سنڈے ایکسپریس ، سال نامہ اسپیشل 2020 ء ۔ جون

 اتوار 3 جنوری 2021
 کیتھولک عیسائیوں کے مذہبی پیشوا پوپ فرانسس نے کہا کہ انسانی جان معیشت سے زیادہ اہم ہے۔ فوٹو: فائل

کیتھولک عیسائیوں کے مذہبی پیشوا پوپ فرانسس نے کہا کہ انسانی جان معیشت سے زیادہ اہم ہے۔ فوٹو: فائل

یکم جون:بھارت کی سفارتی دہشت گردی

بھارت نے نئی دہلی میں متعین پاکستانی ہائی کمیشن کے سفارتی حیثیت رکھنے والے دو افراد کو حراست میں لیا اور ان پر مبینہ طور پر جاسوسی کا الزام لگا کر انھیں 24 گھنٹے میں ملک سے نکل جانے کا حکم دیا۔ دفترخارجہ پاکستان نے پاکستانی سفارتی اہل کاروں کو ہندوستان سے نکالے جانے کے بھارتی اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ناپسندیدہ اور ویانا کنونشن کی خلاف ورزی قرار دیا۔

معیشت نہیں انسان اہم

کیتھولک عیسائیوں کے مذہبی پیشوا پوپ فرانسس نے کہا کہ انسانی جان معیشت سے زیادہ اہم ہے۔ انھوں نے کہا لوگوں کی تکلیف دور کرنا، نہ کہ پیسے بچانا زیادہ اہم ہے۔انھوں نے کہا کہ معیشت نہیں بل کہ ہم انسان خدا کی مخلوق ہیں۔

حرمین میں نماز کی اجازت

کورونا کی وبا پھیلنے کے بعد حرمین شریفین میں نماز کی ادائیگی کا سلسلہ موقوف کردیا گیا تھا، تاہم یکم جون سے یہ سلسلہ بحال ہوگیا اور نمازیوں کو ایک دوسرے سے فاصلہ رکھنے، جائے نماز ساتھ لانے اور وضو گھر سے کرکے آنے کی ہدایت کی گئی۔ سعودی عرب کی دیگر مساجد میں بھی باجماعت نماز کا آغاز ہوگیا۔

ڈیمز فنڈ کی تفصیلات طلب

سپریم کورٹ نے بیرون ملک سے ڈیمز فنڈ میں آنے والی رقوم کی تفصیلات اسٹیٹ بینک سے طلب کرلیں۔ سپریم کورٹ میں دیا میر بھاشا اور مہمند ڈیم کیس کی سماعت ہوئی جس میں چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ڈیم میں کسی کے ساتھ کوئی ناانصافی نہیں ہوگی، ڈیم میں جو زمین استعمال ہو رہی ہے اس میں جو مسائل ہیں انہیں حل کریں۔

بھارت کی خوں آشامی

مقبوضہ کشمیر میں ایک ہی روز میں بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائیوں میں 13 نوجوانوں کو شہید کردیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پونچھ سیکٹر کے علاقے میندھار اور دیگر دیہات میں قابض فورسز کے خونیں آپریشن کے دوران 10 نوجوانوں کو شہید کیا گیا۔

بھارت کی تنزلی

موڈیز نے دو دہائی میں پہلی بار بھارت کی ریٹنگ کم کردی۔ تفصیلات کے مطابق دو دہائی میں پہلی بار موڈیز نے نے بھارت کی ریٹنگ کم کردی ہے۔ موڈیز کے مطابق ملک کے پالیسی ساز ادارے موثر پالیسی بنانے اور اس پر عمل درآمد کروانے میں مشکلات سے دو چار ہیں۔

2 جون:خلائی مخلوق کی تلاش

خلائی مخلوق پر تحقیق کرنے والے چینی سائنس دان ژانگ ژونگ جائی نے سائنس میگزین کو بتایا کہ چین میں رواں سال ستمبر میں 500 میٹر اپرچر کی ایک بڑی ٹیلی اسکوپ کے ذریعے باضابطہ طور پر خلائی مخلوق کی تلاش کا مشن شروع کیا جا رہا ہے۔

افغانستان دہشت گردی

کابل کے گرین زون میں وزیر اکبر خان مسجد میں دھماکے نے تباہی مچادی۔ خودکش حملہ آور نے خود کو مسجد کے بیت الخلا میں دھماکے سے اڑایا اور اس کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہوگئے، دوسری طرف قندوز میں سڑک کنارے ہونے والے ایک دھماکے کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک ہوگئے۔ کسی گروہ کی جانب سے ان حملوں کی ذمے داری قبول نہیں کی گئی۔

مظلوم کشمیریوں کی شہادت

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں 24 گھنٹوں کے دوران 15 کشمیریوں کو شہید کردیا گیا۔ ان کی شہادت پر پاکستان نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی بربریت کشمیری عوام کے عزم کو نہیں توڑ سکتی ہے۔ پاکستان کی قیادت اور عوام ان کے حق خود ارادیت کی مکمل حمایت کے اپنے عہد سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

3جون:اسٹیل ملز ملازمین کے لیے گولڈن شیک ہینڈ

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پاکستان سٹیل ملز کے 9350 ملازمین کو گولڈن ہینڈ شیک دینے کی اصولی منظوری دے دی۔ ذرایع کے مطابق ای سی سی نے سٹیل ملز کے گولڈن ہینڈ شیک دینے والے ملازمین کو واجبات فوری طور پر ادا کیے جائیں گے اور اوسطاً فی ملازم 23 لاکھ روپے سے زاید کی ادائی ہوگی۔

بھارت: خواتین پر تشدد میں اضافہ

ایک تحقیق کے مطابق بھارت میں خواتین پر ہونے والی ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ہر تین میں سے ایک خاتون گھریلو تشدد کا نشانہ بنی ہے اور ملک گیر لاک ڈائون کے دوران ایسے واقعات میں اضافہ بھی دیکھنے میں آیا۔ تحقیق کاروں نے اس کے لیے 65 ہزار بھارتی خواتین پر تحقیق کی۔ ممبئی میں گھریلو تشدد کا شکار خواتین کا سہارا بننے والی این جی سوسائٹی فار نیوٹریشن، ایجوکیشن اینڈ ہیلتھ ایکشن (SNEHA) کے ڈائریکٹر ڈاکٹر نائرین دارُو والا نے خبردار کیا کہ ملک میں کورونا وائرس کے لیے جاری لاک ڈائون کے دوران گھریلو تشدد کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔

4 جون:امریکا: پرتشدد مظاہرے

امریکا میں سیاہ فام شہری کی ہلاکت کے خلاف ہونے والے مظاہروں میں شدت آگئی اور نیو یارک سمیت کئی امریکی شہروں میں شدید احتجاج کیا گیا۔

کاربن ڈائی آکسائیڈ میں خطرناک اضافہ

یونیورسٹی آف لیوزانا کے سائنس دانوں کی تحقیق کے مطابق اس وقت کرۂ ارض پر موجودہ کاربن ڈائی آکسائیڈ کی فضا میں مقدار جس قدر بڑھی ہے، ارضیات کی تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ فضا میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کی مقدار میں خطرناک اضافے نے کرۂ ارض کے گرد آکسیجن کے غلاف گرین ہائوس کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے جس کی وجہ سے  موسمیاتی تبدیلیاں وقوع پذیر ہوئی ہیں اور حدت میں بھی خطرناک اضافہ ہوگیا ہے۔

مقبوضہ کشمیر کے بچے بھی بھارتی دہشت گردی کا شکار

گذشتہ سال 4 جون کو بچوں کا عالمی دن مناتے ہوئے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں اور دنیا بھر کی سماجی تنظیموں نے اپنی تحقیقاتی رپورٹوں میں قرار دیا کہ بھارت کے زیرتسلط مقبوضہ وادی جموں و کشمیر میں معصوم بچوں کو انتہائی سنگین ترین خطرناک صورت حال کا سامنا ہے، جہاں معصوم بچوں کو آئے روز اغواء کرکے انہیں فوجی کیمپوں اور تھانوں میں بند کرکے تشدد کا نشانہ بنایا جاتا اور ان کے والدین کو بھی بلیک میل کیا جاتا ہے۔

5 جون:پاکستان کے لیے ایشیائی ترقی بینک کی ہنگامی امداد

ایشیائی ترقیاتی بینک اور حکومت پاکستان کے مابین کورونا وائرس سے نمٹنے کے 50 ارب روپے کی ہنگامی امداد کا معاہدہ طے پاگیا۔ ان میں 30 کروڑ ڈالر قرضے کی صورت میں اور 52 لاکھ 80 ہزار ڈالر گرانٹ کی صورت میں فراہم کیے جائیں گے۔

دریائے سندھ میں سات نوعمر بچے ڈوب کر جاں بحق

ٹھٹھہ کے قریب واقع جھرک کے گائوں دائم مری کے رہائشی سات بچے شدید گرمی کے باعث قریب سے گزرنے والے دریائے سندھ میں نہاتے ہوئے گہرے پانی میں جانے کے باعث ڈوب کر جان بحق ہوگئے۔ ڈوبنے والے بچوں کی شناخت کونج، بینظیر، بشیراں، عامر، رفیق، رحیم علی اور چار سالہ اعظم شامل ہیں۔ بچے اپنے والدین کے ہم راہ شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے آئے تھے۔

امریکا سلگتا رہا

امریکا بھر میں سیاہ فام شہری کی ہلاکت کے خلاف دسویں روز بھی مظاہرے جاری رہے۔ امریکا کے مختلف شہروں میں سیاہ فام شخص جارج فلائیڈ کی ہلاکت کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ جمعرات کو فلائیڈ کی یاد میں تقاریب کا اہتمام کیا گیا جن میں کئی نام ور شخصیات نے شرکت کی۔

ریاست منی سوٹا کے شہر منیاپولس میں فلائیڈ کی یاد میں ہونے والی مرکزی تقریب میں انہیں ایک اچھے باپ اور فیملی مین کے عنوان سے یاد کیا گیا۔ منیاپولس کی نارتھ سینٹرل یونیورسٹی میں ہونے والی اس تقریب میں منی سوٹا کی سینیٹر ایمی کلوبچر اور امریکی کانگریس کے متعدد ارکان کے علاوہ کئی نام ور شخصیات نے بھی شرکت کی۔ تقریب میں شریک لوگوں نے جارج فلائیڈ کی یاد میں آٹھ منٹ 46 سیکنڈز کی خاموشی اختیار کی۔ یہ دورانیہ اتنا تھا، جتنے وقت کے لیے 25 مئی کو پولیس افسر ڈیریک چاون نے جارج فلائیڈ کی گردن کو گھٹنے سے دبائے رکھا تھا۔ جارج فلائیڈ کے بھائی فلونیز فلائیڈ بھی تقریب میں شریک تھے۔

6جون:چین اور بھارت کشیدگی انتہا پر

چین جدید جنگی سازوسامان اور فوج لداخ بارڈر پر لے آیا۔ بھارت اور چین میں لیفٹیننٹ جنرل کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔ سفارتی ذرایع کے مطابق چین نے بھارت پر واضح کردیا کہ وہ اگر جنگ نہیں چاہتا تو ہمارے علاقے سے واپس چلا جائے۔ چین کے فوجی حکام نے بھارت کو واشگاف الفاظ میں خبردار کردیا کہ وہ ان کے مقبوضہ علاقے کو فوری خالی کر دے ورنہ طاقت استعمال کر کے علاقے کو خالی کرایا جائے گا۔

برطانیہ کی لیبر پارٹی کے قائد کیر اسٹارمر نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی حمایت کرتے ہوئے مسئلہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر زور دیا ہے جس میں یہ مسئلہ حل کرنے کے لیے مقبوضہ کشمیر میں عوام کو حق خودارادی دینے کو کہا گیا ہے۔

  7جون:

اتوار کی شب کلری تھانے کی حدود لیاری کھڈا مارکیٹ نزد لیاقت کالونی کھوکھر کچن والی گلی میں دو رہائشی عمارتیں زمین بوس ہوگئیں، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اس اطلاع پر پولیس اور پاک فوج کی ٹیمیں بھاری مشینری کے ساتھ جب کہ رینجرز، فائر بریگیڈ اور ریسکیو عملہ بھی موقع پر پہنچ گیا۔ ان کے ساتھ علاقہ مکینوں نے بھی امدادی کاموں میں حصہ لیا۔ ابتدائی طور پر ریسکیو عملے نے ملبے تلے دبی ایک خاتون کی لاش اور خواتین بچوں سمیت 10سے زاید افراد کو نکال کو سول اسپتال منتقل کیا۔ علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ زمین بوس ہونے والی ایک 6 منزلہ اور دوسری 3 منزلہ رہائشی عمارت تھی، اتوار کی صبح سے دونوں عمارتیں لرز رہی تھیں اور ایک بلڈنگ دن کے وقت ٹیڑھی ہوگئی تھی جس کے بعد سے چند فلیٹوں کے مکینوں نے اپنے فلیٹ خالی کردیے تھے اور چند افراد خالی کرنے میں مصروف تھے کہ اچانک بلڈنگ گرگئی۔

امریکا: مظاہروں میں شدت

سیاہ فام فلائیڈ کی ہلاکت کے خلاف امریکی ریاست ورجینیا میں ہونے والے مظاہروں کے دوران مظاہرین نے جنرل ولیم کارٹر وکہم کا مجسمہ گرادیا گیا دوسری جانب برطانیہ میں بھی ہونے و الے مظاہرے کے دوران شہر برسٹول میں ایڈورڈ کولسٹن کے مجسمے کو گرادیا۔ نارتھ کیرولینا میں ہزاروں افراد نے فلائیڈ کی میت کے تابوت کو دیکھنے کے لیے گھنٹوں تک انتظار کیا۔

واشنگٹن میں فوجی گاڑیاں کھڑی تھیں اور فوجی اہل کاروں نے علاقے کے کافی حصے کو ٹریفک کے لیے بند رکھا، جس کے بعد بڑی تعداد میں مظاہرین وہاں سے گزرے۔ اطلاعات کے مطابق، امریکا کے کئیاہم شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے، جب کہ بیرون ملک لندن، پیرس، برلن اور سڈنی میں بھی مظاہرے کیے گئے۔

8 جون:بھارتی فوج کی دہشت گردی

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے پیر کو ضلع شوپیان میں مزید چار کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔ اس طرح دو دن میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں شہید نوجوانوں کی تعداد 9 ہوگئی۔

9جون:ترکی میں باغی اہل کاروں کی گرفتاریاں

ترک حکومت نے 404 افراد جن میں فوجی بھی شامل ہیں گرفتاری کا حکم دیا جب کہ 160 کو پہلے ہی گرفتار کرلیا گیا۔ ترکی میں چار سال قبل ہونے والی ناکام فوجی بغاوت کے ردعمل میں گرفتاریوں کا سلسلہ جاری رہا۔ ترکی کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق متعدد صوبوں میں کارروائی کرتے ہوئے ایک سو انچاس افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔

ملک بھر میں پیٹرول بحران برقرار

کراچی، لاہور اور پشاور سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں عوام پیٹرول کی تلاش میں در بہ در مارے مارے پھرتے رہے۔ کراچی میں بھی متعدد پیٹرول پمپس مکمل طور پر بند رہے۔ وسطی اور جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں میں پی ایس او کے علاوہ کہیں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی نہیں بنایا گیا۔

10 جون:پیرس کلب: پاکستان کا قرضہ موخر

پاکستان کو 1.8ارب ڈالر کی قسط میں سہولت مل گئی۔ دوسری جانب ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لیے 50 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی۔

امریکی فضائیہ کا پہلا سیاہ فام سربراہ

امریکا میں چارلس برائون کو فضائیہ کا پہلا سیاہ فام سربراہ مقرر کردیا گیا۔ چارلس برائون امریکی پیسفک ایئرفورس کے کمانڈر رہ چکے ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کی انتظامیہ کی جانب سے نام زدگی کے بعد امریکی سینیٹ نے جنرل برائون کی تقرری کی حتمی منظوری دے دی۔ امریکی سینیٹ میں برائون کے حق میں 98 فی صد جب کہ مخالفت میں کوئی ووٹ نہیں آیا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے اسے تاریخی اقدام قرار دیا۔

امن انڈیکس میں بہتری

پاکستان نے گلوبل پیس انڈیکس 2020 میں ایک درجہ بہتری حاصل کرلی، جس کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ دنیا بھر کی قومیں کتنی محفوظ یا غیرمحفوظ ہیں۔ عالمی امن انڈیکس 2020 میں پاکستان اب 163 ممالک میں 152 نمبر پر آ گیا، کیوں کہ پاکستان امن محاذ پر بہتری لانے میں کام یاب رہا جب کہ گذشتہ برس پاکستان 153 نمبر پر تھا۔

12 جون:خسارے کے باوجود ٹیکس فری بجٹ

اسلام آباد: مالی سال 2020-21 کا3437 ارب روپے خسارے کے ساتھ 71 کھرب 37 ارب روپے کا وفاقی بجٹ پیش کردیا گیا۔ بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا۔ سرکاری ملازمین کی تن خواہوں اور پنشن میں اضافہ نہیں کیا گیا اور آئندہ برس کے لیے اس مد میں کوئی رقم مختص نہیں کی گئی۔ ب

جٹ میں درآمدی سگریٹ، سگار، انرجی ڈرنکس اور ڈبل کیبن گاڑیاں مہنگی کردی گئیں۔ سیمنٹ، سریا، پاکستان میں تیار ہونے والے سیلولر فون، آٹو رکشا، موٹرسائیکل سمیت 200 سی سی تک کی گاڑیاں، کپڑے، جوتے، ایل ای ڈی لائٹ، سینٹری ویئرز سستے، شادی ہالوں پر عاید ود ہولڈنگ ٹیکس ختم کردیا گیا۔ غیرمنقولہ جائیداد کی فروخت پر آمدن میں ٹیکسوں میں ریلیف کے لیے کیپٹیل گین کی مدت کو 8 سال سے کم کر کے چار سال کردیا گیا۔ ہر سال کیپٹل گین ٹیکس کی مقدار میں 25 فی صد کمی کی جائے گی اور کیپٹل گین ٹیکس کی شرح میں 50 فی صد کمی کر دی گئی۔

وفاقی وزیر صنعت و پیداوار حماداظہر نے بجٹ تقریر میں بتایا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں خصوصی علاقہ جات میں آزاد کشمیر کے لیے 55 ارب روپے، گلگت بلتستان کے لیے 32 ارب روپے، خیبر پختونخوا کے ضم شدہ اضلاع کے لیے 56 ارب روپے مختص کیے گئے۔

15 جون:آگسٹا آب دوز اسکینڈل

پیرس کی ایک عدالت نے تین سابق فرانسیسی عہدے داروں اور تین دیگر افراد کو 1994ء میں پاکستان اور سعودی عرب کو اسلحہ ڈیل میں سے لاکھوں یورو کی کک بیکس پر دو سے پانچ سال کی سزا سنا دی۔ آگسٹا آب دوز اسکینڈل اور کراچی افیئر کے نام سے مشہور اس اسکینڈل میں سابق فرانسیسی وزیراعظم ایدوار بالادو اور دیگر کے نام بھی آتے رہے۔

وزیراعظم پر الزام تھا کہ انہوں نے اس ڈیل سے حاصل کردہ رقم کے ذریعے 1995ء میں اپنی صدارتی مہم کی فنڈنگ کی تھی۔ 90 سالہ سابق فرانسیسی وزیراعظم بالادور 1993ء سے 1995ء کے درمیان وزیراعظم رہے اور انہوں نے 1995ء میں صدارتی انتخابات لڑنے کی بھی کوشش کی تھی۔

تین سابق فرانسیسی عہدے داروں میں ایدوار بلادور کی صدارتی مہم کے منیجر نکولس بیزارے، وزیر دفاع فرانکوئس لیوٹارڈ کے سابق مشیر رینائوڈ ڈونیڈو اور اس وقت کے بجٹ منسٹر نکولس سرکوزی کے سابق معاون ٹھیری گوبارڈ شامل ہیں۔

نکولس بیزارے اور رینائوڈ ڈونیڈو کو تین سال جب کہ ٹھیری گوبارڈ کو 2 سال قید کی سزا سنائی گئی جب کہ لبنانی نژاد دو مڈل مین زیاد تقی الدین اور عبدالرحمٰن العسیر کو پانچ پانچ سال قید بھگتنا ہوگی۔ دیگر دو مڈل مین نے ٹرائل میں آنے سے انکار کردیا تھا جن کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے گئے ہیں جب کہ 90 سالہ سابق وزیراعظم ایدوار بلادور اور 77سالہ وزیر دفاع فرانکوئس لیوٹارڈ کو بھی اس جرم میں شامل کیا گیا اور آئندہ ماہ کورٹ آف جسٹس میں ان دونوں کے خلاف ٹرائل ہوگا۔ زید تقی دین نے آگوسٹا آبدوز کے سودے میں مڈل مین کا کردار ادا کیا تھا۔

اس مقدمے کا محور 2002 میں کراچی میں ہونے والے ایک بم دھماکے کی تحقیقات ہے۔ دھماکے میں11فرانسیسی نیول انجینئرز سمیت14افراد ہلاک ہوئے تھے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ یہ بم دھماکا 1994میں آگسٹا آبدوز کے سودے میں مبینہ رشوت کی عدم ادائی کے انتقام کے طور پر کیا گیا تھا۔ سیاسی رشوت کے متعدد اسکینڈلز میں ملوث آگسٹا آبدوز کیس میں نام زد ملزم لبنانی نژاد فرانسیسی تاجر زید تقی دین کو ڈیڑھ ملین یورو کی منی لانڈرنگ میں شامل تفتیش کرلیا گیا۔

16 جون:چین بھارت میں خوں ریز جھڑپ

بھارت اور چین کی فوجوں کے درمیان مشرقی لداخ میں جھڑپ کے نتیجے میں بھارتی فوج کے کرنل سمیت 20 اہل کار ہلاک اور متعدد لاپتا ہوگئے۔ چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان ژائو لیجیان کا کہنا تھا کہ بھارتی فوجی دستوں نے دو مرتبہ دراندازی، اشتعال انگیزی کی اور چینی اہل کاروں پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں دونوں فریقین کی سرحدی افواج کے درمیان لداخ کی متنازع وادی میں دست بہ دست لڑائی ہوئی۔

یہ جوہری طاقت کے حامل دونوں ممالک کے درمیان 45 سال بعد پہلا خونی تصادم تھا۔

بھارتی فوج کا کہنا تھا کہ پیر کی شب مشرقی لداخ کے علاقے گلوان ویلی میں ایکچوئل لائن آف کنٹرول پر دونوں ملکوں کی فوجوں کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے سلسلے میں اجلاس جاری تھا۔ بھارتی فوج کے جاری کردہ بیان کے مطابق کشیدگی کے خاتمے کے لیے ہونے والی بات چیت کے دوران جھڑپ ہوئی، ابتدائی طور پر بھارت کی جانب سے ایک افسر سمیت 3 فوجیوں کی ہلاکت کا اعلان کیا گیا تھا، بعدازاں بھارتی فوج نے 20 فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کردی۔ ٹائمز آف انڈیا نے اپنے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ بھارتی فوج کے ساتھ خونی جھڑپ کے دوران چینی فوج کے 43 اہل کار ہلاک یا شدید زخمی ہوئے۔

18جون:ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس

انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے برطانیہ میں قتل ہونے والے متحدہ قومی موومنٹ کے سابق راہ نما ڈاکٹر عمران فاروق کے مقدمۂ قتل کا فیصلہ سناتے ہوئے تین مجرموں کو عمرقید کا حکم دیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ اس قتل کا منصوبہ پاکستان اور برطانیہ میں بنا جس کے اصل کردار متحدہ قومی موومنٹ کے بانی الطاف حسین، محمد انور اور افتخار حسین تھے۔

انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے جمعرات کو 21 مئی کو محفوظ کیا گیا فیصلہ پڑھ کر سنایا۔ تفصیلی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عمران فاروق کو قتل کرنے کا حکم بانی متحدہ نے دیا، ایم کیو ایم لندن کے دو سینیر راہ نمائوں نے یہ حکم پاکستان پہنچایا، نائن زیرو سے معظم علی نے قتل کے لیے محسن علی اور کاشف کامران کا انتخاب کیا۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کے 39 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلے میں لکھا ہے کہ محسن علی اور کاشف خان کامران کو برطانیہ لے جاکر ان سے قتل کروانے کے لیے بھرپور مدد کی گئی۔

جج شاہ رخ ارجمند کے مطابق تین مشتبہ ملزموں کے مقدمے کے ٹرائل کے دوران یہ ثابت ہوا کہ الطاف حسین نے ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کا حکم دیا تھا۔ عدالت نے متحدہ کے بانی رکن کے قتل کے جرم میں خالد شمیم، معظم علی اور محسن علی سید کو عمر قید کی سزا سنا دی۔ عمر قید کے ساتھ تینوں پر مشترکہ طور پر 20 لاکھ روپے جرمانہ بھی عاید کردیا ہے جب کہ اس کے علاوہ تینوں ملزموں کو متاثرہ گھرانے کو 10، 10 لاکھ روپے فی کس ادا کرنے کا حکم بھی دیا گیا۔

اپنے فیصلے میں عدالت نے برطانوی اور پاکستانی حکومت کو مفرور ملزمان بانی متحدہ ، افتخار حسین، محمد انور اور کاشف کامران کی گرفتاری کا بھی حکم دیا۔ عدالت نے کہا کہ خصوصی طور پر قتل کی غرض سے لندن جانے والے دونوں قاتلوں کو مکمل سہولیات فراہم کی گئیں اور پہلے سے طے شدہ منصوبے کے تحت ایک معصوم شخص کا سفاکانہ قتل کردیا گیا۔ فیصلے میں کہا گیا کہ مجرم اور قاتلوں کا پہلے سے ایک طے شدہ منصوبہ تھا جس کے تحت وہ عام افراد اور خصوصاً ایم کیو ایم کے کارکنوں کو ڈرانا، دھمکانا اور خوف دلانا چاہتے تھے تاکہ مستقبل میں کوئی بھی بانی متحدہ کیخلاف آواز نہ اٹھا سکے۔

ڈاکٹر عمران فاروق کو 16 ستمبر 2010 کو لندن کے علاقے ایج ویئر کی گرین لین میں ان کے گھر کے باہر قتل کیا گیا تھا۔ مقدمے میں نام زد تمام ملزمان پر قتل سمیت قتل کی سازش کرنے، معاونت اور سہولت کاری کے الزامات ہیں جس کا مقدمہ وفاقی تحقیقاتی ادارے نے 5 دسمبر 2015 کو درج کیا تھا۔ دو ملزمان نے 7 جنوری 2016 کو مجسٹریٹ کے رو بہ رو اعترافی بیان ریکارڈ کرایا تھا اور گرفتار ملزمان پر 2 مئی 2018 کو فرد جرم عاید کی گئی تھی۔

19جون:گھوٹکی‘ کراچی اور لاڑکانہ میں دہشت گردی

سندھ کے شہر گھوٹکی میں رینجرز کے ونگ کمانڈر کی گاڑی پر دستی بم حملے میں دو رینجرز اہل کار اور ایک راہگیر شہید اور دو افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق رینجرز اہل کار مارکیٹ میں گوشت خرید رہے تھے کہ اچانک دھماکا ہوگیا۔ شہید رینجرز اہل کاروں میں ظہوراحمد‘ فیاض احمد شامل ہیں جب کہ شہری کا نام غلام مصطفیٰ بتایا گیا۔

پولیس ذرایع کے مطابق 4 مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ دوسری طرف چانڈکا میڈیکل کالج لاڑکانہ کے گیٹ کے قریب واقع رینجرز اسکول کے باہر نامعلوم افراد نے کریکر دھماکا کردیا۔ واقعہ صبح 9 بجے پیش آیا جس سے کوئی جانی اور مالی نقصان نہیں ہوا۔ کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں احساس پروگرام کے کیش سینٹر پر دستی بم حملے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بہ حق جب کہ رینجرز اہل کار سمیت8 افراد زخمی ہوگئے۔

ملالہ کی گریجویشن مکمل

پاکستان کی نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے گریجویشن مکمل ہونے کی خوشی میں اپنے ٹوئٹر پر دو تصاویر شیئر کیں جن میں دکھا گیا کہ وہ اہل خانہ کے ساتھ اپنے گریجویٹ ہونے کا جشن بھرپور انداز سے منا رہی ہیں۔ ملالہ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ میں نے فلسفہ، سیاست اور معاشیات میں آکسفورڈ یونی ورسٹی سے اپنی ڈگری مکمل کرلی ہے۔ ٹوئٹر پر لوگوں کی بڑی تعداد نے انہیں مبارک باد پیش کی اور ان کے مستقبل کے لیے دعائیں کیں۔

22جون:محدود تعداد میں حج

سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق کورونا وائرس کے باعث حج کے شرکاء کی تعداد کو محدود رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ سعودی عرب میں موجود صرف غیرملکی اور مقامی شہریوں مخصوص تعداد میں حج کی اجازت دی گئی۔ حج محدود کرنے کا مقصد کورونا سے محفوظ ماحول بنانا تھا۔ شاہی فرمان میں کہا گیا کہ 1441 ہجری کے حج کے لیے تمام احتیاطی تدابیر کے ساتھ انتظامات کیے جائیں۔ پاکستان میں وزارت مذہبی امور کے ترجمان نے کہا کہ سعودی حکومت نے غیرملکی حجاج کی میزبانی سے معذرت کرلی۔ اگلے روز سعودی وزیر صحت توفیق الربیعہ نے وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر محمد صالح بن طاہر بینتن کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال ان افراد کو حج کی اجازت ہوگی جن کی عمر 65 برس سے کم ہو اور وہ وہ کسی دیرینہ مرض کا شکار نہ ہوں۔

23 جون:پاک بھارت سفارتی کشیدگی میں شدت

پاکستان کے دفترخارجہ نے بھارتی وزارت خارجہ کی طرف سے پاکستانی سفارتی عملے کو بے بنیاد الزامات لگا کر ملک چھوڑنے کے حکم پر بھارتی ناظم الامور کو منگل کو وزارت خارجہ طلب کیا اور بے بنیاد بھارتی الزامات مسترد کرتے ہوئے ان کی شدید مذمت کی۔ دفترخارجہ کی طرف سے بھارتی ناظم الامور کو پاکستان کے اس فیصلے سے آگاہ کیا گیا کہ جوابی اقدام کے طور پر بھارتی ہائی کمیشن کے عملے کی تعداد نصف کی جارہی ہے۔ بھارتی ناظم الامور سے کہا گیا کہ اس فیصلے پر سات روز میں عمل درآمد کریں۔

ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بھارتی الزامات سفارت کاروں میں کمی کا محض بہانہ ہے ، پاکستان کو بدنام کرنے کی مہم انڈین ہائی کمیشن کی غیرقانونی سرگرمیوں پر پردہ نہیں ڈال سکتی، بھارت کی تازہ کارروائی مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری ریاستی دہشت گردی اور قابض بھارتی افواج کی انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں سے توجہ ہٹانے کی مایوسی پر مبنی ایک اور کوشش ہے۔

24 جون:پاکستان کو عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک  سے ایک ارب ڈالر مل گئے

اسٹیٹ بینک کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک نے 50کروڑ ڈالر اور ورلڈ بینک نے بھی 50 کروڑ ڈالر کا قرضہ فراہم کردیا جس کے بعد پاکستان کے زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر 17 ارب 77 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی سطح پر آگئے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک سے ملنے والی 50کروڑ ڈالر کی رقم کورونا کا مقابلہ کرنے کے لیے ہیلتھ کیئر سسٹم کو بہتر بنانے پر خرچ ہوگی‘ اسی طرح ورلڈ بینک سے موصول ہونے والے 50کروڑ روپے ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری کے ساتھ تعلیم کے شعبہ کی ترقی کے لیے استعمال ہوں گے۔ ترجمان اسٹیٹ بینک کے مطابق پاکستان کا کرنٹ اکائونٹ سرپلس ہو گیا۔

مئی کے مہینے میں جاری کھاتا خسارے سے پاک رہا اور مئی 2020 میں کرنٹ اکائونٹ ایک کروڑ 30 لاکھ ڈالر سرپلس رہا، جب کہ اپریل 2020 میں کرنٹ اکائونٹ کو 53 کروڑ ڈالر خسارہ کا سامنا تھا جب کہ مئی 2019 میں ایک ارب ڈالر سے زاید خسارہ درپیش رہا تھا۔

25 جون:اسٹیٹ بینک شرح سود میں مزید کمی کا اعلان

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی مانیٹری پالیسی کمیٹی نے شرح سود میں مزید ایک فی صد کمی کردی جس کے بعد شرح سود 7فی صد کی سطح پر آگئی۔ اسٹیٹ بینک کی مانیٹری پالیسی کمیٹی کے اجلاس میں ملک میں افراط زر کے منظرنامے، کورونا کی وبا کے معاشی اثرات پر غور کیا گیا۔ مانیٹری پالیسی بیان میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے کہا کہ مہنگائی کا منظرنامہ مزید بہتر ہوا ہے، مہنگائی مئی میں مزید گھٹ کر 8.2 فی صد ہوگئی، ملک میں معاشی سست رفتاری برقرار ہے اور نمو اور پیداوار میں کمی کے خطرات بڑھ گئے۔

26 جون:پیٹرولیم مصنوعات میں ہوش ربا اضافہ

پاکستانی عوام کو جون کے مہینے میں سستی قیمت پر پٹرولیم مصنوعات فراہم نہ کرنے پر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سیز) کے خلاف جارحانہ رویہ رکھنے کے بعد وفاقی حکومت نے بالآخر جمعہ کو اس کارٹل کے سامنے مکمل طور پر سرنڈر کردیا اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، جس کے تحت 35 روز کے لیے قیمتوں میں 66 فی صد تک اضافہ کردیا گیا۔ جون میں چوں کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کافی گرگئی تھیں اس لیے او ایم سیز نے ان نرخوں پر پٹرول فراہم کرنے سے انکار کردیا تھا جس کی وجہ سے دست یابی کا مسئلہ آگیا تھا اور لوگ بہت پریشان تھے۔

اس لیے حکومت نے فیصلہ کیا کہ قیمتیں بڑھا دی جائیں تاکہ پیٹرول کی دست یابی کا مسئلہ حل ہوسکے۔ عمومی طور پر اوگرا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تخمینہ لگاتی ہے مگر اس بار پٹرولیم اور خزانہ ڈویژن کے حکام نے اوگرا کا کردار نظرانداز کردیا اور خفیہ طور پر قیمتوں کا تعین خود ہی کردیا تاکہ پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔ اگرچہ حکومت ملک کے 70سے 80 فی صد علاقوں میں پٹرول کی سپلائی بحال کرنے میں کام یاب ہوگئی تھی تاہم کئی علاقوں میں اب بھی پٹرول دست یاب نہیں تھا۔

27 جون:نفرت اور نسل پرستی کے خلاف فیس بک  پر اشتہارات کا بائیکاٹ

عالمی میڈیا میں شائع رپورٹس کے مطابق دنیا کی متعدد کمپنیوں نے فیس بک اشتہارات کا بائیکاٹ کرکے زکربرگ کو ایک دن میں سات ارب ڈالر سے محروم کردیا۔ نوّے سے زاید دنیا کی بڑی کمپنیوں نے فیس بک سے اشتہارات کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا جس کی بڑی وجہ سائٹ پر نفرت انگیز مواد ہے۔ تین ماہ سے سوشل نیٹ ورک پر کئی فرموں کی طرف سے اشتہاروں کا بائیکاٹ کیا جا رہا تھا۔ کمپنیوں کا کہنا تھا کہ دنیا میں نسل پرستی کی کوئی جگہ نہیں اور سوشل میڈیا پر بھی اس کی کوئی جگہ نہیں۔

بھارت کی ہٹ دھرمی

پاکستان نے جذبہ خیرسگالی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 29 جون سے کرتارپور راہ داری کھولنے کا اعلان کردیا، جب کہ بھارت نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پیش کش مسترد کرتے ہوئے انکار کردیا۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ دنیا بھر میں جیسے عبادت گاہیں کھل رہی ہیں، پاکستان کرتارپور راہ دری کھولنے کی تیاری کر رہا ہے، ہم بھارت کو 29 جون کو کرتار پور راہ داری کھولنے سے متعلق اپنی آمادگی سے آگاہ کر رہے ہیں، مہاراجا رنجیت سنگھ کی برسی پر راہ داری کھولنے کو تیار ہیں۔ اس سے پہلے یہ کوریڈور 16 مارچ کو کوڈ 19 واقعات کی بڑھتی ہوئی تعداد کی وجہ سے عارضی طور پر بند کردیا گیا تھا۔

28جون:’’میڈ ان پاکستان‘‘ وینٹی لیٹر

وزیرسائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے بتایا کہ وینٹی لیٹرز اب پاکستان میں بننے لگے ہیں۔ یہ تمام ای یو اسٹینڈرڈ کے مطابق ہیں۔ انہوں نے پاکستان میں بننے والے 8 سے 10 وینٹی لیٹر این ڈی ایم اے کو دینے کا اعلان کیا۔ ایک ٹویٹ میں انہوں نے این آر ٹی سی کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ہم دنیا کے ان چند ممالک میں شامل ہوں گے جو پیچیدہ میڈیکل مشینیں بناتے ہیں۔

او آئی سی کی بھارت کو تنبیہ

اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی نے بھارت پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب بدلنے کے نتائج مثبت نہیں ہوں گے۔ جموں و کشمیر میں غیرریاستی باشندوں کو ڈومیسائل جاری کرنے کی کارروائی بین الاقوامی قوانین کے منافی ہے۔ جمہوریت کا دعوے دار ملک انسانی حقوق کا احترام اور مظالم بند کرے، بھارت جینوا کنونشن کے سیکشن 27-49کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوا ہے، عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں کو جموں و کشمیر کا دورہ کرنے کی اجازت دی جائے، تنظیم نے جموں و کشمیر میں غیرریاستی باشندوں کو ڈومیسائل کے اجراء کو بین الاقوامی قوانین کے منافی قراردیا۔

پاک فوج نے بھارتی ڈرون مار گرایا

لائن آف کنٹرول کے قریب کھوئی رتہ سیکٹر پر بھارتی فوج نے بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی۔ دوسری طرف پاک فوج نے ایل او سی پر بھارتی جاسوس ڈرون مار گرایا۔

ڈ ی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی ڈرون 850 میٹر پاکستانی حدود میں گھس آیا تھا، بھارتی جاسوس ڈرون کو ایل او سی پر تتہ پانی سیکٹر میں مار گرایا گیا۔ جون تک پاک فوج کی طرف سے مار گرایا گیا یہ نواں بھارتی ڈرون تھا۔

29 جون:کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام

دہشت گردوں نے کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی عمارت پر حملہ کردیا جسے پولیس اور سیکیوریٹی گارڈز نے ناکام بنادیا۔ پولیس اور سیکورٹی گارڈز نے مستعدی سے جواب دیا اور چند منٹ میں چاروں حملہ آور ہلاک کردیے ۔ دہشت گرد اہداف حاصل نہ کرسکے اور عمارت سے باہر ہی مارے گئے۔

فرائض کی ادائی میں ایک پولیس اہل کار اور 3 سیکورٹی گارڈز شہید ہوگئے۔ دہشت گرد حملے کی ذمے داری کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی نے قبول کرلی۔ میٹھادر تھانے کی حدود آئی آئی چندریگر روڈ پر واقع پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی عمارت کی بیرونی حصے پر پیر کی صبح کار میں سوار چار دہشت گردوں نے فائرنگ اور دستی بم سے حملہ کیا تھا۔

دہشت گرد اسٹاک ایکسچینج کی مرکزی عمارت کے اندر داخل ہونا چاہتے تھے تاہم پولیس اور وہاں تعینات سیکورٹی گارڈز کی کارروائی کے دوران چاروں دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ اطلاع پر پولیس، رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران موقع پر پہنچے جب کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کر لیا گیا، بم ڈسپوزل اسکواڈ نے دہشت گردوں کے زیر استعمال گاڑی کو سویپنگ کے بعد کلیئر کیا جب کہ دہشت گردوں کے زیر استعمال دستی بم ڈی فیوز کیے، بارودی مواد کو ناکارہ بنایا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ کے ذریعے بلوچ علیحدگی پسند دہشت گرد تنظیم مجید بریگیڈ نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے ملوث دہشت گردوں کا گروپ فوٹو میں شیئر کیا گیا ہے، مجید بریگیڈ کی جانب سے جاری تصویر میں دہشت گردوں کے نام جن میں سلمان حمال، شہزاد بلوچ، تسلیم بلوچ اور سراج کنگر بتائے گئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔