رواں سال 30 بینک ڈکیتیاں، ڈاکوؤں نے پونے 12 کروڑ روپے لوٹ لیے

اسٹاف رپورٹر  پير 30 دسمبر 2013
ایک دن میں 2 بینک ڈکیتیاں بھی ہوئیں،30 اپریل کوسال کی بڑی ڈکیتی میں سیکیورٹی گارڈز نے 5 کروڑ 38 لاکھ روپے لوٹے۔ فوٹو: فائل

ایک دن میں 2 بینک ڈکیتیاں بھی ہوئیں،30 اپریل کوسال کی بڑی ڈکیتی میں سیکیورٹی گارڈز نے 5 کروڑ 38 لاکھ روپے لوٹے۔ فوٹو: فائل

کراچی: رواں سال جہاں اغوا برائے تاوان ، بھتہ خوری اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں عروج پر رہیں وہیں ڈاکوؤں کی جانب سے بینک ڈکیتیوں کا سلسلہ بھی جاری رہا۔

رواں سال 30 بینک ڈکیتیوں میں ڈاکو 11 کروڑ 76 لاکھ 72 ہزار روپے لوٹ کر فرار ہوگئے،امسال پہلی بینک ڈکیتی 4 جنوری کو جمشید کوارٹر پر نجی بینک میں ہوئی ڈاکو عملے کو یرغمال بنا کر 18 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے،15 جنوری کو پیرآباد میں ڈاکوئوں نے نجی بینک سے 23 لاکھ 27 ہزار روپے لوٹے اور مزاحمت پر سیکیورٹی گارڈ کو فائرنگ کر کے ہلاک کردیا، 8 فروری کو ٹیپو سلطان میں ڈاکوئوں نے نجی بینک سے14 لاکھ 30 ہزار روپے لوٹے، 20 فروری کو سائٹ میں ڈاکو نجی بینک میں ڈکیتی کیلیے داخل ہوئے مقابلے میں پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ ڈاکو فرار ہوگئے،22 فروری کو درخشاں میں سیکیورٹی گارڈ نے ساتھیوں کے ہمراہ نجی بینک سے 26 لاکھ روپے لوٹ لیے،8 مارچ کو گذری میں نجی بینک سے ڈاکو 35 لاکھ روپے،19مارچ کو نارتھ ناظم آباد میں نجی بینک سے 38 لاکھ روپے، 27 مارچ کو گذری میں نجی بینک سے 12 لاکھ روپے ، 2 اپریل کو ڈیفنس فیز ٹو میں نجی بینک سے 18 لاکھ 18 ہزار روپے اور 9 اپریل کو فیروز آباد میں بینک سے سیکیورٹی گارڈ نے 14 لاکھ 73 ہزار روپے لوٹ لیے۔

30 اپریل کو سال کی سب سے بڑی بینک ڈکیتی نیوٹاؤن چاندنی چوک کے قریب نجی بینک میں ہوئی جس میں سیکیورٹی گارڈز نے 5 کروڑ 38 لاکھ 50 ہزار روپے لوٹے اسی روز بہادر آباد ایمپائر اسکوائر بلڈنگ میں نجی بینک سے ڈاکوئوں نے 13 لاکھ 51 ہزار روپے لوٹے،30 مئی کو فیروزآباد میں نجی بینک سے ڈاکو 10 لاکھ روپے لوٹ کر لے گئے،31 مئی کو حیدری بلاک F میں نجی بینک سے ڈاکو 7 لاکھ 64 ہزار روپے ، 21 جون کو رفاع عام ملیر میں نجی بینک سے ڈاکو 50 لاکھ 21 ہزار روپے ، 24 جولائی کو بوٹ بیسن میں نجی بینک سے 25 لاکھ 68 ہزارروپے ، 27 جولائی کو بولٹن مارکیٹ میں نجی بینک میں ڈکیتی کی کوشش ناکام بنادی گئی،29 جولائی کو یو بی ایل شیرشاہ میں ڈکیتی کی کوشش سیکیورٹی گارڈ نے جان دے کر ناکام بنا دی۔

2 اگست کوٹیپو سلطان میں نجی بینک سے ڈاکو 21 لاکھ 96 ہزار روپے ، 6 اگست کو بلدیہ ٹاؤن میں قائم فرسٹ مائیکروفنانس بینک سے ڈاکو 21لاکھ 77ہزار روپے ، 23اگست کو لیاقت آباد 4 نمبر میں بینک سے ڈاکو14 لاکھ 73 ہزار روپے ، 13ستمبر کو شاہ فیصل کالونی میں بینک سے ڈاکو33 لاکھ 36 ہزار روپے، 25 ستمبر کو لانڈھی 6 نمبر 4-D میں بینک سے ڈاکو 33 لاکھ 89 ہزار روپے جبکہ اسی روز شارع قائدین نورانی کباب کے قریب نجی بینک سے ڈاکو 9 لاکھ 30 ہزار روپے ، 27 ستمبرکو ڈرگ روڈ کے قریب نجی بینک سے ڈاکو 12لاکھ روپے ،5 اکتوبر کو نارتھ ناظم آباد بلاک E میں نجی بینک میں تعینات سیکیورٹی گارڈ نے ساتھیوں کے ہمراہ بینک کی اے ٹی ایم مشین سے 29 لاکھ 37 ہزار روپے لوٹ لیے،25 اکتوبر کو شادمان ٹاؤن سیکٹر 14-B میں نجی بینک سے ڈاکو 44 لاکھ 32 ہزار روپے ، یکم نومبر کو پاپوش نگر میں نجی بینک سے ڈاکو 32 لاکھ 58 ہزار روپے لوٹ کر لے گئے اسی روز بفرزون میں ڈاکوئوں نے نجی بینک سے16 لاکھ روپے لوٹے اور مزاحمت پر سیکیورٹی کو ہلاک کردیا،19 دسمبر کو ناظم آباد میں نجی بینک سے 4 لاکھ 22 ہزار روپے جبکہ اسی روز کورنگی 2 نمبر Q ایریا میں ڈاکو نجی بینک سے 57 لاکھ 68 ہزار روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔