پاکستانی اداکارہ زارا کو سعودی عرب میں مستقل سکونت مل گئی

ویب ڈیسک  ہفتہ 2 جنوری 2021
زارا البلوشی کو اسپانسر شپ کی خطیر رقم کے عوض مستقل سکونت کا سرٹیفکیٹ جاری کیا گیا (فوٹو : فائل)

زارا البلوشی کو اسپانسر شپ کی خطیر رقم کے عوض مستقل سکونت کا سرٹیفکیٹ جاری کیا گیا (فوٹو : فائل)

ریاض: پاکستانی اداکارہ زارا البلوشی کو مستقل طور پر سعودی عرب میں رہائش کا اجازت نامہ جاری کردیا گیا۔

عرب میڈیا کے مطابق پاکستانی 39 سالہ اداکارہ  زارا البلوشی کو 2019ء میں لانچ کیے جانے والے ایک پروگرام کے تحت اسپانسر کے بدلے مستقل سکونت کی سند جاری کردی گئی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ’پریمیئم ریزیڈینسی کارڈ‘ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے زارا البلوشی نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’مجھ پر اعتماد کرنے اور مستقل سکونت دینے کا شکریہ، میں اپنی خوشی بیان نہیں کر سکتی، میں سعودی عرب میں جینا اور مرنا چاہتی ہوں۔‘

زارا البلوشی پیدا پاکستان میں ہوئیں تاہم انہوں نے ابتدائی تعلیم سعودی عرب میں حاصل کی جس کے باعث وہ روانی سے عربی زبان بول سکتی ہیں۔ وہ 2010ء سے شوبز انڈسٹری سے منسلک ہیں۔ سعودی اور خلیج کے ’المیراث‘ اور ’ہیلو ہائے‘ جیسے ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔