بھارت اندرونی مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے پاکستان کیخلاف گھٹیا پروپیگنڈا کررہا ہے، دفتر خارجہ

ویب ڈیسک  جمعرات 7 جنوری 2021
ہم بھارت کے جھوٹ کا جواب سچ سے دیں گے، ترجمان دفتر خارجہ فوٹو: فائل

ہم بھارت کے جھوٹ کا جواب سچ سے دیں گے، ترجمان دفتر خارجہ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا ہے کہ بھارت اندرونی انتشار سے توجہ ہٹانے کے لیے خطے میں بدامنی پھیلارہا ہے۔

دفتر خارجہ اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ بھارت اندرونی انتشار سے توجہ ہٹانے کے لیے خطے میں بدامنی پھیلارہا ہے، بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو جیل بنادیا ہے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کررہا ہے، بھارتی افواج کشمیریوں کی نسل کشی میں مصروف ہیں، بھارت نے دسمبر میں 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا، پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت تک ان کی حمایت جاری رکھے گا، پاکستان بھارت سے مقبوضہ کشمیر کے رہنماوَں کی رہائی کا مطالبہ کرتا ہے، وزیراعظم عمران خان کشمیریوں کی آواز ہر فارم پر اٹھاتے ہیں، ہر بارعالمی برادری سے بھارتی مظالم کا نوٹس لینے کا مطالبہ دہراتے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ کرک میں مندر گرانے والوں کے خلاف وری ایف آئی آر درج کی گئی، سرکار اس ایف آئی آر میں مدعی ہے جس سے اس کی اقلیتوں کے حوالے سے پالیسی کی عکاسی ہوتی ہے، بھارت اندرونی تناؤ کم کرنے کے لئے پاکستان کے خلاف گھٹیا پروپیگنڈا کرتا رہتا ہے، بھارت خود بطور ریاست اپنی اقلیتوں سے امتیازی سلوک کررہا ہے، وہ اس حیثیت میں نہیں کہ کسی جگہ کسی پر بات کر سکے۔

زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردوں کی مالی معاونت، تربیت، منصوبہ بندی اور آپریشنز میں معاونت فراہم کر رہا ہے لیکن پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے ادارے بھارتی تخریب کاری کا جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔ ہم بھارت کے جھوٹ کا جواب سچ سے دیں گے، بھارتی ڈس انفارمیشن کا جواب دنیا کو سچ بتا کر دیں گے، بھارت کے جنگی جنون کا جواب پاکستان اپنی امن کی خواہش سے دے گا تاہم کسی بھارتی مہم جوئی کا جواب پاکستان بھرپور قوت سے دے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بیٹھنا اس کی انسانی حقوق کی خلاف وزریوں اور اقلیتوں کے حقوق کی خلاف ورزیوں کے تناظر میں مضحکہ خیز ہوگا، پراعتماد ہیں کہ سلامتی کے دیگر مستقل اراکین بھارت کو غیر مستقل نشست پر نہیں بیٹھنے دیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔