سنڈے ایکسپریس، سال نامہ اسپیشل 2020 ء ۔ اپریل ، مئی

عبد الطیف ابو شامل  اتوار 3 جنوری 2021
چین عالمی طاقت کے طور پر امریکا کی جگہ لے رہا ہے، یورپی یونین کے وزیرخارجہ جوزف بوریل۔ فوٹو : فائل

چین عالمی طاقت کے طور پر امریکا کی جگہ لے رہا ہے، یورپی یونین کے وزیرخارجہ جوزف بوریل۔ فوٹو : فائل

5 اپریل کو چڑیا گھر میں ایک جانور کے کووڈ 19 سے متاثر ہونے کی خبر دنیا بھر میں پڑھی میڈیا پر لوگوں کی توجہ کا مرکز بنی جس میں بتایا گیا تھا کہ ایک چار سالہ مادہ ٹائیگر میں اس وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ یہ ٹائیگر نیویارک سٹی کے ایک چڑیا گھر میں قید ہے۔

٭٭٭

چین کے شہر ووہان جس کا چرچا دنیا بھر میں کورونا وائرس کی تیاری اور اس کے پھیلاؤ کے حوالے سے غیر مصدقہ اور مفروضوں پر مبنی خبروں میں ہوتا رہا اور بعد میں امریکی صدر کے بھی ایسے ہی الزامات اور بیانات سامنے آئے جنھیں عالمی میڈیا میں خاص کوریج ملی، وہاں 76 دن بعد 8 اپریل کو لاک ڈاؤن ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا۔ ووہان کے شہریوں کو تمام انتظامات اور احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے بیرونِ شہر جانے کی اجازت دے دی گئی۔

٭٭٭

پاکستان میں حکومت نے ’’احساس ایمرجنسی کیش پروگرام‘‘ کا آغاز کیا جس کے تحت 9 اپریل سے مستحق خاندانوں میں امدادی رقم تقسیم کرنے کے لیے مختلف سرکاری اسکولز میں بنائے گئے سینٹروں پر عوام کا رش نظر آیا۔ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک کورونا کی وبا سے متاثر غریب خاندان کے سربراہ کو بائیومیٹرک تصدیق کے بعد 12000 روپے کی امدادی رقم دینے کے لیے مراکز کے علاوہ نجی بینک کے اے ٹی ایم کے ذریعے بھی رقم حاصل کرنے کی سہولت دی گئی۔ اس پروگرام میں رجسٹر ہونے کے لیے ایس ایم ایس سروس کے ذریعے ملک بھر سے کروڑوں پیغامات موصول ہوئے۔

٭٭٭

ڈونلڈ ٹرمپ یوں تو اپنے پورے دورِصدارت میں حریفوں اور مخالفین کے حوالے سے تندوتیز اور متنازع بیانات کے علاوہ اپنے بعض فیصلوں کی وجہ سے بھی عالمی میڈیا میں زیربحث رہے، لیکن عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کو کورونا کی وبا کے پھیلنے کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے ڈبلیو ایچ او کی مالی امداد روکنے کا اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا جب دنیا ایک بڑے اور بدترین خطرے کا سامنا کررہی تھی۔ 15 اپریل کو ٹرمپ کے اس اعلان کے بعد امریکا اور دنیا بھر میں حکومتی پالیسیوں کے حوالے سے ٹرمپ پر تنقید کی گئی۔ ایک طرف ڈبلیو ایچ او کے سربراہ نے اس بیان کو نامناسب قرار دیا اور دوسری جانب دنیا کے مختلف ممالک اور صحت عامہ سے متعلق تنظیموں نے ٹرمپ پر شدید تنقید کی۔

صدر ٹرمپ نے 15 اپریل کو کورونا وائرس کے حوالے معمول کی بریفنگ کے دوران ڈبلیو ایچ او کے لیے مالی امداد روکنے کا اعلان کیا تھا۔ انھوں نے کہا تھا، ’’میں اپنی انتظامیہ کو ہدایت کر رہا ہوں کہ وہ عالمی ادارہ صحت کی فنڈنگ روک دیں اور ڈبلیو ایچ او کے کردار کا جائزہ لیں جس نے انتہائی بدانتظامی کی اور کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو چھپایا۔ ڈبلیو ایچ او اپنا بنیادی فرض ادا کرنے میں ناکام رہا ہے اور اس کا احتساب ہونا چاہیے۔‘‘

امریکی صدر نے کورونا کے پھیلاؤ کو ڈبلیو ایچ او کی نااہلی قرار دیا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل ٹرمپ نے چین پر سفری پابندیاں لگانے کا مطالبہ کیا تھا جس پر ڈبلیو ایچ او نے نکتہ چینی کی تھی۔ امریکا ڈبلیو ایچ او کو سالانہ 50 کروڑ ڈالر فراہم کرتا ہے جو ادارے کے کل بجٹ کا تقریباً 15 فی صد ہے۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ یہ رقم روک کر ان چیزوں پر خود خرچ کریں گے جہاں اس کی ضرورت ہے۔

٭٭٭

کورونا اور لاک ڈاؤن کے سبب تیل کی کھپت کم اور پیداوار بڑھ جانے کے باعث دنیا کی تاریخ میں پہلی مرتبہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمت منفی سطح تک گر گئی۔

21 اپریل کو خبر رساں اداروں اور میڈیا کے ذریعے دنیا تک پہنچنے والی ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ تیل ساز کمپنیاں مئی کے مہینے میں تیل کی کھپت کم ہونے سے اسے ذخیرہ کرنے کے حوالے سے مشکل میں پڑگئی ہیں اور اس خطرے کے پیش نظر خریداروں کو خود پیسے ادا کرنے پر مجبور ہیں۔

اس خبر کے مطابق تیل کی منڈی کریش کر گئی ہے جس کے نتیجہ میں تیل ساز کمپنیوں کو کرائے پر ٹینکرز لے کر اضافی تیل کو ذخیرہ کرنا پڑ رہا ہے اور اس سبب امریکی تیل کی قیمت منفی سطح تک گر گئی ہے۔

٭٭٭

پڑوسی ملک ایران سے یہ خبر آئی کہ پہلی مرتبہ اس کا ایک فوجی سیٹلائٹ مدار میں پہنچ گیا ہے۔ ایران کے خصوصی فوجی دستے پاسدارانِ انقلاب کے ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ ’قاصد لانچر‘ کی مدد سے نور نامی سیٹلائٹ مدار میں 425 کلو میٹر دور پہنچ گیا ہے۔ یہ ایک ایسی خبر تھی جس پر عالمی سیاست خصوصا امریکا ایران تعلقات کے اتار چڑھاؤ پر نظر رکھنے والے مبصرین کا کہنا تھا کہ اگر اس کی تصدیق ہو گئی تو امریکا اور ایران کے درمیان تناؤ مزید بڑھے گا۔

خبر میں بتایا گیا تھا کہ یہ ایران کا پہلا کام یاب تجربہ ہے جس میں سطحِ زمین کے قریب پہلا ملٹری سٹیلائٹ مدار تک پہنچا ہے۔

۔۔۔

 یکم مئی: یوم مزدور

یکم مئی یوم مزدور کے طور پر منایا گیا، لیکن کورونا کی وجہ سے جلسے، جلوسوں اور سیمینارز کے بغیر۔ کورونا وائرس کی وجہ سے ملک میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے سب سے زیادہ مزدور طبقہ متاثر ہوا۔ ایک رپورٹ کے مطابق چھے کروڑ محنت کش منڈی، بازار، کھیت، تعمیرات، ماہی گیری، کان کنی، گھریلو ملازمین، ہوٹلوں، دکانوں میں کام کرنے والے اور بھٹہ مزدور ہیں، جن پر ملک کے لیبر اور سماجی تحفظ کے قوانین کا اطلاق نہیں ہوتا۔ ایک کروڑ مزدور ٹھیکے داری نظام اور یومیہ اجرت کی وجہ سے لیبر اور سماجی تحفظ کے قوانین کے دائرے سے باہر ہیں۔ ایک تحقیقی رپورٹ کے مطابق ملک کے پونے سات کروڑ محنت کش بدترین حالات کا شکار ہیں۔

ایک ارب کی چاند گاڑی

امریکی ادارے ناسا نے چاند پر اترنے کے لیے چاند گاڑی بنانے کے لیے ایک ارب ڈالر کے ٹھیکے دیے، جن اداروں کو ٹھیکے دیے ان میں الون مسک اور جیف بیزوس شامل ہیں۔ امریکا 2024 کے آخر تک چاند پر اترنا چاہتا ہے۔ مذکورہ ادارے 2021 تک ایک دوسرے سے سبقت لے جانے کی کوشش کریں گے، جس کے بعد عملی مظاہرہ کرکے اپنی قابلیت ثابت کریں گے۔ 2024 میں چاند پر جانے والوں میں ایک عورت بھی شامل ہوگی۔

انسانی حقوق: پاکستان کی درجہ بندی میں کمی

انسانی حقوق سے متعلق سالانہ رپورٹ رواں ہفتے جاری کی گئی، جس کے مطابق پاکستان کی درجہ بندی میں کمی واقع ہوئی ہے، جس کی بنیادی وجہ خواتین اور بچوں کا عدم تحفظ ہے۔ دسمبر 2019 میں عالمی اقتصادی فورم کی عالمی صنفی فرق کی فہرست میں پاکستان کو مجموعی طور پر 153 میں سے 151 ویں نمبر پر رکھا گیا تھا۔

2 مئی: امریکی فوج کی طالبان کو دھمکی

امریکی فوج نے طالبان سے کہا کہ وہ لڑائی چھوڑ کر سیاسی راستہ اپنائیں ورنہ شدت پسندی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ امریکی فورسز کے نمائندہ اور طالبان ترجمان کے درمیان سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر لفظی جنگ جاری رہی، ادھر طالبان ترجمان نے اس کے ردعمل میں کہا کہ غیرذمہ دارانہ بیانات سے حالیہ ماحول کو نقصان نہ پہنچایا جائے۔

سری نگر: کشمیری مجاہدین کا بھارتی فوج پر حملہ

مقبوضہ کشمیر میں مجاہدین کی ایک کارروائی میں بھارتی کرنل اور میجر سمیت6 فوجی ہلاک ہوگئے جب کہ تین حریت پسند بھی اس کارروائی میں شہید ہوئے ہیں۔ مقبوضہ وادی کے ضلع کپواڑا میں مجاہدین اور بھارتی فوج کے درمیان جھڑپ ہوئی۔ اس دوران مجاہدین کے حملے میں بھارتی فوج کے دو سینیر افسر اور ایک پولیس سب انسپکٹر سمیت 6 اہل کار ہلاک ہوگئے۔ اس طرح مقبوضہ وادی میں 5 اپریل کے بعد سے ہلاک ہونے والے بھارتی فوجیوں کی تعداد 17 ہوگئی۔

5 مئی:پاکستان: ٹڈی دل کا حملہ

اقوامِ متحدہ کے ادارے برائے خوراک اور زراعت کی رپورٹ میں کہا گیا کہ ٹڈی دل کے حملوں سے پاکستان میں ربیع اور خریف کی فصلوں کو شدید نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے، جس سے ملک کو رواں سال مجموعی طور پر چار ارب ڈالرز یا 669 ارب پاکستانی روپوں کا نقصان برداشت کرنا پڑسکتا ہے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ کورونا وائرس کے خطرات میں یہ صورتِ حال غذائی تحفظ، مویشیوں کی بقاء اور معاشرے کے سب سے کم زور طبقات کے لیے تباہ کن ہوسکتی ہے۔ اندازے کے مطابق ٹڈی دل کے حملوں سے پاکستان کی 15 فی صد ربیع کی فصل ضایع ہونے کا خدشہ تھا، جس سے ملک کو مجموعی طور پر 205 ارب روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑتا۔ تاہم اس سے بھی زیادہ نقصان خریف کی فصل میں ٹڈی دل کے حملوں کی صورت میں اٹھانا پڑتا ہے، جس کے نقصانات کا تخمینہ 464 ارب روپے لگایا گیا۔

چین کا خلا میں اسپیس اسٹیشن

چین نے ایک نیا راکٹ اور پروٹو ٹائپ اسپیس کرافٹ لانچ کیا، جس کے تحت چین مستقبل میں خلا میں ایک اسپیس اسٹیشن بنائے گا، بعدازآں خلاباز چاند پر بھیجے گا۔ لانگ مارچ فائیو بی نامی راکٹ جنوبی آئی لینڈ سے چھوڑا گیا جو آٹھ منٹ میں مدار میں داخل ہوگیا۔ بعدازآں پروٹو ٹائپ اسپیس شپ کے بعد اپنے ہدف مدار میں داخل ہوگیا۔ چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق کارگو ریٹرن کیپسول کا ایک ٹیسٹ ورجن بھی کام یابی سے راکٹ سے علیحدہ ہوگیا۔ اسپیس شپ ایک دن خلابازوں کو خلا میں داخل کرے گا۔ چین کا یہ منصوبہ 2022 تک کا ہے، بعدازآں چین کا ہدف چاند ہے۔

بھارت کا کھلا تعصب

بھارت میں حکومت نے دہلی کے حالیہ مسلم کش فسادات میں ملوث بلوائیوں کے بہ جائے سرکردہ مسلم شخصیات کو گرفتار کرنے کا سلسلہ شروع کردیا، یہ شخصیات متنازع شہریت ترمیمی قانون کے خلاف مہم میں پیش پیش تھیں۔ دہلی پولیس فروری میں ہونے والے فسادات کے لیے سرکردہ مسلم شخصیات کے خلاف آئے دن مقدمات درج کرتی رہی اور گرفتاریوں کا سلسلہ بھی جاری رہا۔

6 مئی:عالمی درجۂ حرارت میں اضافہ

ایک تحقیق میں خبردار کیا گیا ہے کہ عالمی درجۂ حرارت میں مزید 1C اضافے سے ایک ارب افراد یا تو بے گھر ہو جائیں گے یا ناقابل برداشت گرمی برداشت کرنے پر مجبور ہوں گے۔ تحقیق کے مطابق دنیا کی تیس فی صد آبادی انتہائی گرمی میں زندگی گزارے گی جس کا اوسط درجۂ حرارت 29 سینٹی گریڈ ہوگا۔ عالمی درجۂ حرارت میں تین سینٹی گریڈ اضافے سے بھارت میں ایک ارب بیس کروڑ ، نائیجیریا میں48کروڑ پچاس لاکھ، پاکستان میں ساڑھے اٹھارہ کروڑ، انڈونیشیا میں14کروڑ ساٹھ لاکھ، سوڈان میں دس کروڑ تیس لاکھ، نائجر میں دس کروڑ، فلپائن میں نو کروڑ نوّے لاکھ ، بنگلادیش میں نو کروڑ اسی لاکھ، برکینا فاسو میں چھے کروڑ چالیس لاکھ اور تھائی لینڈ میں چھے کروڑ بیس لاکھ افراد صحارا کے علاقوں جیسی شدید گرمی کی لپیٹ میں آئیں گے۔

مقبوضہ کشمیر: برہان وانی کا جانشین ریاض نائیکوبھارتی فوج سے مقابلے میں شہید

مقبوضہ وادی میں حزبِ المجاہدین کے اہم کمانڈر ریاض احمد نائیکو پلوامہ میں فورسز کے ساتھ جھڑپ میں ساتھی عادل احمد سمیت شہید ہوگئے۔ ریاض نائیکو عرف محمد بن قاسم عرف زبیر ماضی میں ریاضی کے استاد تھے اور انہیں 2016 میں کمانڈر برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد تنظیم کا آپریشنل کمانڈر مقرر کیا گیا تھا۔ بھارت نے ریاض نائیکو کے سر کی قیمت 12 لاکھ روپے مقرر کر رکھی تھی۔ بھارت کی وزارتِ داخلہ نے جون 2019 میں ریاض نائیکو کا نام سب سے مطلوب دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کیا تھا۔

7مئی:بھارت کی سیزفائر کی خلاف ورزیاں

پاکستان کے دفترخارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی نے کہا کہ بھارت اب تک 1000 سے زیادہ مرتبہ سیزفائر معاہدہ کی خلاف ورزیاں کرچکا ہے۔ LOC پر شہری آبادیوں کو نشانہ بنانا اور مقبوضہ کشمیر میں ماورائے عدالت قتل معمول بن گیا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ پاکستان بھارتی عزائم سے غافل نہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی کوششیں کرتے رہیں گے۔

بلوچستان دھماکے میں میجر سمیت 6جوان شہید

آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے بلیدہ میں فورسز کی گاڑی دیسی ساختہ بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں میجر ندیم اور 5 سپاہی شہید ہوگئے۔ دیسی ساختہ بارودی مواد سے فورسز کی گاڑی کو ہدف بنایا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شہداء میں میجر ندیم عباس بھٹی، نائیک جمشید، لانس نائیک تیمور، لانس نائیک خضر حیات، سپاہی ساجد اور سپاہی ندیم شامل تھے۔

12 مئی:افغانستان: اسپتال اور جنازے پر خود کش حملہ

افغانستان میں زچہ بچہ اسپتال اور نمازجنازہ کے دوران ہونے والے ہول ناک حملوں میں عورتوں اور بچوں سمیت 40 افراد ہلاک جب کہ درجنوں زخمی ہوگئے۔ ہیومن رائٹس واچ نے اس حملے کو جنگی جرم قرار دیا۔ داعش نے نمازجنازہ پر ہونے والے خودکش حملے کی ذمے داری قبول کی۔ اے ایف پی کے مطابق ننگرہار کے گورنر کے ترجمان عطاء اﷲ خوگیانی کا کہنا تھا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق 40 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں نومولود بچے، خواتین اور صوبائی کونسل کے رکن بھی شامل تھیں۔ دارالحکومت کابل میں ایک اسپتال پر پولیس وردی میں ملبوس تین مسلح افراد نے حملہ کیا جس میں 13 افراد ہلاک ہوئے جب کہ ننگرہار میں ایک جنازے پر خود کش حملے میں 27 افراد نشانہ بنے۔ حکام کے مطابق ملک کے مشرقی صوبے ننگرہار میں ہونے والے خود کش حملے میں 15 افراد ہلاک جب کہ 50 زخمی ہوئے ہیں جن میں کئی اعلیٰ سرکاری حکام بھی شامل تھے۔

14 مئی: کورونا: برطانوی اسٹاک مارکیٹ کریش

برطانیہ میں اسٹاک مارکیٹس کریش کرگئیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ملک میں کورونا وائرس کی ایک اور لہر آنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا جس کے باعث کاروباری سرگرمیوں میں بے یقینی کی کیفیت پیدا ہوگئی۔ دوسری جانب امریکا کے مرکزی بینک یو ایس فیڈرل ریزرو کے سربراہ نے خبردار کیا کہ منہگائی کی شرح (کساد بازاری) دوسری جنگ عظیم کے وقت سے بھی زیادہ بدتر ثابت ہوسکتی ہے۔ برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق300 سال میں پہلی مرتبہ اتنی گہری کساد بازاری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

15 مئی:اسٹیٹ بینک کی مانیٹری پالیسی

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے آئندہ دو ماہ کے لیے مانیٹری پالیسی جاری کردی، شرح سود ایک فی صد کم کرکے 8 فی صد مقرر کرنے کا اعلان کردیا ہے جب کہ گذشتہ دو ماہ میں مجموعی طور پر شرح سود میں 5.25 فی صد کمی کی جاچکی ہے۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق لاک ڈاؤن کے باعث معاشی سست روی ختم نہیں ہوسکتی، ٹیکس وصولی 15 فیصد کم، خسارے بڑھیں گے، مرکزی بینک نے خدشہ ظاہر کیا کہ اشیاء کی ترسیل میں رکاوٹ اور خراب زرعی حالات کے سبب خوردنی اشیاء کی قیمت بڑھنے کا امکان ہے۔

ڈاکٹر عافیہ کا معافی سے انکار

امریکی جیل حکام کے مطابق ڈاکٹر عافیہ صدیقی نے اپنی سزا معافی کے لیے رحم کی درخواست پر دست خط کرنے سے انکار کردیا، جب کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن فوزیہ صدیقی کے وکیل نے اس کی تردید کردی۔

16 مئی:بھارتی آرمی چیف کا بیان مسترد

پاکستان نے بھارتی آرمی چیف کا بیان مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ استصواب رائے کے لیے کشمیریوں کی جدوجہد دہشت گردی نہیں، کشمیریوں کی قانونی وجائز جدوجہد کو دہشت گردی کے طور پر بیان کرنے کی بھارتی شرانگیزی اور فتنہ پردازی کام یاب نہیں ہوگی۔ ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا ہے کہ ہم بھارتی آرمی چیف کے حالیہ بیان کو مسترد کرتے ہیں جس میں پاکستان پر بے بنیاد الزامات عاید کرتے ہوئے دھمکیاں دی گئیں تھیں۔ یہ ہتھکنڈے مایوسی کے عالم میں ان بھارتی کوششوں کا حصہ ہیں جن کا مقصد دنیا کی توجہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی اور انسانی حقوق کی سنگین ترین پامالیوں سے ہٹانا ہے۔

17 مئی:چینی سفیر کی پراسرار ہلاکت

اسرائیل میں متعین چین کے سفیر دو وائی کی لاش ان کے گھر سے برآمد ہوئی ہے۔ اسرائیلی وزارت خارجہ نے چینی سفیر کی ہلاکت کی تصدیق کی۔ 57 برس کے ڈو وائی کی لاش دارالحکومت تل ابیب کے شمال میں قائم شہر ہرزیلیہ میں اپنے گھر سے برآمد ہوئی۔ ابتدائی طور پر بتایا جا رہا تھا کہ سفیر اپنی نیند میں ہی طبی وجوہات کی بناء پر انتقال کر گئے۔

افغانستان: شراکت اقتدار کے معاہدے پر دست خط

افغانستان کے صدر اشرف غنی اور ان کے سیاسی حریف عبداﷲ عبداﷲ کے مابین شراکت اقتدار کے معاہدے پر دست خط ہوگئے۔ معاہدے کے تحت عبداﷲ عبداﷲ، طالبان کے ساتھ مستقبل میں امن مذاکرات کی قیادت کرسکیں گے۔ امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے افغانستان میں حالیہ پیش رفت کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ نیٹو کے سربراہ جینز اسٹولٹن برگ نے بھی سیاسی حریفوں کے درمیان شراکت اقتدار کے معاہدے کو سراہتے ہوئے کہا کہ فریقین قیام امن کے لیے اپنی کوششیں نئے سرے سے شروع کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

مقبوضہ کشمیر کمانڈر عقاب شہید

مقبوضہ جموں کشمیر کے ضلع ڈوڈہ کے علاقہ دھڑا گاں پوستہ میں بھارتی فورسز کے ساتھ ایک جھڑپ میں حزب المجاہدین کے کمانڈر طاہر احمد بٹ عرف عقاب شہید ہوگئے۔

18 مئی:سپریم کورٹ کا کاروبار کھولنے کا حکم

پاکستان کی سپریم کورٹ نے ملک بھر میں کاروبار کھولنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ کاروبار بند کرنا آئین کے خلاف ہے، عدالت نے سیل کی گئی دکانیں بھی کھولنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت کا کہنا تھا کہ سندھ شاپنگ مالز کھولنے کے لیے وفاق سے فوراً اجازت لے، دکانیں نہ کھلیں تو لوگ بھوک سے مریں گے یا سڑکوں پر آئیں گے۔

نیپال کا نیا نقشہ

بھارت سے سرحدی تنازعے پر بڑھتی ہوئی کشیدگی کے بعد نیپالی کابینہ نے نئے سیاسی نقشے کی توثیق کردی۔ اس نئے نقشے میں لیپولیکھ، کالاپانی اور لیمپیادرا کو نیپال کا حصہ ظاہر کیا گیا جس پر بھارت کا قبضہ ہے۔ ان علاقوں کو بھارت نے زبردستی اپنی حدود میں شامل کیا ہوا ہے۔ اس حوالے سے کابینہ کا اجلاس نیپالی وزیراعظم کے پی اولی کی سرکاری رہائش گاہ پر ہوا۔ نیپالی وزیر لینڈ منیجمنٹ پدما اریال نے نیا سیاسی نقشہ کابینہ کے اجلاس میں پیش کیا۔ نیپال کے وزیرخارجہ پردیپ کمار گاہوالی نے کہا کہ وزیراعظم نے کابینہ اجلاس میں کہا کہ حکومت اپنے آباواجداد کی زمین کی حفاظت کرے گی۔ لیپولیکھ وہ علاقہ ہے جہاں چین، نیپال اور انڈیا کی سرحدوں سے متصل ہے۔ نیپال، انڈیا کے اس قدم کے بارے میں ناراض ہے۔ لیپولیکھ میں قبضے کے معاملے پر نیپال میں انڈیا مخالف مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔

طالبان کا افغان خفیہ ایجینسی پر حملہ

افغانستان کے مشرقی صوبے غزنی کے گورنر کے ترجمان وحیداﷲ جمعہ زادہ نے بتایا کہ صوبے میں کار بم دھماکے سے حساس ادارے کے کم از کم 7 اہل کار ہلاک اور 40 کے قریب زخمی ہوگئے۔ اس حملے کی ذمے داری طالبان نے قبول کرلی۔ گورنر کے ترجمان  نے بتایا کہ طالبان نے اپنے حملے میں فوجی بکتربند کا استعمال کرتے ہوئے نیشنل ڈائریکٹوریٹ آف سیکورٹی (این ڈی ایس) کے یونٹ کو نشانہ بنایا۔ طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے افغان صدر اشرف غنی اور عبداﷲ عبداﷲ کے درمیان ہونے والے معاہدے پر ردعمل دیتے ٹوئٹر پر کہا: ’’جو کچھ کابل میں ہورہا ہے وہ صرف ماضی کے ناکام تجربات کا سلسلہ ہے۔‘‘

کنٹرول لائن پر شہری آبادی پر بھارتی فوج کی گولہ باری

کوئی رتہ سیکٹر میں بھارتی فوج نے گزشتہ روز بھی بلااشتعال فائرنگ اور گولہ بار ی کی جس سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔ پاک فوج کے منہ توڑ جواب سے دشمن کی گنیں خاموش ہوگئیں۔ پاک فوج نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارت کی پوسٹوں کو نشانہ بنایا جس کے بعد بھارتی گنیں خاموش ہوگئیں۔ گذشتہ برس 2020ء میں مئی تک بھارت نے 1081 مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کی۔ بھارت پر زور دیا گیا کہ یہ اقدامات 2003 کے جنگ بندی معاہدہ، بین الاقوامی انسانی حقوق و قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

19 مئی:

بلوچستان میں سیکیوریٹی فورسز پر دہشت گردوں کے2 حملوں میں 7 اہل کار شہید ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے جاری بیان کے مطابق بلوچستان کے علاقوں مچھ اور کیچ میں دہشت گردی کے واقعات پیش آئے۔ مچھ میں گذشتہ رات فرنٹیئر کور کی گاڑی پر آئی ای ڈی سے حملہ کیا گیا۔ مچھ کے علاقے پیرغائب میں ایف سی کی گاڑی کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ بیس کیمپ سے معمول کی پیٹرولنگ کے بعد واپسی آرہی تھی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس حملے میں جونیئر کمیشنڈ آفیسر (جی سی او) اور ایک سویلین ڈرائیور سمیت 6 اہل کار شہید ہوگئے۔ شہید ہونے والوں میں نائب صوبیدار احسان اﷲ خان، نائیک زبیر خان، نائیک اعجاز احمد، نائیک مولا بخش، نائیک نور محمد اور ڈرائیور عبدالجبار شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دوسرا واقعہ کیچ کے علاقے میں مند کے قریب پیش آیا، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں ایک سپاہی امداد علی نے جام شہادت نوش کیا۔

حریت کانفرنس کے راہ نما اشرف صحرائی کا بیٹا شہید

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج سے مقابلے میں ایک اور حزب کمانڈر شہید ہوگیا۔

جنید صحرائی کا قابض فوج کے ساتھ 12 گھنٹے سے زاید مقابلہ جاری رہا۔ اس دوران بھارتی فوج نے سرینگر میں کئی مکانات کو بھی دھماکا خیز مواد سے تباہ کردیا۔ جنید صحرائی، آل پارٹیز حریت کانفرنس راہ نما اشرف صحرائی کے بیٹے اور اعلیٰ تعلیم یافتہ تھے۔ جھڑپ میں متعدد بھارتی فوجیوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ملیں۔

21مئی:

متحدہ قومی موومنٹ لندن کے راہ نما ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کا 5 سال بعد ٹرائل مکمل ہوگیا، عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔

22 مئی:پی آئی اے کا طیارہ حادثے کا شکار

عید منانے کے لیے مسافروں کو لاہور سے کراچی لانے والا پی آئی اے کا طیارہ جمعۃ الوداع کو کراچی ایئرپورٹ پر لینڈنگ سے چند لمحے پہلے حادثے کا شکار ہوگیا، جس کے نتیجے میں 96 افراد جاں ہوگئے۔ طیارے میں عملے کے 7 ارکان سمیت 9 بچے، 30 خواتین، 59 مرد سوار تھے۔ بینک آف پنجاب کے صدر ظفر مسعود اور محمد زبیر حادثے میں معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔ بدقسمت طیارہ ایک بج کر 8 منٹ پر لاہور سے اڑا اور 2 بج کر 37 منٹ پر کراچی ایئرپورٹ کے قریب آبادی پر گر کر تباہ ہوگیا۔ ترجمان نے بتایا کہ پی آئی اے کے زیراستعمال یہ ائیر بس اے 320 طیارہ زیادہ پرانا نہیں تھا اور اس کی عمر تقریباً 10 سے 11 سال تھی اور طیارہ مکمل درست تھا، لہٰذا تکنیکی خرابی کے بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔ ذرایع کے مطابق طیارہ ماڈل کالونی اور ملیر کینٹ کے قریب جناح گارڈن کے پاس آبادی پر گرا اور اس میں گرتے ہی ہول ناک آگ لگ گئی، وزیراعظم عمران خان کا طیارہ حادثے کی فوری تحقیقات کا حکم دے دیا۔

26 مئی:چین، بھارت آمنے سامنے

بھارتی فوج کی جانب سے چینی حدود میں دراندازی کا بھرپور جواب دیتے ہوئے چینی افواج لائن آف ایکچوئل کنٹرول کے قریب پہنچ گئی، بھارتی فوج چار محاذوں پر پسپا ہوگئی۔مشرقی لداخ کے علاقے پینگونگ لیک اور گالوان وادی میں بھارتی اہل کاروں کی چینی فوج سے جھڑپیں ہوئیں۔ اس دوران سرحدی خلاف ورزی پر چین کی جانب سے بھارتی فوجیوں کو حراست میں لے لیا گیا۔

ناسا: انسان خلا میں

امریکا میں پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے تحت انسان کو خلا میں بھیجنے کا پروجیکٹ اپنے آخری مراحل میں داخل ہوگیا اور اس کے خلانوردوں کے اسپیس ایکس کمپنی کے تیار کردہ راکٹ کے ذریعے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کی لیے روانگی کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔ ایک دہائی بعد یہ پہلی مرتبہ ہوا کہ نجی کمپنی کا تیار کردہ خلائی جہاز امریکی خلانوردوں کو لے کر خلا کے لیے روانہ ہوا۔ غیرملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق 2011ء میں امریکا کے خلائی شٹل پروگرام کے خاتمے کے بعد سے امریکا کے پاس یہ صلاحیت نہیں رہی تھی کہ وہ اپنے خلانوردوں کو مدار میں بھیج سکے۔

ڈائنوسار کا خاتمہ کیسے ہوا؟

تقریباً 6 کروڑ 60 لاکھ سال قبل اندازاً پیرس کے رقبے جتنا ایک شہابیہ زمین کے ساتھ ٹکرایا تھا جس کے نتیجے میں زمین پر رہنے والے تمام ڈائنوسارز اور کرۂ ارض پر موجود 75 فی صد حیات ختم ہوگئی۔ یہ بات اب بھی ایک معما بنی ہوئی ہے کہ یہ ٹکر بہ راہِ راست تھی یا یہ شہابیہ زمین سے ٹکرا کر نکل گیا۔ نیچر کمیونی کیشنز میگزین میں شایع ہونے والی ایک حالیہ تحقیق میں بتایا گیا کہ ایک تباہ کن شہابیہ 60 ڈگری کے زاویے سے زمین سے ٹکرایا جس کے تباہ کن نتائج برآمد ہوئے۔ اس زبردست ٹکر کے نتیجے میں اس قدر گرد و غبار اور گیسیں اڑ کر ماحول میں پھیل گئیں کہ اس سے زمین کا ماحول تبدیل ہوگیا۔

طالبان کا سیز فائر

افغانستان میں حکام نے منگل کو طالبان کے 900 قیدی رہا کرنے کے فیصلے کا اعلان کیا۔ یہ اعلان ایک روز قبل سو طالبان قیدیوں کی رہائی کے بعد سامنے آیا۔ افغان طالبان نے عید کے لیے جنگ بندی کا اعلان کیا تھا جس کے بعد افغان حکومت نے دو ہزار تک طالبان قیدی رہا کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

چین: نئی عالمی طاقت

یورپی یونین کے وزیرخارجہ جوزف بوریل نے کہا کہ چین عالمی طاقت کے طور پر امریکا کی جگہ لے رہا ہے۔ یورپی یونین کے وزیرخارجہ جوزف بوریل نے کہا کہ ماہرین جس ’’ایشیائی صدی‘‘ کی آمد کی پیش گوئی کر رہے تھے اس کا شاید کورونا کی وباء کے دوران ظہور ہو چکا ہے۔ ایسے شواہد ہیں کہ چین عالمی طاقت کے طور پر امریکا کی جگہ لے رہا ہے اور یورپی یونین کو چین کے حوالے سے ایک مضبوط پالیسی طے کرنی ہوگی۔ تاریخ میں کووڈ 19 کی وبا کو ایک ایسے فیصلہ کن موڑ کے طور پر دیکھا جائے گا جب دہائیوں بعد امریکا دنیا کی راہ نمائی کرتا ہوا نظر نہیں آ رہا تھا۔

27 مئی:برطانیہ کی پہلی باحجاب جج

برطانیہ میں پہلی بار مسلمان باحجاب خاتون جج کے عہدے پر فائز ہوگئیں۔ 40 سالہ رافعہ ارشد کا تعلق لیڈز سے ہے۔ برطانوی اخبار کو انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ انہوں نے 11سال کی عمر میں جج بننے کا خواب دیکھا تھا، لا کالج کے انٹرویو کے وقت اہل خانہ نے حجاب اتار نے کو بھی کہا لیکن انکار کردیا تھا۔

چین اور امریکا کی معاشی جنگ

سرمایہ کاروں نے خبردار کیا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والے عالمی بحران کے نتیجے میں امریکا اور چین کے درمیان سرمائے، تجارت اور ٹیکنالوجی کی جنگ میں تیزی آئے گی۔ امریکی ٹی وی کی رپورٹ میں کراس بارڈر کیپیٹل کے چیف ایگزیکٹو افسر مائیکل ہاؤول نے خبردار کیا کہ امریکا اور چین کے درمیان ابتدائی تجارتی معاہدہ خطرے کا سامنا کر رہا ہے اور ایک نیا محاذ پیدا ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری رائے میں اب جنگ صرف تجارت کے میدان کی نہیں رہی بل کہ سرمایہ کی جنگ بھی ہونے جارہی ہے۔

طیارے میں بجلی کا بہ طور ایندھن استعمال

دنیا کا پہلا بجلی سے چلنے والا بڑا طیارہ اڑنے کے لیے تیار کرلیا گیا، جس کی جائے پرواز واشنگٹن اور ابتدائی اُڑان  20 سے 30 منٹ مقرر کی گئی۔ برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سیسنا کارواں طیارے کے انجن کی جگہ نیا جدید الیکٹرک انجن نصب کیا گیا ہے۔ الیکٹرک طیارہ 9 مسافروں کو لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے لیکن تجرباتی پرواز میں صرف پائلٹ کو ہی بٹھایا جائے گا۔

عالمی ادارۂ صحت کی نئی فاؤنڈیشن

عالمی ادارۂ صحت ڈبلیو ایچ او نے فنڈنگ کے لیے نئی فاؤنڈیشن بنالی۔ ڈبلیو ایچ او کے سربراہ کا کہنا تھا کہ نئی فاؤنڈیشن امریکا کی جانب سے عالمی ادارہ صحت کی فنڈنگ روکنے کے جواب میں قائم نہیں کی گئی ہے بل کہ یہ ادارے کی فنڈنگ میں وسعت دے گی۔

28مئی:حج عمرہ معطل

سعودی وزارت مذہبی امور نے کہا کہ کورونا وائرس کے بعد موجودہ حالات کے پیش نظر عمرہ اور زیارت ابھی معطل رہیں گے۔ تاہم اس پر نظرثانی ہوتی رہے گی۔ اس فیصلے کے بعد حج اور عمرہ معطل کردیا گیا۔

حادثے کے شکار طیارے کا وائس ریکارڈر مل گیا

کراچی میں تباہ ہونے والے پی آئی اے کے طیارے کا کاک پٹ وائس ریکارڈر مل گیا۔ پی آئی اے طیارہ حادثہ کی تحقیقات پاک فضائیہ کے سینیر افسر کی سربراہی میں تشکیل دیے گئے بورڈ نے کی۔

29 مئی:امریکا : صحافیوں کی گرفتاری کی مذمت

امریکی ریاست منیسیوٹا کے شہر منی ایپلس میں مظاہروں کی کوریج کے دوران سی این این کے صحافیوں کی گرفتاری پر عالمی صحافی تنظیموں نے مذمت کا اظہار کیا اور کہا ہے کہ صحافیوں کی گرفتاری جمہوریت میں نہیں آمریت میں ہوتی ہے۔ رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز اور کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس نے اپنے علاحدہ علاحدہ بیانات میں گرفتاریوں کو صحافیوں کے حقوق کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے غیرآئینی قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکی حکام اس بات کو یقینی بنائیں کہ مستقبل میں ایسے واقعات نہ دہرائے جائیں۔ انہوں نے صحافیوں کی رہائی اور گورنر سے معاملے پر معافی کا مطالبہ کیا۔

لداخ: چین، بھارت کے درمیان گھونسوں سے لڑائی

بھارتی فوجی کی جانب سے سوشل میڈیا سائٹ پر جاری کردہ ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ دونوں ملکوں کے فوجیوں کے درمیان گھونسوں سے لڑائی ہوئی جب کہ ایک دوسرے پر پتھراؤ بھی کیا گیا۔ یہ واقعہ ایک دن تک جاری رہا جس میں دونوں ملکوں کے 11 فوجیوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات تھیں۔

امریکا میں سماجی ویب سائٹس کی آزادی خطرے میں

امریکی صدر نے سوشل میڈیا ویب سائٹس کو حاصل قانونی تحفظ کے کچھ حصے منسوخ کرنے کے لیے ایگزیکٹیو آرڈر پر دست خط کر دیے۔ ٹرمپ نے محاذ آرائی کے بعد سوشل میڈیا کی آزادی محدود کردی اور صدارتی حکم جاری کردیا۔ دوسری جانب سوشل میڈیا کمپنیوں کا کہنا تھا کہ ایگزیکٹیو آرڈر قانون کی روح کے خلاف اور قدامت پسندانہ فیصلہ ہے، اس سے امریکی معیشت متاثر ہوسکتی ہے۔

30مئی:

چین نے ہانگ کانگ کے لیے متنازع حفاظتی قانون پر امریکا پر اقوام متحدہ کو یرغمال بنانے کا الزام عاید کیا اور مغربی ممالک کو خبردار کیا کہ وہ اس کے داخلی معاملات سے دور رہیں۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ژاؤ لیجیان نے پریس بریفنگ میں کہا کہ ہم متعلقہ ممالک پر زور دیتے ہیں کہ وہ چین کی خودمختاری کا احترام کریں اور ہانگ کانگ اور چین کے داخلی امور میں مداخلت بند کریں۔

9 ماہ میں 27 کھرب روپے خرچ ہوئے

گذشتہ مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں قرضے اتارنے اور دفاعی اخراجات کی مد میں 27 کھرب روپے خرچ ہوئے۔ جولائی تا مارچ صوبوں کو وفاقی مالیات سے 19 کھرب 32 ارب روپے منتقل کیے گئے۔ پنجاب کو سب سے بڑا حصہ 922 ارب 19 کروڑ 80 لاکھ ، سندھ کو 476 ارب سے زاید، خیبر پختون خوا کو 312 ارب 96 کروڑ 80 لاکھ اور بلوچستان کو 220 ارب 42 کروڑ 60 لاکھ روپے ملے۔ حکومت نجکاری کے عمل سے مطلوبہ مالی ہدف حاصل کر نے میں بُری طرح ناکام رہی۔ مالی سال کے بجٹ میں حکومت نے اندرونی اور بیرونی قرضے اتارنے کی مد میں 18 کھرب 79 ارب روپے خرچ کیے جو شرح نمو کا 4.3 فی صد ہے۔ دفاعی اخراجات 802 ارب43 کروڑ 60 لاکھ روپے رہے جو شرح نمو کو 1.8 فی صد ہے۔ تاہم رواں مالی سال کے اول 9 ماہ میں مجموعی اخراجات کا حجم 63 کھرب 93 ارب ہے جس میں سے 781 ارب 40 کروڑ روپے ترقیاتی اخراجات کی مد میں تھے۔

بچے اور سگریٹ ساز کمپنیاں

عالمی ادارۂ صحت کے مطابق دنیا بھر میں 13 سے 15 سال کی عمر کے 4کروڑ 40 لاکھ بچے سگریٹ نوشی کررہے ہیں۔ تمباکو نوشی کرنے والوں میں سے 90 فی صد اٹھارہ سال سے کم عمر افراد ہیں۔ عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا کہ سگریٹ ساز کمپنیاں بچوں کو تمباکو نوشی کی طرف راغب کرنے کے لیے خطرناک اور جان لیوا ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔