ہزارہ برادری کے قتل میں بین الاقوامی مافیا ملوث ہے، وزیر داخلہ

نمائندہ ایکسپریس  جمعـء 8 جنوری 2021
عمران خان چاہتے ہیں تدفین کے بعد جائین تاکے کھل کر بات چیت ہوسکے، شیخ رشید۔ فوٹو:فائل

عمران خان چاہتے ہیں تدفین کے بعد جائین تاکے کھل کر بات چیت ہوسکے، شیخ رشید۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ہزارہ کمیونٹی کے قتل میں انٹرنیشنل مافیا ملوث ہے، ہم نے چار ایسے گرہوں کو پکڑا جو شیعہ سنی کے درمیان لڑائی کروانا چاہتے تھے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ  شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان میں دہشت گردی کی نئی لہر ہے، پشاور، لاہور، کراچی اور کوئٹہ میں دہشت گردی کی اطلاعات ہیں، ہم نے سرگودھا اسلام آباد اور کراچی سے دہشت پکڑے ہیں،  ہم نے چار ایسے گرہوں کو پکڑا جو شیعہ سنی کے درمیان لڑائی کروانا چاہتے تھے، جب کہ ہزارہ کمیونٹی کے قتل میں انٹرنیشنل مافیا ملوث ہے۔

وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم ہزارہ برادری کے ہمدردی رکھتے ہیں، کوئٹہ کا واقعہ ہوا تو اگلے دن وزیر اعظم کی ہدایت پر وہاں پہنچ گیا، ہمارے وزا بھی کوئٹہ میں موجود ہیں، جو افغانی شہید ہوئے ہیں ان اہل خانہ کے ساتھ ہمدردی ہے، ایف سی کو ہدایات جاری کی ہیں  میتیں سب کی سانجھی ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ ہم نے تمام مطالبات تسلیم کرلیے ہیں، کچھ  لوگ اس المناک حادثے پر بھی سیاست کررہے ہیں، سیاست کے لیے بڑا وقت ہے یہ وقت سیاست کا نہیں، ملک میں اور بھی مسائل ہیں، ذولفی بخاری اور علی زیدی کوئٹہ میں ہیں امید ہے معاملہ حل ہوجائے گا، جیسے ہی تدفین ہو وزیر اعظم جانے کے تیار ہیں، عمران خان چاہتے ہیں تدفین کے بعد جائین تاکے کھل کر بات چیت ہوسکے۔

وزیرداخلہ کا پولیس اکیڈمی میں خطاب

اس سے قبل  اسلام آباد کی پولیس اکیڈمی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے  وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد سے ساری چیک پوسٹس ختم کیں، 6 وارداتوں میں سے 4 کے ملزمان پکڑلئے، ویزے آن لائن کرکے کرپشن ختم کر دی، ایگزٹ کا ویزہ بھی آن لائن کر رہے ہیں، ایف آئی اے اور نادرا کو بھی ٹھیک کریں گے۔

شیخ رشید نے کہا کہ 19 جنوری کو اپوزیشن الیکشن کمیشن کے سامنے آ رہی ہے،فارن فنڈنگ میں پی پی اور (ن) لیگ کے دستخط نہیں ہیں، اگلے تین ماہ سیاست میں بہت اہم ہوں گے،  پی ڈی ایم اے کے جلسے ناکام ہورہے ہیں۔

وفاقی وزیرکا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کسی بھی وقت کوئٹہ جا سکتے ہیں، ہماری رائے سے پہلے ہی وزیراعظم کوئٹہ جانے کا فیصلہ کر چکے ہیں، حملے میں جو افغان شہید ہوئے ان کے لواحقین کو بھی پیسے دینا چاہتا ہوں۔،شیخ رشید نے واضح کیا کہ آئی جی اسلام آباد کو اسامہ ستی کے حساس معاملہ پر ہٹایا، ایف آئی اے کے افسران کو بھی تبدیل کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔