مریم بھول گئیں (ن) لیگ نے لاہور کیلیے جنوبی پنجاب کے فنڈز پر ڈاکا ڈالا تھا، شبلی فراز

ویب ڈیسک  پير 4 جنوری 2021
جنوبی پنجاب کے عوام تعلیم و صحت اور روشنی کو ترستے رہے جبکہ ان کے سارے وسائل لاہور پر خرچ کردئیے گئے، وزیر اطلاعات (فوٹو : فائل)

جنوبی پنجاب کے عوام تعلیم و صحت اور روشنی کو ترستے رہے جبکہ ان کے سارے وسائل لاہور پر خرچ کردئیے گئے، وزیر اطلاعات (فوٹو : فائل)

 اسلام آباد: وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ افسوس مریم نواز بہاولپور میں خطاب کرتے ہوئے یہ بھول گئیں کہ اس شاہی خاندان نے لاہور کو بنانے سنوارنے کے نام پر جنوبی پنجاب کے عوام کے فنڈز پر ڈاکا ڈالا۔

اپنے بیان میں انہوں ںے پی ڈی ایم کے بہاولپور جلسے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام تعلیم و صحت اور روشنی کو ترستے رہے جبکہ ان کے سارے وسائل لاہور پر خرچ کردئیے گئے، جنوبی پنجاب کے کاشت کار اس شاہی ٹولے سے نفرت کرتے ہیں، مسلم لیگ (ن) نے اپنے دور حکومت میں انہیں بھوکے مرنے پہ مجبور کیا۔

شبلی فراز نے کہا کہ گنے کے کاشت کار اپنی فصلیں ٹرالیوں پر لیے حکومتی پالیسیوں کو کوستے رہے، مسلم لیگ نے جنوبی پنجاب کی نفرت میں کپاس کے کاشت کاروں کی زندگیاں تباہ کیں، فصل کے بیجوں سے لے کر پیسٹیسائیڈ کی فراہمی روک کر اس شاہی ٹولے نے کسانوں کو بھوکے مرنے پر مجبور کیا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ جاتی عمرہ کے روڈ کی بار بار کارپٹنگ ہوتی رہی اور جنوبی پنجاب کی سڑکیں موہنجو داڑو کا نقشہ پیش کرتی رہیں، آج مریم کس منہ سے جنوبی پنجاب کا رونا روتی ہیں، پی ٹی آئی حکومت جنوبی پنجاب کے عوام سے اپنا وعدہ نبھایا رہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔