بالی ووڈ کے مشہور فیشن ڈیزائنر نے جنس تبدیل کرالی

ویب ڈیسک  بدھ 6 جنوری 2021
بچپن سے ہی خود کو لڑکی تصور کرتا تھا، فیشن ڈیزائنر (فوٹو: فائل)

بچپن سے ہی خود کو لڑکی تصور کرتا تھا، فیشن ڈیزائنر (فوٹو: فائل)

نئی دہلی: بالی ووڈ کے مشہور فیشن ڈیزائنر سواپنل شنڈے نے اپنی جنس تبدیل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں سائشا شنڈے کے نام سے پکارا جائے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر معروف فیشن ڈیزائنر سواپنل شنڈے نے ایک پوسٹ میں اپنی جنس تبدیل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اپنی ایک تصویر بھی شیئر کی جس میں وہ خواتین کا لباس پہنے اور میک اپ کیے ہوئے ہیں۔

اپنی پوسٹ میں معروف فیشن ڈیزائنر نے بچپن کی تلخ یادوں اور کشمکش سے بھرے وقت کا ذکر کرتے ہوئے لکھا کہ میرے لیے اصل حقیقت کو تسلیم کرنا کبھی آسان نہیں رہا تھا۔ اپنی شناخت کے حوالے سے ہمیشہ الجھن اور ذہنی انتشار کا شکار رہا۔

سواپنل شینڈے نے مزید لکھا کہ بالآخر مجھے سچائی کو تسلیم کرنے کی ہمت ملی اور میں نے سب سے اہم فیصلہ لے لیا۔ میں نے خود کو ویسا قبول کرلیا ہے جیسا میں خود کو سمجھتا ہوں یعنی ایک لڑکی کے روپ میں اور اب مجھے سائشا شینڈے کہلوانا پسند ہے۔

فیشن ڈیزائنر نے لکھا واضح طور پر بتادینا چاہتا ہوں کہ میں ہم جنس پرست نہیں ہوں۔ مجھے اس میں دلچسپی نہیں البتہ میں ایک ٹرانس وومن ہوں اور مجھے اسی روپ میں تسلیم کیا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔