نیو ایئر نائٹ ساحل سمندر جانیوالی شاہراہیں بند،ٹریفک کے متبادل راستوں کا اعلان

اسٹاف رپورٹر  منگل 31 دسمبر 2013
صرف چھوٹی گاڑیوں کو جناح پل سے ایم ٹی خان روڈ ، پی آئی ڈی سی چوک ، کلب چوک ، آواری ہوٹل اور شارع فیصل جانے کی اجازت ہوگی۔فوٹو:فائل

صرف چھوٹی گاڑیوں کو جناح پل سے ایم ٹی خان روڈ ، پی آئی ڈی سی چوک ، کلب چوک ، آواری ہوٹل اور شارع فیصل جانے کی اجازت ہوگی۔فوٹو:فائل

کراچی: سندھ پولیس نے نیو ایئر نائٹ کے موقع پر سخت حفاظتی انتظامات کرلیے، ٹریفک پولیس نے بھی متبادل راستوں کا اعلان کیا ہے ، نیوایئرنائٹ کے موقع پر ساحل سمندر جانے والے راستے بند رہیں گے جبکہ ڈیفنس کے رہائشی افراد کو شناختی کارڈ ہمراہ رکھنے کا حکم دیا گیا ہے ، شناختی کارڈ چیک کرنے کے بعد ہی انھیں ڈیفنس میں داخل ہونے دیا جائے گا ، بغیر سائلنسر موٹر سائیکل چلانے والوں کو بھی گرفتار کرلیا جائے گا ۔

تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس نے نیو ایئر نائٹ کے موقع پر شہر بھر میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت ترین انتظامات کرلیے ، آئی جی سندھ شاہد ندیم بلوچ نے پولیس حکام کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ نیو ایئر نائٹ کے موقع پر شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں ، ون وہیلنگ اور بغیر سائلنسر موٹر سائیکل پر پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے ، ساحل سمندر جانے والے تمام راستوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی جائے ، ہلڑ بازی کرنے والوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے ، علاوہ ازیں ایڈیشنل آئی جی ٹریفک سندھ غلام قادر تھیبو کی ہدایات پر ٹریفک پولیس نے بھی نیو ایئر نائٹ کے موقع پر ٹریفک کے متبادل روٹس کا اعلان کردیا ، ٹریفک پولیس حکام کے مطابق کورنگی روڈ پر اختر کالونی سگنل ، ایکسپریس وے اور کورنگی سے آنے والے ٹریفک کو خیابان اتحاد سے ساحل سمندر کی جانب جانے کی اجازت نہیں ہوگی ، مذکورہ ٹریفک کو کورنگی روڈ ، شارع فیصل ، ریجنٹ چوک ، کلب چوک ، تین تلور چورنگی ، دو تلوار چورنگی اور دیگر راستوں کی جانب موڑ دیا جائے گا تاکہ وہ اپنی منزل مقصود کو پہنچ سکیں ۔

اسی طرح سب میرین چورنگی اور مائی کلاچی روڈ بھی عام ٹریفک کے لیے بند ہوگی ، امریکی قونصلیٹ کے قریب کے پی ٹی پل سے سڑک 9 بجے بند کردی جائے گی ، تاہم بوٹ بیسن سے جناح پل پر گاڑیوں کو جانے کی اجازت ہوگی ، بوٹ بیسن سے بلاول چورنگی جانے والی سڑک جبکہ بلاول چورنگی سے ہیلی پیڈ جانے والے راستے بھی مکمل طور پر بند ہوں گے ، ماڑی پور روڈ سے مائی کلاچی روڈ پر آنے والے ہیوی ٹریفک کو بھی جناح پل سے حب ریور روڈ اور شارع پاکستان کی جانب موڑ دیا جائے گا ۔

صرف چھوٹی گاڑیوں کو جناح پل سے ایم ٹی خان روڈ ، پی آئی ڈی سی چوک ، کلب چوک ، آواری ہوٹل اور شارع فیصل جانے کی اجازت ہوگی ، کورنگی صنعتی ایریا سے نکلنے والے ہیوی ٹریفک کو نیشنل ہائی وے اور ناردرن بائی پاس کی جانب موڑ دیا جائے گا ، سن سیٹ بلیووارڈ سے پنجاب چورنگی تک سڑک بھی مکمل طور پر بند رہے گی ۔

ٹریفک پولیس حکام کے مطابق شارع فیصل ، عبداللہ ہارون روڈ ، ڈاکٹر ضیا الدین احمد روڈ ، مائی کلاچی روڈ ، کورنگی روڈ اور ایم ٹی خان روڈ پر پارکنگ قطعی طور پر ممنوع ہوگی ، حکام کا کہنا ہے کہ بغیر سائلنسر موٹر سائیکل چلانے والوں کو بھی پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا جائے گا ، شہری خلاف ورزی نہ کریں ، ٹریفک پولیس حکام نے ڈیفنس کے رہائشی افراد کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس موقع پر اپنے شناختی کارڈ ہمراہ رکھیں ، ان کے شناختی کارڈ دیکھنے کے بعد ہی انھیں ڈیفنس میں داخلے کی اجازت دی جائے گی ، دوسری جانب نارتھ ناظم ااباد ، گلبرگ ، لیاقت آباد ، گلشن اقبال اور نیو کراچی سے ڈیفنس آنے والے ایم اے جناح روڈ گارڈ روڈ ، زیب النسا اسٹریٹ ، آواری سگنل ، کلب چوک اور تین تلوار چورنگی کے راستے استعمال کرسکیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔