وزیر خارجہ شاہ محمود کا سعودی اور قطری ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ

ویب ڈیسک  جمعـء 8 جنوری 2021
وزرائے خارجہ کے مابین دو طرفہ تعلقات ،جی سی سی ممالک کے مابین تنازعات کے حل کے لیے کی جانے والی سفارتی کاوشوں سمیت باہمی دل چسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا(ٖفوٹو، فائل)

وزرائے خارجہ کے مابین دو طرفہ تعلقات ،جی سی سی ممالک کے مابین تنازعات کے حل کے لیے کی جانے والی سفارتی کاوشوں سمیت باہمی دل چسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا(ٖفوٹو، فائل)

 اسلام آباد: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود اور قطری وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمان الثانی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے.

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے قطر اور خلیجی ممالک کے مابین تنازعات کے حل کیلئے سعودی عرب کے مثبت کردار کو سراہا وزیر خارجہ نے اپنے سعودی ہم منصب کو، کرونا وبا کے باوجود،جی سی سی سمٹ 2021 کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی۔

وزیر خارجہ نے جی سی سی کی ممبران خلیجی ریاستوں کی جانب سے باہمی دیرینہ تنازعات کے حل کے لیے آمادگی اور مثبت رویے کو سراہتے ہوئے، اسے خلیجی خطے میں امن و استحکام کے لیے نیک شگون قرار دیا. دونوں وزرائے خارجہ نے بین الاقوامی سطح پر دو طرفہ تعاون کے فروغ اور باہمی دل چسپی کے امور پر مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کے حوالے سے مختلف پہلوؤں پر مشاورت کی۔

وزیر خارجہ نے نیامے میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 47ویں اجلاس کے موقعے پر مسئلہ کشمیر اور اسلامو فوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خلاف قراردادوں پر سعودی عرب کی حمایت پر سعودی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا. دونوں وزرائے خارجہ کا اہم علاقائی و عالمی امور پر باہمی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سعودی وزیر خارجہ کی پاکستان آمد کے منتظر ہیں. وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور قطر کے وزیرِ خارجہ محمد بن عبدالرحمان ال تھانی کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔ دونوں وزرائے خارجہ کے مابین دو طرفہ تعلقات اور خلیجی ممالک کے مابین تنازعات کے حل کے لیے کی جانے والی سفارتی کاوشوں کے حوالے سے تبادلۂ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ نے خلیجی ممالک کے باہمی تنازعات کے حل کیلئے خلیجی ریاستوں کی جانب سے مثبت ردعمل اور العلاء سعودی عرب میں جی سی سی کے کامیاب اجلاس پر قطری ہم منصب کو مبارک باد دی، توقع ہے کہ جی سی سی سمٹ 2021 کے کامیاب انعقاد کے بعد  خلیجی ممالک کے مابین اعتماد اور تعاون کی فضا کو فروغ ملے گا اور خطے میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئے گی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان تمام خلیجی ممالک سے اچھے تعلقات کا خواہاں ہے. دونوں وزرائے خارجہ کے مابین پاکستان اور قطر کے مابین کثیرا لجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ ء خیال کیا گیا

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔