فائزہ حسن نے ڈرامہ سیریل ’’ نند ‘‘ چھوڑنے کی وجہ بتا دی

ویب ڈیسک  جمعـء 1 جنوری 2021
میرے لیے طویل عرصے تک کسی پراجیکٹ میں کام کرنا بہت مشکل ہے، فائزہ حسن (فوٹو: فائل)

میرے لیے طویل عرصے تک کسی پراجیکٹ میں کام کرنا بہت مشکل ہے، فائزہ حسن (فوٹو: فائل)

 کراچی: اداکارہ فائزہ حسن نے نجی چینل پر نشر ہونے والا ڈرامہ سیریل ’نند‘ چھوڑنے کی وجہ بتا دی۔

ویب سائٹ کو دیئے گئے انٹرویو میں فائزہ حسن نے کردار چھوڑنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ مجھے دکھائے گئے اسکرپٹ کے مطابق میرا کام صرف گوہر کی موت کے اختتام تک تھا۔ جس کو کرنے کے لیے میں نے رضامندی ظاہر کردی تھی۔ گوہر کا کردار ایک بہت بڑا چیلنج تھا جسے  نبھانے کے لیے میں نے بھرپور کوشش کی۔

اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ میں واقف ہوں کہ میری اداکاری کی وجہ سے ڈرامے کی ریٹنگ میں اضافہ ہوا جس کی وجہ سے اس ڈرامے کو مزید آگے بڑھا دیا گیا۔

فائزہ حسن  نے یہ بھی کہا کہ میرے مطابق ڈرامے کا اختتام گوہر کی موت پرہی ہوجانا تھا لیکن ڈرامے کی اقساط کو مزید بڑھا دیا گیا لیکن یہ بات بھی اہم ہے کہ میرے لیے طویل عرصے تک کسی بھی پراجیکٹ میں کام کرنا بہت مشکل ہے جس کی وجہ میرے چھوٹے بچے ہیں جو کہ توجہ مانگتے ہیں، لہٰذا میں نے ڈرامے میں مزید کام کرنے سے انکار کر دیا۔

واضح رہے کہ ان دنوں نجی چینل پر نشر ہونے والے ڈرامہ سیریل ’نند‘ نے نیا رخ اختیار کر لیا ہے۔ ڈرامے میں گوہر کا کردار فائزہ حسن ادا کر رہی تھی جن کی موت کے بعد انہیں بھارتی ڈراموں کی طرح پھر سے زندہ کردیا گیا۔ پلاسٹک سرجری کے بعد انہیں نئے انداز سے پیش کیا گیا ہے۔ اب گوہر کا کردار جویریہ سعود ادا کر رہی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔