرر کریں گے ۔

تلاش کمیٹی کی جانب سے انٹرویوز  منگل کو کنوینر ڈاکٹر عبدالقدیر راجپوت کی زیر صدارت منعقدہ ہوئے جس میں شارٹ لسٹ کیے گئے 16 میں سے 14 امیدوار شریک تھے۔

انٹرویو کے بعد جن تین ناموں کا انتخاب کیا گیا ان میں سندھ یونیورسٹی جامشورو کے پرووائس چانسلر ڈاکٹر  صدیق کلہوڑو، یونیورسٹی آف صوفی ازم اینڈ ماڈرن سائنسز کی وائس چانسلر ڈاکٹر پروین منشی اور  انٹر نیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کے ڈائریکٹر آف ڈسٹینس ایجوکیشن ڈاکٹر نبی بخش جمانی شامل ہیں۔

یاد رہے کہ سندھ یونیورسٹی کے موجودہ وائس چانسلر  ڈاکٹر فتح محمد برفت کی مدت ملازمت آئندہ ماہ 17 جنوری کو پوری ہورہی ہے  وہ انٹرویو کے لیے شارٹ لسٹ ہوئے  تھے اور انٹرویو کے عمل میں شریک بھی ہوئے تاہم تین منتخب امیدواروں میں جگہ نہیں بناسکے۔

انٹرویو کے لیے شارٹ لسٹ کیے گئے امیدواروں میں ایچ ای سی اسلام آباد کے سابق ایگزیکٹیوو ڈائریکٹر اور موجودہ ممبر ڈاکٹر فتح مری بھی شامل تھے تاہم وہ انٹرویو میں شریک نہیں ہوئے اور پہلے ہی معذرت کرلی۔

واضح رہے کہ تلاش کمیٹی کی جانب سے ان کا نام ٹنڈو جام زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے لیے بھجوایا جاچکایے۔ اس سے قبل وہ تلاش کمیٹی کی سفارش پر لیاری یونیورسٹی کے وائس مقرر کیے جاچکے تھے تاہم انھوں نے اس عہدے کا چارج نہیں سنبھالا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔