پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری وزارت پیٹرولیم کو ارسال

سمری میں پیٹرول کی قیمت میں 2.91 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2.63 روپے اضافے کی تجویز دی گئی ہے


ویب ڈیسک December 30, 2013
سمری میں پیٹرول کی قیمت میں 2.91 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2.63 روپے اضافے کی تجویز دی گئی ہے فوٹو: فائل

اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری وزارت پیٹرولیم کو بھجوادی تاہم شدید عوامی ردعمل کے پیش نظر حکومت کی جانب سے قیمتیں بڑھائے جانے کا امکان نہیں ہے۔

اوگرا کی جانب سے وزارت پیٹرولیم کو بھجوائی گئی سمری میں پیٹرول کی قیمت میں آئندہ ماہ سے 2 روپے 91 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 63 پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت میں ایک روپے 38 پیسے، ایچ او بی سی کی قیمت میں 3 روپے 60 پیسے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے 80 پیسے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ عوامی ردعمل کے پیش نظر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان نہیں اور حکومت کی جانب سے یہ بوجھ خود برداشت کئے جانے کی توقع ہے تاہم اس سے متعلق کوئی بھی حتمی فیصلہ وزیر اعظم نواز شریف کریں گے۔

واضح رہے کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں پیٹرول مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود پاکستان میں قیمتوں میں ہر ماہ اضافے کا رجحان برقرار ہے اور موجودہ حکومت کے دور میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اب تک 10 روپے سے زائد کا اضافہ ہوچکا ہے۔

مقبول خبریں