سڑکیں کھلوانا سیاسی جماعتوں کا نہیں انتظامیہ کا کام ہے، شازیہ مری

اسٹاف رپورٹر  پير 30 دسمبر 2013
عارف علوی نے بلاول ہاؤس پر حملے کا منصوبہ بنایا تھا، شازیہ مری۔ فوٹو: فائل

عارف علوی نے بلاول ہاؤس پر حملے کا منصوبہ بنایا تھا، شازیہ مری۔ فوٹو: فائل

کراچی: پیپلز پارٹی کی رہنما اور رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر عارف علوی پر الزام عائد کیا ہے کہ انھوں نے 27 دسمبر کو سوشل میڈیا پر بلاول ہائوس پر حملے کا منصوبہ بنایا تھا اور اسی حملے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے بلاول ہائوس کے باہر غیر جمہوری احتجاج کا طرز عمل اپنایا گیا، جس کی پیپلز پارٹی شدید مذمت کرتی ہے۔

اتوار کو پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ سڑکیں کھلوانا سیاسی جماعتوں کا نہیں انتظامیہ کا کام ہے، انتظامیہ نے عدالت کے حکم پر بلاول ہائوس کی شاہراہ کے ایک حصے کو ٹریفک کے لیے کھول دیا ہے اور دوسرے حصے کے لیے انتظامات کیے جارہے ہیں، لیکن تحریک انصاف نے بلاول ہائوس کے باہر احتجاج کرکے اپنی سیاست چمکائی ہے جس میں وہ ناکام ہوئے ہیں۔

شازیہ مری نے کہا کہ تحریک انصاف والے عوامی مسائل پر توجہ دیں اور خیبر پختونخواہ میں عوام کے مسائل کو حل کریں، تحریک انصاف ڈرون حملوں پر سیاست کے بجائے دہشت گردی کے واقعات میں 40 ہزار پاکستانیوں کی شہادت پر بھی اپنا احتجاج ریکارڈ کرائے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔