عمران خان عزت سے نہ گئے تو عوام کے ساتھ ملکر کچھ اور فیصلہ کرینگے، مریم نواز

ویب ڈیسک  پير 4 جنوری 2021
مچھ میں دہشت گردی کی  واردات وفاقی اور صوبائی حکومت کی سنگ دلی، بے حسی اور نا اہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے، مریم نواز۔ فوٹو:فائل

مچھ میں دہشت گردی کی  واردات وفاقی اور صوبائی حکومت کی سنگ دلی، بے حسی اور نا اہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے، مریم نواز۔ فوٹو:فائل

بہاولپور: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ عمران اگر عزت سے جانے پر راضی نہیں تو عوام کے ساتھ ملکر کچھ اور فیصلہ کریں گے۔

بہاول پور میں رانا طارق کے گھر میڈیا سے  بات کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز بہاولپور کےعوام نے میرا دل جیت لیا، عوام میرے ساتھ پیدل چلے شاندار استقبال کیا، اور وہاں کے عوام نے سیاسی مزاج سے ہٹ کر اپنا ہی ریکارڈ توڑا، کیوں کہ ریلیاں یہاں کا کلچر نہیں، میں حیران ہوں کہ  اتنی بڑی تعداد میں لوگ کبھی گھروں سے نہیں نکلے، اسی لیے میں نے کل کہا تھا پنجاب جاگ گیا ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ انگ مارچ ضرورہوگا لیکن پی ڈی ایم اس کی تاریخ کا اعلان عوام اور موسم کی سہولت کو مدنظر رکھ کر کرے گی، ہم استغفے بھی دیں گے اورعمران خان نے استعفی نہیں دیا تو 31 جنوری کو دیکھیں گے، عمران اگر عزت سے جانے پر راضی نہیں تو عوام کے ساتھ مل کر کچھ اور فیصلہ کریں گے۔

اس سے قبل مچھ واقعے کی مذمت کرتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ مچھ میں دہشت گردی کی قابل مذمت واردات وفاقی اور صوبائی حکومت کی سنگ دلی، بے حسی اور نا اہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے، حکومت کو نہ کام آتا ہے اور نہ  ہی زخموں پر مرحم رکھنا آتا ہے،  ایسی حکومت کو عوام پر مسلط رہنے کا کوئی حق نہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔