ملک میں 2094 پیڑول پمپس اسمگل شدہ تیل کی فروخت میں ملوث ہیں، وزیراعظم کو بریفنگ

ویب ڈیسک  ہفتہ 2 جنوری 2021
تیل کی اسمگلنگ سے سالانہ 100 تا 150 ارب کا نقصان ہورہا ہے، اجلاس میں بریفنگ، وزیراعظم کی سخت اقدامات کی ہدایت (فوٹو : فائل)

تیل کی اسمگلنگ سے سالانہ 100 تا 150 ارب کا نقصان ہورہا ہے، اجلاس میں بریفنگ، وزیراعظم کی سخت اقدامات کی ہدایت (فوٹو : فائل)

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ہدایت دی ہے کہ اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت ترین اقدامات کیے جائیں۔

وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت انسداد اسمگلنگ کے لیے اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، وزیر اطلاعات شبلی فراز، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، معاون خصوصی شہزاد اکبر، معاون خصوصی برائے محصولات ڈاکٹر وقار مسعود خان، کامرس، پیٹرولیم، بحری امور اور داخلہ ڈیویژن کے سیکریٹریز، چیئرمین ایف بی آر اور اعلی سول و عسکری حکام شریک تھے۔ ویڈیو لنک کے ذریعے صوبائی چیف سیکریٹریز، ایف سی خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے آئی جیز نے بھی شرکت کی۔

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ اسمگل شدہ تیل کی فروخت کی وجہ سے معیشت کو 100 سے 150 ارب روپے سالانہ نقصان پہنچ رہا ہے، اس وقت ملک میں 2094 پیڑول پمپس اسمگل شدہ تیل کی فروخت میں ملوث ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کے اسمگلنگ کی وجہ سے ملکی معیشت کو نا قابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے، انسداد اسمگلنگ اقدامات سے محصولات میں اضافہ ہوگا جو کہ غریب عوام کی فلاح پر خرچ ہو سکے گا۔ وزیر اعظم نے ہدایت دی کے اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت ترین اقدامات کیے جائیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔