پاکستانی نژاد امریکی خاتون کا بھارتی اداکار سیزان خان پر دھوکا دہی کا الزام

ویب ڈیسک  جمعرات 7 جنوری 2021
بھارتی اداکار نے گرین کارڈ حاصل کرنے کے لیے مجھ سے شادی کی اور اب علیحدگی کیلیے درخواست دائر کردی، متاثرہ خاتون (فوٹو: فائل)

بھارتی اداکار نے گرین کارڈ حاصل کرنے کے لیے مجھ سے شادی کی اور اب علیحدگی کیلیے درخواست دائر کردی، متاثرہ خاتون (فوٹو: فائل)

 ممبئی: پاکستانی نژاد امریکی خاتون نے الزام عائد کیا ہے کہ بھارتی اداکار سیزان خان نے گرین کارڈ حاصل کرنے کے لیے اس سے علیحدگی اختیار کرلی۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق عائشہ پیرانی نے اپنے بیان میں کہا کہ میں پاکستانی نژاد امریکی شہری ہوں، میری شادی بھارتی شہری سے ہوئی تھی جو ممبئی میں رہتے ہیں، میں اکثر امریکا سے ممبئی جاتی رہتی تھی جہاں میری بھارتی اداکار سیزان خان سے ملاقات ہوئی۔

میرے اپنے پہلے شوہر کے ساتھ  کچھ ذاتی مسٔلے تھے جس کی وجہ سے میں نے اُن سے طلاق لی، اس دوران سیزین میرے لیے ہمدردی ظاہر کرنے لگے کچھ عرصے بعد ہم لوگ امریکا منتقل ہو گئے جہاں ہم نے اپریل 2015ء میں شادی کرلی۔

عائشہ نے یہ بھی بتایا کہ سیزان خان نے اپنی فیملی کو ہماری شادی سے متعلق نہیں بتایا اور مجھے یہ کہا کہ گھر والے روایتی سوچ کے مالک ہیں وہ یہ شادی قبول نہیں کریں گی جس پر میں خاموش ہوگئی لیکن شادی کے کچھ سال بعد اُس کا حقیقی چہرہ تب سامنے آیا جب اس کی پہلی شادی کی بات سامنے آئی۔

عائشہ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ اگر وہ 50 سے زائد بار بھی شادی کرتے تو مجھے اس کی پروا نہیں ہوتی لیکن سیزان نے اپنی پہلی شادی مجھ سے چھپائی، پھر علم ہوا کہ گرین کارڈ حاصل کرنے کے چکر میں اس نے مجھ سے شادی کی اور اس دوران وہ میرے پیسے استعمال کرتا رہا اور جب گرین کارڈ مل گیا تو اس نے طلاق کے لیے درخواست دائر کردی۔

دوسری جانب سیزان خان نے عائشہ پیرانی کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا اور کہا کہ میں نے عائشہ نامی کسی خاتون سے شادی نہیں کی یہ محض ایک جنونی پرستار کی شرارت ہے اور میرے ذریعے توجہ حاصل کرنے کی ایک کوشش ہے۔

دوسری جانب عائشہ پیرانی نے اپنی اور سیزان کی شادی سے متعلق تمام تر دستاویزات میڈیا کے سامنے پیش کردیں جس میں باقاعدہ طور پر دونوں افراد کی شادی کی تفصیلات لکھی ہوئی ہیں۔

ان تصاویر پر سیزان نے بوکھلاہٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے قبول کیا کہ وہ عائشہ کو جانتے ہیں کیوں کہ وہ میری دوست کی اہلیہ کی بہن ہیں جوکہ پاکستان میں رہتی ہیں لیکن مجھے شادی سے متعلق دستاویزات اور تصاویر کا علم نہیں۔

واضح رہے کہ اداکار سیزان خان اسٹار پلس کے مشہور ڈرامہ سیریل ’’کسوٹی زندگی میں‘‘ انوراگ باسو کا مشہور کردار ادا کر چکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔