نئے سال میں عوام کو ریلیف کا امکان نہیں، حکومت مدت پوری کریگی، ماہرین نجوم

اجمل ستار ملک / احسن کامرے  جمعـء 1 جنوری 2021
جولائی میں کشمیر کی آزادی کا فیصلہ ہوجائیگا، میاں فاروق، کورونا دوبارہ پھیلنے کا خدشہ ہے، مصور زنجانی،ایکسپریس فورم میں گفتگو۔ فوٹو: ایکسپریس

جولائی میں کشمیر کی آزادی کا فیصلہ ہوجائیگا، میاں فاروق، کورونا دوبارہ پھیلنے کا خدشہ ہے، مصور زنجانی،ایکسپریس فورم میں گفتگو۔ فوٹو: ایکسپریس

لاہور: سال 2021 پاکستان اور بھارت کیلیے اہم تبدیلیوں کا سال ہوگا، جون، جولائی میں کشمیر کی آزادی کا فیصلہ ہوجائیگا۔ یہ سال پاکستان کے مستقبل کے رخ کا تعین کریگا، آئین میں تبدیلیاں رونما ہونگی، اپوزیشن جماعتیں اپنے مقاصد میں کامیاب ہوتی دکھائی نہیں دے رہیں، موجودہ حکومت اپنی مدت پوری کریگی۔ وبائی امراض کا تسلسل جاری رہیگا، عام آدمی کو ریلیف ملنے کا کوئی امکان نہیں۔ یہ پیشن گوئیاں ماہرین علم الاعداد و علم نجوم نے نئے سال کی آمد پر ’’ایکسپریس فورم‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کی۔

سید انتظار حسین زنجانی نے کہا کہ2021ء کا مفرد عدد 5 ہے،1965ء اور 1971ء کا کیلنڈر بھی یہی تھا، اس سال عالمی سطح پر جنگی ماحول رہے گا، پاکستان کو بھی 65ء اور 71ء کی طرح جنگ میں جھونکا جائیگا۔ فروری کے بعد آئینی معاملات خراب نظر آئیں گے، ملک میں ایمرجنسی کے امکانات نظر آرہے ہیں۔ اس سال عوامی مشکلات میں اضافے کے امکانات ہیں۔ یہ سال پرنٹ میڈیا کے حوالے سے خوش آئند ہوگا، اخبارات و رسائل کی سرکولیشن میں اضافہ ہوگا۔

میاں فاروق احمد نے کہا کہ جون، جولائی میںحکومت کی مشکلات میں اضافے کے امکانات ہیں، یہ سال مغرور حکمرانوں کیلیے مشکل ہوگا، بہت سارے بڑے سیاستدان اور سیاسی خاندان سیاست سے باہر نظر آرہے ہیں تاہم موجودہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔ مسلم لیگ (ن) کی مشکلات میں اضافہ ہوگا، مریم اور بلاول بھی اقتدار میں نظر نہیں آرہے۔ جون، جولائی میں کشمیر کی آزادی کا فیصلہ ہوجائے گا۔

مصور علی زنجانی نے کہا کہ اس سال پاکستان اور بھارت میں بڑی تبدیلیاں ہونے جارہی ہیں۔ یہ سال کشمیر کے حوالے سے انتہائی اہم ہوگا، کشمیر کی آزادی پر حقیقی معنوں میں کام کا آغاز ہوجائے گا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔